Updated: May 11, 2026, 8:13 PM IST
| Chennai
رپورٹس کے مطابق، بلاک کرنے کیلئے نشان زد زیادہ تر اکاؤنٹس سابق حکمران پارٹی ’دراوِڈ منیترا کزگم‘ (ڈی ایم کے) کے حامیوں سے منسلک تھے جنہوں نے ریاست کے نو منتخب وزیر اعلیٰ وجے کی پارٹی ’تاملگا ویٹری کزگم‘ (ٹی وی کے) اور تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے دفتر کو نشانہ بناتے ہوئے ویڈیوز، تبصرے اور تنقید پوسٹ کی تھی۔
تمل ناڈو پولیس کے سائبر کرائم ونگ نے جمعہ کے دن سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی مالک کمپنی ’ایکس کارپ‘ کو ایک نوٹس جاری کرکے پلیٹ فارم سے ۲۰ سے زائد اکاؤنٹس کو معطل اور بلاک کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان اکاؤنٹس پر مبینہ طور پر ”اشتعال انگیز اور سیاسی طور پر حساس تبصروں“ پر مبنی پوسٹس شیئر کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ یہ نوٹس آئی ٹی ایکٹ ۲۰۰۰ء کی دفعہ ۷۹(۳)(ب)، آئی ٹی قوانین ۲۰۲۱ء کے قانون ۳(۱)(د) کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اس میں بھارتیہ نیاۓ سنہیتا کی دفعہ ۱۸۹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
پولیس نوٹس کے مطابق، نشان زد پوسٹس ”عوامی بے چینی پیدا کرنے، امنِ عامہ کو خراب کرنے اور غیر قانونی اجتماعات کی حوصلہ افزائی“ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکام نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ پوسٹس امن و امان پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر جانی نقصان اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔ پولیس نے ایکس کو ہدایت دی ہے کہ وہ نشان زد اکاؤنٹس اور لنکس تک ”رسائی کو فوری طور پر ختم یا بلاک“ کرے اور اسی طرح کے مواد کی مزید گردش کو روکنے کیلئے ”پیشگی اقدامات“ کرے۔
یہ بھی پڑھئے: ورک فرام ہوم اپیل پر کارتی چدمبرم نے مودی سے پارلیمنٹ کے اجلاس کا مطالبہ کیا
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ تعمیل نہ کرنے کی صورت میں ایکس، آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ ۷۹(۱) کے تحت حاصل ’انٹرمیڈیری لائیبلٹی‘ (ثالثی ذمہ داری) کے تحفظات سے محروم ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں پلیٹ فارم کو ملکی قانون کے تحت ممکنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ حکام نے تین گھنٹے کے اندر تعمیل کی رپورٹ بھی طلب کی اور اس معاملے کو ”انتہائی تشویشناک“ قرار دیا جس میں عوامی نظم و ضبط اور سیاسی استحکام کو متاثر کرنے والا غیر قانونی آن لائن مواد شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق، نشانہ بنائے گئے زیادہ تر اکاؤنٹس سابق حکمران پارٹی ’دراوِڈ منیترا کزگم‘ (ڈی ایم کے) کے حامیوں سے منسلک تھے جنہوں نے ریاست کے نو منتخب وزیر اعلیٰ وجے کی پارٹی ’تاملگا ویٹری کزگم‘ (ٹی وی کے) اور تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کے دفتر کو نشانہ بناتے ہوئے ویڈیوز، تبصرے اور تنقید پوسٹ کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: تمل ناڈو میں سیکولر اورسماجی انصاف کےنئے دور کا آغاز
ایکس صارف مری داس نے الزام لگایا کہ ایک ”روٹ مافیا“ پولیس اور عدالت کی حمایت یافتہ کارروائی کے ذریعے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو نشانہ بنا کر اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”لیکن میرا جواب ہے: `جو کرسکتے ہو کر لو`۔“ ایک اور صارف، کووائی نتھیا نے حکام پر الزام لگایا کہ وہ کارروائی کا مطالبہ کرنے والے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ بیرونِ ملک سے مبینہ طور پر افواہیں پھیلانے والے افراد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اسے ”روٹ مافیا اسکرین پلے“ قرار دیتے ہوئے، صارف نے ایم کے اسٹالن، ادھایاندھی اسٹالن اور ڈی ایم کے کی آئی ٹی ونگ کو ٹیگ کیا۔