Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے ووٹر ادھیکار یاترا،۱۶؍ دن، ۲۰؍ اضلاع، ۱۳؍ سو کلو میٹر

Updated: August 17, 2025, 7:14 AM IST | New Delhi

راہل اور تیجسوی’ایک آدمی،ایک ووٹ‘ کے حق کی لڑائی کیلئےسہسرام سے آغاز کریں گے، کانگریس پُر اُمید، الیکشن کمیشن کو ’’بی جےپی کے نام نہاد ڈبل انجن‘‘ کا ’’ڈبہ‘ ‘ نہ بننے دینے کا عزم

Rahul Gandhi
اہل گاندھی

’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف پوری شدت سے آواز بلند کرنے اوراسے عوامی تحریک میں تبدیل کرنے کے اعلان کے  بعد اتوار کو راہل گاندھی  آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو  اور دیگر اتحادی  پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ سہسرام سے  ۱۶؍ دنوں کی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ پر نکلیں گے۔    بہار الیکشن سے ۳؍ ماہ قبل  پورے بہار کا احاطہ کرنے والی  اس یاترا کی تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے سنیچر کو پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ان کی پارٹی  الیکشن کمیشن کو ’’بی جےپی  کے نام نہاد ڈبل انجن‘‘ کا ایک اور ’’ڈبہ‘‘ نہیں  بننے دیگی۔ 
۱۳؍ سوکلومیٹر کا احاطہ کرنے کے بعد یاترا پٹنہ میں ایک ریلی  کی شکل میں تکمیل کو پہنچے گی۔  یاترا میں راشٹریہ جنتال دل کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو  کے علاوہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے سبھی لیڈر شامل ہوں  گے۔ کانگریس نے اس کوتاریخی یاترا قرار دیتے ہوئےکہا کہ یہ’’ایک آدمی ایک ووٹ‘‘کے حق کی لڑائی ہے، جو آزادی سے سانس لینے کیلئےبے حد ضروری ہے۔پارٹی نے بہار کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد کا ساتھ دیں، کیونکہ سازش کرنے والے باز نہیں آئیں گے اور وہ ووٹ چوری کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
راہل کی  ہر یاترا ملک کی جمہوریت کیلئے نیا موڑ: کانگریس
پارٹی نے مزید کہا کہ راہل گاندھی جب بھی یاترا پر نکلے ہیں ، ملک کی جمہوریت نے ایک نیا موڑ لیا ۔ کانگریس صدر دفتر اندرابھون میںپارٹی کےقومی ترجمان پون کھیڑا نے ۱۶؍دنوں تک چلنے والی اس یاتراکے روٹ کی پوری تفصیل پیش کی۔ انہوں نے  بتایا کہ  یاترا ۱۷؍اگست کو  سہسرام سے شروع ہوگی اور ۱۶؍دنوں میں ۱۳۰۰؍کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ یاترا  منی پور سے ممبئی تک راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کی طرح کہیں گاڑی پر تو کہیں پیدل ہوگی۔  انہوں نے کہا کہ ’’ووٹر ادھیکار  یاترا  بھی تاریخی اور ہماری ملک کی جمہوریت کی تاریخ میں  سنگ میل  ثابت ہوگی۔‘‘(یاترا کے روڈ میپ کیلئے باکس دیکھیں۔ ) 
 بی جےپی رنگے ہاتھوں پکڑی گئی
  پون کھیڑا نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے انتخابات میں ووٹوں کی دھاندلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی دھوکہ دہی سے ووٹوں کا اضافہ اور کٹوتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی  ہے۔ ووٹ چوری کی یہ سازش بہار میں ووٹر لسٹ کی ’’خصوصی جامع نظر ثانی ‘‘ (ایس آئی آر)  کی وجہ سے سامنے آئی ۔    انہوں نے کہا کہ اب تو عام شہری بھی ووٹ چوری کا ثبوت دے رہے ہیں۔ بہار میں ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم    کے تعلق سے سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی پسپائی کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس  کے ترجمان  نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑی، جس کے بعد   الیکشن کمیشن کواپوزیشن اتحاد اور سماجی کارکنوں کے مطالبات  ماننے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ووٹ چھیننے کی سازش نہیں بلکہ دلتوں، پسماندہ طبقات، قبائل اور اقلیتوں کی شناخت چھیننے کی سازش ہے۔ انہوں نے متنبہ کیاکہا کہ اگر آج ان سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا تو مستقبل میں ان کے سرکاری اسکیموں سے محروم رہنے کا خطرہ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK