Inquilab Logo

ویرار: ۲؍ہزار۲۷۸؍ مکانوں کی فروخت کیلئے مہاڈا کوشاں

Updated: October 20, 2023, 9:38 AM IST | Saadat Khan | Virar

فلیٹ فروخت کیلئے لوکل ٹرینوں کے ساتھ پلیٹ فارم پر اشتہاری مہم چلائی جائے گی۔ ان مکانوں کو بیچنےکیلئے ۳؍بار لاٹری نکالی جاچکی ہے لیکن خریدار ندارد۔

Mahada will soon publish advertisements to sell flats in its buildings in Boulange area.Photo: INN
بولنج علاقے میں اپنی عمارتوں کے فلیٹ فروخت کرنے کیلئے مہاڈا جلد ہی اشتہارات شائع کرے گا۔ تصویر:آئی این این

یہاں بولنج علاقے کے ۲؍ہزار ۲۷۸؍ مکانوں کی فروخت کیلئے مہاڈا کا کوکن منڈل ایک بار پھر کمربستہ ہوگیاہے۔ ۳؍مرتبہ ان مکانوں کیلئے لاٹری نکالی جاچکی ہے لیکن پانی کی قلت سےان مکانوں کے خریدار نہیں مل رہے ہیں۔ اس مرتبہ مہاڈا نےان مکانوں کی فروخت کیلئے ریڈیو، لوکل ٹرین اور پلیٹ فارم پر اشتہا ری مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی پانی کا مسئلہ جلد ازجلد حل ہو جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اگلے ۴۔۳؍ دنوں میں یہ اشتہارات سنے اور دیکھے جائیں سکیں گے۔ 
واضح رہےکہ کوکن منڈل کا تقریباً ۱۰؍ ہزار مکانات کا سب سے بڑا پروجیکٹ ویرار، بولنج میں ہے جس میں ۲؍ہزار ۲۷۸؍ مکانات فروخت کئے جانے ہیں، لیکن یہ مکانات فروخت نہیں ہورہے ہیں۔
ان مکانوں کے فروخت نہ ہونے سے کوکن منڈل میں تشویش پائی جارہی ہے۔ ایسا قیاس کیا جا رہا ہے کہ پانی کی سہولت نہ ہونے سے ان مکانوں کو فروخت کرنےمیں دشواری پیش آرہی ہے۔
ان مکانوں کو فروخت کرنےکیلئے ۳؍بار لاٹری نکالی جاچکی ہے۔ اس کےباوجود ان گھروں کے فروخت نہیں ہورہے ہیں۔ اگر یہ مکانات فروخت نہیں ہوئے تو مہاڈا کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کوکن منڈل کی چیف پبلک ریلیشن آفیسر ویشالی گڈپالے کے مطابق ’’ویرار اور بولنج کے مکانات کو فروخت کرنے کیلئے مختلف ذرائع سے تشہیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
 ویرار، بولنج میں پروجیکٹ کی جگہ پر اسٹالز لگائے جائیں گے جہاں سے اشتہاری کتابچے کی تقسیم ہوگی۔ ساتھ ہی یہاں کے مقامی ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم پر اشتہار لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ریڈیو اور لوکل ٹرینوں میں اس کا اعلان کیا جائے گا۔‘‘ 
 ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے سوریا ریجنل واٹر سپلائی پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ جون جولائی میں ہی مکمل ہو چکا ہے۔ اگر یہ پہلا مرحلہ نافد ہوتا ہے تو صرف وسئی ویرار کا ہی نہیں بلکہ ویرار، بولنج میں بھی پانی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ لہٰذا، کوکن منڈل اور وسئی ویرار کی توجہ سوریا کی پیشکش کے پہلے مرحلے کی طرف مبذول ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK