Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگال میں  تشدد ، ۴؍ ہلاکتیں،بلڈوزر بھی نکلا

Updated: May 07, 2026, 12:20 AM IST | Kolkata

اسکول بس میں ’جے شری رام ‘ کے نعرے، تشدد کی وارداتوں میں پولیس اہلکار بھی زخمی، کارروائی کا حکم، بی جےپی نے ٹی ایم سی پر الزام تھوپا

Celebrations were held with JCBs in Kolkata`s "New Market" and some meat shops were demolished.
کولکاتا کے ’’نیو مارکیٹ‘‘ میں جے سی بی کے ساتھ جشن منایاگیا اور گوشت کی چند دکانوں کو توڑ دیاگیا

اسمبلی انتخاب کے نتائج  اور بی جےپی کی فتح کے  بعد مغربی بنگال میں بھگوا عناصر بے قابو نظر آرہے ہیں۔ریاست میں  دھمکیوں،  حملوں اور قتل کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شوبھندو ادھیکاری اور سامک بھٹاچاریہ جیسے بی جےپی لیڈروں نے  امن کی اپیل کی  ہے۔   اہم بات یہ ہے کہ تشددکا الزام بی جےپی نے مضحکہ خیز طو رپر یہ کہہ کر ٹی ایم سی پر تھوپ دیا ہے کہ اس  کے کارکن بی جےپی کے پرچم لہرا کر اور مفلر  پہن کر تشدد برپا کر رہے  ہیں۔
انتخاب  کےبعد تشدد میں ۴؍ اموات
 کولکاتا سے شائع ہونےوالے اخبار ’’ٹیلی گراف‘‘کی رپورٹ کے مطابق پیر کی رات اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد سے  پھوٹ پڑنےوالے تشدد میں ریاست میں کم از کم ۴؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔الزام ہے کہ شمالی چوبیس پرگنہ میں بی جےپی کارکن مدھومنڈل کا قتل ہوا جبکہ بیربھوم میں ٹی ایم سی حامی عبیر شیخ کو جان سے مار دیاگیا۔ مختلف علاقوں سے وقفے وقفے سے جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔  ترنمول کانگریس  کے کئی دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی یا ان پر قبضہ کر لیا گیا۔ اخبار نے اپنے قابل اعتماد ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہےکہ کولکاتا میں ایک معروف اسکول کے بس اٹینڈنٹ نے بدھ کی صبح  اسکولی طلبہ کو مبینہ طور پر’’جے شری رام‘‘کے نعرے لگانے پر مجبور کیا۔   
 تشدد سے باز آجانے کی اپیل
 شوبھندوادھیکاری، جنہوں نے بھوانی پور سے ممتا بنرجی کو شکست دی اور نندی گرام سے بھی کامیابی حاصل کی  اور جنہیں اگلے وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں سب سے آگے سمجھا جا رہا ہے، نے بدھ کو کہا کہ ’’کسی کو بھی تشدد میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ یہی بی جے پی اور ترنمول کے درمیان فرق ہے۔  ہر شخص کو اپنی سیاسی سوچ پر عمل کرنے کا حق ہے۔ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔‘‘بنگال بی جے پی صدر سامک بھٹاچاریہ نے بھی خبردار کیا کہ تشدد میں ملوث پارٹی کارکنوں کو معطل کر دیا جائے گا۔ وہ منگل کو کہہ چکے ہیں کہ ’’ہم بنگال میں سیاسی تشدد کی  روایت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔‘‘
 ٹی ایم سی لیڈروں  اور کارکنوں پر حملے
  ٹی ایم سی لیڈر اور ممتاحکومت میں پارلیمانی امور کے وزیر شوبھندیب چٹوپادھیائے کو منگل کی دیر رات کولکاتا کے بھوانی پور میں ان کی رہائش گاہ پر  بی جے پی کے مبینہ حامیوں نے گالیاں دیں اور دھمکیاں دیں۔ شوبھندیب نے ا لزام لگایا کہ’’۱۰؍افراد کا ایک گروپ میرے گھر آیا اور مجھے گالیاں دینے لگا ۔اس نے مجھے گھر سے باہر نکلنے پر قتل کی دھمکی دی۔ ‘‘شمالی ۲۴؍پرگنہ میں  ۲؍ گروپوں کے درمیان فائرنگ میں ۲؍ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے بنگال کے چیف الیکٹورل افسر منوج کمار اگروال  اور پولیس کے اعلیٰ حکام کو تشدد میں ملوث افراد کو فوراً گرفتارکرنے کی ہدایت دی  ہے ۔
 کولکاتا کے بازار میں بلڈوزر
 ٹی ایم سی کا الزام ہےکہ الیکشن میں جیت کے نشے میں چور بی  جےپی کارکنوں  نے  بلڈوزر کے ساتھ جشن منایا اور اس دوران کولکاتا کے’’نیو مارکیٹ‘‘ علاقے میں گوشت کی کچھ دکانیں توڑ دیں۔ ٹی ایم سی کا الزام ہے کہ بنگال بھر میں  بی جےپی کارکنوں کی غنڈہ گردی پر مرکزی فوجی دستے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ 
پولیس سربراہ کا انتباہ
  کولکاتا کے پولیس کمشنر اجے نند نے واضح  کیا ہے کہ ’’جے سی بی یا بلڈوزر جیسے آلات کے ساتھ کسی قسم کی ریلی کی اجازت نہیں  ہے۔‘‘ پولیس چیف نے کہا کہ اگر جے سی بی مالکان اپنی گاڑیاں اس مقصد کیلئے کرائے پر دیں گے تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے ’نیو مارکیٹ‘ کے  واقعہ کے تعلق سے کچھ نہیں کہا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK