Inquilab Logo

ووڈافون پر تالہ لگ سکتا ہے

Updated: December 26, 2019, 7:36 PM IST | Agency | New Delhi

کمپنی کے انتظامیہ نے حکومت سے کہہ دیا ہے کہ اگر موجودہ حالات سے نکلنے میں ان کی مدد نہیں کی گئی تو کمپنی پر جلد ہی تالہ لگ جائے اور ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے، ووڈا فون پرکروڑوں روپے بقایا ہیں۔

ووڈافون ۔ تصویر : آئی این این
ووڈافون ۔ تصویر : آئی این این

 نئی دہلی : دنیا میں سب سے سستی ٹیلی کوم خدمات فراہم کرنے والے ملک ہندوستان میں ٹیلی کوم انڈسٹری ان دنوں شدید بحران سے دوچار ہے۔ سرکردہ  ٹیلی کوم کمپنی ووڈافون نے سرکار کو دھمکی دی ہے کہ  اگر اس کی مدد نہیں کی گئی تو کمپنی پر جلدہی تالہ لگ جائے گا۔ کمپنی کے انتظامیہ نے اس سلسلے میں سرکار کو خط لکھنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اے جی آر کی وجہ سے پڑنے والا بوجھ پورے ٹیلی کوم سیکٹر کےلئے ضرورت سے زیادہ ہے۔ اس سے نجات ملنی ضروری ہے لیکن سرکار اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ ٹیلی کوم انڈسٹری کروڑوں روپے کےقرض میں ڈوبی ہوئی ہے اورحکومت سے لاکھ مدد چاہنے کے باوجود سرکاراس معاملے میں خاموش ہے۔
 ووڈافون انتظامیہ نے سرکار سے کہا ہے کہ گراس ایڈجسٹیڈ ریوینیو (اے جی آر ) کے معاملے میں وہ انہیں رعایت دینے کے بارے میں غور کرے لیکن سرکار یہ بات ماننے کو تیار نہیں ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹیلی کوم کمپنی کو اے جی آر کی ادائیگی کے سلسلے میں کوئی رعایت نہیں ملے گی بلکہ تمام کمپنیوں کوسپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ادائیگی کرنی ہو گی۔ ووڈافون کے لئے اے جی آرکی ادائیگی اس لئے بھی بڑا مسئلہ ہے کیوں کہ اسے اپنی پارٹنر کمپنی آئیڈیا کے بقایاجات بھی ادا کرنے پڑسکتے ہیں۔ ایسے میں ووڈا فون پر بوجھ بڑھتا جارہا ہے۔ 
 اس بارے میں سیلولر آپریٹرس اسوسی ایشن آف انڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کی تمام ٹیلی کوم کمپنیوں کی جانب سے حکومت سے درخواست کی گئی تھی لیکن اس نے نہیں مانی جس کے بعد اب ہر کمپنی کو کروڑوں روپے اے جی آر کے طور پر ادا کرنے ہوں گے  اسوسی ایشن کے مطابق ہندوستان دنیا کا سب سے سستا ٹیلی کوم مارکیٹ ہے۔ یہاں پر ڈیٹا  اور ٹیلی کوم خدمات امریکہ اور چین جیسے ممالک سے بھی سستی ہیں۔ ایسے میں کمپنیوں کے لئے منافع کمانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ ان حالات میں ریلائنس جیو نے مارکیٹ میں جو جنگ شروع کر رکھی ہے اس سے بھی کمپنیوں کو کافی نقصان جھیلنا پڑا ہے۔ اسوسی ایشن نے بتایا کہ فی الحال ہندوستان میں ٹیلی کوم آپریشنز  الگ الگ نیٹ ورکس کی بنیاد پر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے کمپنیوں کا خرچ بڑھ رہا ہے۔ اسی لئے اگلے چند مہینوں میں ڈیٹا اور وائس آپریشنز ایک ہی نیٹ ورک پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔ جیسے ہی یہ مکمل ہو جائے گا کمپنیوں کا خرچ کم ہو جائے گا۔ اس سے انہیں کافی سرمایہ بچانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK