Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایوان میں آواز نہ اٹھانے پر وجے وڈیٹیوار سے باز پرس

Updated: July 17, 2025, 11:39 PM IST | Mumbai

جس دن پبلک سیفٹی بل پیش ہوا وڈیٹیوار ایوان سے غائب تھے ، کانگریس نے نوٹس جاری کیا، وڈیٹوار نے کہا ’’ مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا‘‘

Missing the opportunity?: Vijay Wadetiwar (front) and other key leaders (file photo)
موقع سے غائب؟: وجے وڈیٹیوار (سب سے آگے) اور دیگر اہم لیڈران (فائل فوٹو)

حال ہی میں مہاراشٹر اسمبلی میں پبلک سیفٹی بل منظور کیا گیا ہے جسے آزادیٔ اظہار کو سلب کرنے کا  سرکاری اوزار قرار دیا جا رہا ہے۔ حیران کن طور پر اسمبلی میں اس بل کو پیش کیا گیا تو کانگریس کی جانب سے کوئی مخالفت نہیں کی گئی۔ بلکہ مبینہ طور پر کانگریس کے لیجسلیٹو لیڈر  وجے وڈیٹیوار اس وقت ایوان  سے غائب تھے۔  اب پارٹی نے اس تعلق  سے نوٹس لیا ہے اور وجے وڈیٹیوار سے باز پرس کی ہے۔ 
  ذرائع کے مطابق کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے وجے وڈیٹیوار کو ایک خط لکھا ہے اور سوال کیا ہے کہ کانگریس کی مخالفت کا سامنا کئے بغیر پبلک سیفٹی بل اسمبلی میں کیسے منظور ہو گیا؟  ذرائع کا کہنا ہے کہ سپکال نے یہ خط پارٹی کی اعلیٰ کمان کی جانب سے ملی ہدایت کے بعد لکھا ہے۔   یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے  مہاراشٹر اسمبلی کے دونوں ایوانوں ودھان سبھا اور ودھان پریشد میں پبلک سیفٹی بل پیش کیا گیا اور اسے منظور بھی کر لیا گیا۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نئے قانون کو بائیں بازو کے نظریات والی تنظیموں پر قدغن لگانے اور اربن نکسلیوں پر نظر رکھنے کیلئے لایا گیا ہے۔  اگر اس قانون کے تحت کوئی مجرم پایا گیا تو اس پر ایک خطیر جرمانہ اور ۷؍ سال تک کی جیل ہو سکتی ہے۔ سماجی تنظیمیں اور اپوزیشن اس قانون کی سخت مخالفت کر رہی ہیں۔ 
  اطلاع کے مطابق ۱۰؍ جولائی کو جب اس بل کو اسمبلی کے زیریں ایوان (ودھان سبھا) میں پیش کیا گیا تو تمام اراکین کو بل کی ایک کاپی مطالعہ کیلئے دی گئی لیکن اس وقت کانگریس کے لیجسلیٹیو لیڈر  ایوان سے  غائب تھے۔    دوسرے دن ایوان بالا (ودھان پریشد) میں جب اس بل کو پیش کیا گیا تو کانگریس اراکین نےا س کی مخالفت کی اور ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا اس لئے ہوا کہ پہلے دن  ودھان سبھا میں کانگریس کی جانب سے کوئی  مخالفت نظر نہ آنے پر اعلیٰ کمان نے ودھان پریشد کے کانگریس اراکین کو سخت ہدایت دیں کہ وہ ایوان بالا میں اس کی مخالفت کریں۔  حالانکہ مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینی تھیلا نے ۳۰؍ جون کو جب اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی تو دونوں ایوانوں میں  اس بل کی مخالفت کی ہدایت دی تھی۔  لیکن ودھان سبھا میں صرف سی پی آئی ( ایم) کے رکن اسمبلی نے اس بل کی مخالفت کی۔ 
 کانگریس اراکین پس وپیش میں تھے 
  اطلاع کے مطابق وجے وڈیٹیوار کے ۱۰؍ جولائی کو ایوان سے غائب ہونے کی وجہ سے کانگریس اراکین اس پس وپیش میں تھے کہ وہ کیا کریں؟ پبلک سیفٹی بل  کے خلاف آواز اٹھائیں یا  خاموش رہیں۔ وہ  ایک دوسرے سے سوال کرتے رہ گئے اور بل منظور ہو گیا۔   بل کے منظور ہونے کے بعد کانگریس اعلیٰ کمان کو ہوش آیا کہ یہ کیا ہوا؟ کانگریس کے اندروانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’چڑیا چگ گئی کھیت‘ والا معاملہ پیش آیا ہے۔ اب کسی سے باز پرس کرکے کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ جو ہونا تھا وہ ہو چکا۔ 
 مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا
  اس تعلق سے میڈیا نے جب وجے وڈیٹیوار سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’ مجھے اب تک اس طرح کا کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔ جس دن  یہ بل ایوان میں پیش کیا گیا اس دن میں چندر پور کو آپریٹیو بینک  کے الیکشن میں حصہ لینے میں چندر پور گیا تھا۔ ایوان میں کانگریس کے سینئر اراکین نانا پٹولے اور نتن رائوت موجود تھے ۔ انہوں نے اس بل کی سخت مخالفت کی تھی۔ یہ ساری باتیں ہرش وردھن سپکال کے سامنے واضح کی جائیں گی۔ ‘‘ وڈیٹیوار نے بل کے آسانی سے منظور ہوجانے کی وجہ مہایوتی کی ایوان میں مکمل اکثریت کو بتایا  جس کے سامنے  اپوزیشن  کی مخالفت کارگر ثابت نہیں ہوئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK