امریکی حملے کی دھمکیوں سےجہاں ماحول گرمایا ہوا ہے وہیںوینزویلا کے صدر مادورو نے ہلکا پھلکا ڈانس کرکے عوام کا دل بہلانے کی کوشش کی۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورورقص کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
جنوبی امریکی ملک وینزویلا پر ایک جانب امریکہ حملے کیلئے بالکل تیار ہے، دوسری طرف اس کے صدر مادورو رقص سے اپنا اور شہریوں کا دل بہلا رہے ہیں، اس سلسلے میں ان کا ایک ’امن ڈانس‘ وائرل ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایک ریلی میں اپنی تقریر کے ریمکس پر رقص کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ امریکہ میں طلبہ سے رابطے پیدا کر کے انہیں امریکی حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے راغب کریں کہ جنگ کی بجائے بات چیت اور امن کا راستہ اختیار کیا جائے۔
رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ مادورو کی حکومت کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیاں شروع کرنے کیلئے بالکل تیار ہے، تاہم یہ حملے کب کیے جائیں گے ابھی اس کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
امریکہ اور وینزویلاکے مابین تعلقات بگڑتے جا رہے ہیں، ایسے میں امریکی فوج نے کیریبین میں فوجیں تعینات کر دی ہیں جس کے بعد حالیہ ہفتوں میں کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکہ میں منشیات کے سیلاب کو روکنے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے امریکی طاقت کے ہر عنصر کو استعمال کرنے کیلئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ وینزویلا سے منشیات کی امریکہ میں اسمگلنگ میں صدر مادورو کا کردار بھی شامل ہے، جب کہ مادورو ان الزامات اور منشیات کی غیر قانونی تجارت سے کسی بھی تعلق کی تردید کر چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زیر غور امریکی آپشنز میں مادورو کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش بھی شامل ہے۔