Inquilab Logo

لکھیم پور کھیری تشدد کے خلاف یوپی اسمبلی میں شدید احتجاج

Updated: December 16, 2021, 8:51 AM IST | hasan ibrahim | Lucknow

مرکزی وزیر اجے مشرا ’ٹینی‘ کو برخاست کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کے اراکین نے ایوان کے اندر صدائے احتجاج بلند کی اور باہر دھرنا دیا، مہنگائی پر بھی حکومت کو گھیرا

Opposition members in Lucknow sit on a sit-in outside the House on the first day of the Assembly session.
لکھنؤ میں  اپوزیشن کے اراکین ، اسمبلی کی کارروائی کے پہلے دن ایوان کے باہر دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

اتر پردیش کی موجودہ حکومت کے آخری اسمبلی اجلاس   کے پہلے   دن توقع کے عین مطابق یوگی سرکار کو لکھیم پور کھیری سانحہ پر اپوزیشن کے شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ کسانوں کو گاڑیوں سے کچل دینےکی اس واردات پر ریاستی حکومت سے جواب طلب کرتے  ہوئے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے ایوان کے باہر دھرنا دیا اورمرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کو مرکزی کابینہ سے  برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے  ساتھ ہی سماجوادی پارٹی کے اراکین نے یوگی سرکار کو مہنگائی  کے معاملے میں بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ 
بپن راوت کو خراج عقیدت
  اس سے قبل چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت ، ان کی اہلیہ و دیگر ۱۱؍ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس کو جمعرات ۱۱؍بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔   مجموعی طورپر یوپی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا پہلا دن ہنگامہ خیز رہا۔ ایوان کے اندر وباہر لکھیم پور تشدد اور نظم و نسق جیسے موضوعات پر حکومت کی گھیر نے کی کوشش کی گئی۔ کانگریس ممبران اسمبلی نے اجے مشرا کی برخاستگی کے لئے مظاہرہ کیا۔ کانگریس ممبران حضرت گنج واقع گاندھی مجسمہ سے اسمبلی ہائوس تک پیدل مارچ کیا۔
گنا کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ
 دوسری طرف سماجوادی پارٹی ممبر گنا کسانوں کے بقایا جات کی  ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے لئے گنا لے کراسمبلی تک  پہنچ گئے تھے ۔ ایوان کے اندر بھی کارروائی شروع ہوتے ہی لکھیم پور معاملے پر سماجوادی پارٹی اور کانگریس ممبران نے جم کر  احتجاج  اور نعرے بازی کی ۔ انہوں  نے اسمبلی کے باہر ہی مرکزی وزیر اجے مشرا کی برخاستگی کے مطالبہ پر دھرنا بھی دیا۔ 
 اس سے قبل اسمبلی اسپیکر سمیت دیگر لیڈروں   نے سابقہ اسمبلی اجلاس سے موجودہ اجلاس کے دوران فوت ہونے والے لیڈروں اور اہم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا جن میں سی ڈی ایس بپن راوت ، ان کی اہلیہ  اور دیگر ۱۱؍ جوانوں  کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ کلیان سنگھ  بھی شامل تھے۔  اس کے بعد جمعرات ۱۱؍بجے تک ایوان کی کارروائی کو ملتوی کردیا گیا ۔  امید کی جارہی ہے کہ جمعرات کو پھر حکومت کو ایسی ہی مخالفت کا سامنا کرنا پڑےگا۔ 
آج ریاست کا دوسرا ضمنی بجٹ پیش ہوگا
 سرمائی اجلاس میں ۱۶؍دسمبر کو رواں مالی برس کا دوسرا ضمنی بجٹ ۲۳۔۲۰۲۲ء کے لئے ووٹ آن اکائونٹ پیش کیا جائے گا۔ جولائی تک کے لئے تقریبا پونے ۲؍ لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش ہو سکتا ہے ۔ وہیں حکومت ۲۲۔۲۰۲۱ءکے لئے دوسرا ضمنی بجٹ بھی لائے گی ۔ ووٹ آن اکائونٹ میں جولائی تک کے لئے ضروری خرچوں کا خاکہ تیار کیا گیا ہے ۔ چونکہ ۲۰۲۲ءکے اسمبلی الیکشن میں بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے اس لئے حکومت اپنی ترجیحی اسکیموں اور پروجیکٹوں کے لئے رقم کا انتظام کرنے میں مصروف ہے ۔ اس میں ٹیبلٹ  اور  اسمارٹ فون اسکیم ، بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے بقیہ کام کیلئے اخراجات ،پوروانچل ایکسپریس وے ، گورکھپور ایکسپریس وے کے ساتھ ہی آگرہ و کانپور میٹرواور گورکھپور لائٹ میٹرو کیلئے رقم کا انتظام کیا جائے گا۔ اسمبلی کا سرمائی اجلاس تین دن کا ہے۔
اجے مشرا ٹینی کو برطرف کرنے کا مطالبہ
 سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی راج پال کشیپ نے لکھیم پور کھیری  سانحہ  کے ملزمین میں  شامل مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی  کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہم اجے مشرا کی  برخاستگی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ساتھ ہی ہماری مانگ ہے کہ ریاستی اور مرکزی حکومت آسمان چھوتی مہنگائی کی طرف توجہ دے۔ اس  کے علاوہ گنا کی پیداوار کرنے والے کسانوں کو ان دنوں  شدید مسائل کا سامنا ہے، حکومت ان مسائل کو حل کرے۔‘‘بی ایس پی کے  رکن اسمبلی اسلم  رینی نے ریاست میں نظم ونسق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ وہ  سماجوادی پارٹی کے احتجاج میں شامل تھے۔ 

lucknow Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK