Inquilab Logo

’’ ہیمنت کرکرے کی موت آر ایس ایس کے وفادار افسر کی گولی سے ہوئی تھی‘‘

Updated: May 06, 2024, 10:21 AM IST | Agency | Mumbai

کانگریس لیڈر وجے ویڈٹی وار کا سنسنی خیز بیان، اُجول نکم کو بھی نشانہ بنایا، مہاراشٹر کی سیاست میں ہنگامہ، بی جےپی کا پاکستان کوکلین چٹ دینے کا الزام۔

Vijay Wadettiwar `s statement has created a stir in state politics. Photo: INN
وجے ویڈٹی وار کے بیان نے ریاست کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈر وجے ویڈٹی وار نے یہ کہہ کر ایک نئے سیاسی تنازع کو ہوا دیدی ہے کہ ممبئی حملوں  کے دوران شہید ہونےوالے سینئر آئی پی ایس افسر ہیمنت کرکر ے کی موت دہشت گردوں  کی گولی سے نہیں بلکہ ’’آر ایس ایس سے وابستہ ‘‘پولیس افسر کی گولی سے ہوئی۔ ممبئی حملوں  کے دوران جاں  بحق ہونے والے ہیمنت کرکرے اُس وقت اے ٹی ایس سربراہ تھے اور مالیگاؤں   بم دھماکوں  کی پرتیں  کھولنے نیز بھگوا دہشت گردوں  کے گروہ کو بے نقاب کرنے کی وجہ سے زعفرانی خیمہ کی شدید مخالفت کا سامنا کررہے تھے۔ 
  ۱۹۸۲ء بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیمنت کرکرے جو اُس وقت ۵۴؍ سال کے تھے، کی موت پر روز اول سے ہی سوال اٹھ رہے ہیں۔ ممبئی حملوں  کے سرکاری وکیل اُجول نکم کو بی جےپی کا ٹکٹ دیئے جانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ویڈٹی وار نے سنیچر کو کہا کہ ’’نکم نے بریانی کا معاملہ اٹھا کر کانگریس حکومت کو بدنام کیا، کیا کوئی قصاب کو بریانی کھلائےگا؟بعد میں  نکم نے خود مانا کے وہ جھوٹ بول رہے تھے، وہ کیسے وکیل ہیں، وہ غدار ہیں  جنہوں  نےکورٹ میں  بھی سچ نہیں  بولا۔ ‘‘ اس کےبعد انہوں  نے کہا کہ ’’ہیمنت کرکرے جس گولی سے مرے وہ اجمل قصاب کی بندوق سے نہیں  چلی تھی، بلکہ ایک پولیس افسر کی بندوق سے چلی تھی جو اس وقت آر ایس ایس کا وفاداتھا۔ ‘‘ کانگریس لیڈر نے سوال کیا کہ ’’اگر بی جےپی ایسے غداروں کو جنہوں  نے کورٹ سے سچ چھپایا ٹکٹ دیتی ہے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ بی جےپی غدارو ں کی حمایت کیوں  کررہی ہے؟‘‘

یہ بھی پڑھئے: مسلم ریزرویشن پر زعفرانی اتحاد میں اختلاف

ان کے اس بیان پر بی جےپی نے کانگریس پر ممبئی حملوں  کے معاملے میں  پاکستان کو کلین چٹ دے دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ بی جےپی جنرل سیکریٹری ونود تاؤڑے کے مطابق’’کانگریس اپنے اسپیشل ووٹ بینک کو خوش کرنے کیلئے کسی بھی حدتک گر سکتی ہے۔ مہاراشٹر کے سینئر اور اپوزیشن لیڈر نے پاکستان کو کلین چٹ دے کر یہ ثابت کردیا۔ ‘‘دوسری طرف اتوار کو ویڈٹی وار نے وضاحت کی کہ وہ حسن مشرف کی کتاب’’کرکرے کوکس نے مارا: ہندوستان میں  دہشت گردی کا اصل چہرہ‘‘ کا حوالہ دے رہے تھے۔ 
اُجول نکم نے ویڈٹی وار کے بیان پر کہا ہے کہ ’’کیا غیر ذمہ دارانہ باتیں  کی جارہی ہیں۔ ایسے بے بنیاد الزامات سے مجھے تکلیف ہوئی ہے، میری ایمانداری پر سوال اٹھایا جارہاہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اس سے ظا ہر ہوتا ہے کہ انتخابی سیاست کس حد تک گر چکی ہے۔ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ سیاستداں اس حدتک گرجائیں گے۔ یہ سب سیاسی مفاد کیلئے؟وہ مجھے نہیں ان ۱۶۶؍ لوگوں کی توہین کررہے ہیں جو ممبئی حملوں میں مارے گئے۔‘‘  یاد رہے کہ ہیمنت کرکرے جو مرکزی تعیناتی سے مہاراشٹر واپس آنے سے قبل ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ’ریسرچ ایند اینالائسس ونگ(راء)‘ میں خدمات انجام دے چکے تھے، نے مہاراشٹر میں بم دھماکوں کی جانچ میں بھگوا دہشت گردوں  کے گروہ کو بے نقاب کیاتھا۔   ۲۶؍ نومبر کے حملوں میں  مارے جانے سے قبل ان کی قیادت میں  اے  ٹی ایس  مالیگاؤں بم دھماکوں کا کیس حل کرچکی تھی ۔ تھانے،و اشی اور پنویل دھماکوں میں بھی بھگوا دہشت گردوں کے رول کو بھی بے نقاب کیاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK