اپوزیشن پارٹیوں نے ووٹنگ سے قبل واک آئوٹ کیا لیکن اے آئی ڈی ایم کے کے ۲۵؍ اراکین نے ووٹنگ سے دور رہنے کی ہدایت کے باوجود وجے کی حمایت کی
EPAPER
Updated: May 14, 2026, 6:25 AM IST | Chennai
اپوزیشن پارٹیوں نے ووٹنگ سے قبل واک آئوٹ کیا لیکن اے آئی ڈی ایم کے کے ۲۵؍ اراکین نے ووٹنگ سے دور رہنے کی ہدایت کے باوجود وجے کی حمایت کی
تمل ناڈو کے نومنتخب وزیر اعلیٰ وجے نے اسمبلی میں اکثریت حاصل کرلی ہے۔وجے حکومت کو فلور ٹیسٹ میں۱۴۴؍ اراکین کی حمایت حاصل ہوئی جبکہ اپوزیشن کی مختلف پارٹیوں نے فلور ٹیسٹ کیلئے ووٹنگ شروع ہونے سے قبل ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ٹی وی کے کی زیر قیادت مخلوط حکومت نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔واضح رہے کہ ۲۳۴؍ رکنی تمل ناڈو اسمبلی میں ٹی وی کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہےلیکن اس کے پاس اپنے دَم پر اکثریت کا ہندسہ نہیں تھا۔ کانگریس، سی پی آئی، سی پی ایم ، وی سی کے، انڈین یونین مسلم لیگ اور کچھ آزاد اور چھوٹی پارٹیوں کی حمایت سے وجے نے حکومت بنائی ہے۔
دریں اثناءاسمبلی کی کارروائی شروع ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ وجے نے تحریک اعتماد پیش کی۔ بحث کے دوران اقتدار میں شامل اتحادی پارٹیوں نے حکومت کی حمایت میں اپنی بات رکھی جبکہ اپوزیشن نے کئی معاملات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ رپورٹس کے مطابق اعتماد کی ووٹنگ کے دوران ۲۲؍اراکین نے تحریک کے خلاف ووٹ دیا جبکہ ۵؍ ارکین اسمبلی غیر جانبدار رہے۔
اس فلور ٹیسٹ نے آل انڈیا انّا دراوڑ منیترا کژگم (اے آئی اے ڈی ایم کے) کے خیمے میں واضح دراڑیں بھی بے نقاب کر دیں۔ پارٹی قیادت کی جانب سے اراکین کو ووٹنگ سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود اے آئی اے ڈی ایم کے کے ۲۵؍ اراکین اسمبلی نے وجے حکومت کے حق میں ووٹ دیا، جو پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئےاختلافات کی علامت ہے۔ اس ووٹنگ کے دوران دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) نے اپنے ۵۹؍اراکین اسمبلی کے ساتھ واک آؤٹ کردیا جس سے اسمبلی کے اندر سیاسی ڈرامہ مزید شدت اختیار کر گیا تھا لیکن اس کی وجہ سے وجے کے لئے راستہ مزید آسان ہو گیا ۔
اکثریت کا عدد آسانی سے حاصل کرلینے کےبعد وجے نے میڈیا سے خطاب میں واضح طور پر کہا کہ وہ اپنی پارٹی کی پالیسیوں اور عوام کے فائدہ والے فیصلوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نےآنے والے دنوں میںتمل ناڈو کے عوام کے لئے مزید بہتر فیصلے کرنے اور پارٹی کی تمام پالیسیوں کا نفاذ کرنے کا یقین دلایا۔