مونگیر میں یاترا کے دوران آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو بھی موجود تھے ،دونوں لیڈروں کی ایک جھلک کیلئے عوام کا جم غفیر ، عام شہریوں سے ملاقاتیں
EPAPER
Updated: August 22, 2025, 11:06 PM IST | Munger
مونگیر میں یاترا کے دوران آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو بھی موجود تھے ،دونوں لیڈروں کی ایک جھلک کیلئے عوام کا جم غفیر ، عام شہریوں سے ملاقاتیں
بہار میں ’ووٹرادھیکار یاترا‘ کے پانچویں دن جمعہ کوکانگریس لیڈرراہل گاندھی نے مونگیر میں بارش کے درمیان تقریر کی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کچھ برسوں کے الیکشن میں یہ واضح ہورہا ہے کہ زمین پر بی جے پی کیخلاف سخت ناراضگی ہے لیکن جب نتیجہ نکلتا ہے تووہ بالکل الگ ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے سب کو لگتاتھا کہ الیکشن میں کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہو رہی ہے مگراب سچائی نکل کر سامنے آرہی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ’ووٹ چوری‘ آئین پر حملہ ہے۔ ملک کے ہر فرد کو معلوم ہونا چاہیے کہ آئین ان کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ آپ کی آواز ہے جسے وزیر اعظم مودی اور اڈانی مل کر دبا رہے ہیں۔
راہل کے مطابق مجھےپورا یقین ہے کہ گزشتہ انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری ہوئی تھی۔ مہاراشٹر میں پہلی بار اس بات کا ثبوت ملا کہ الیکشن کمیشن اور بی جے پی مل کر الیکشن چوری کر رہے ہیں۔ ہمارا ووٹ کم نہیں ہوا لیکن جہاں گڑبڑی کی گئی وہاں بی جے پی جیت گئی۔ راہل گاندھی نے کہاکہ بہار میں بھی ایسا ہی کرنے کی تیاری ہے۔ پچھلی بار بھی ہمارے اتحاد کی شکست کی وجہ الیکشن چوری تھی لیکن اس مرتبہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ہم بہار میں ایک ووٹ بھی چوری نہیں ہونے دیں گے۔ اس ریلی میں بھی راہل گاندھی کے ساتھ تیجسوی یادو موجود تھے۔ دونوں کی جوڑی بی جے پی پر مسلسل حملے کررہی ہے۔ ان کے علاوہ سی پی آئی (ایم ایل) کے دیپانکر بھٹاچاریہ اور کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام بھی ریلی میں شامل ہیں۔ یاتراکے دوران راہل گاندھی خانقاہ رحمانی بھی پہنچے جہاں امیرشریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی اور دیگر سے ملاقات کی ۔یاترا کے دوران انہوں نے راستے میں ان کے استقبال کے لئےکھڑے لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور آٹوگراف بھی دیے۔ اس دوران سیکوریٹی کے سخت انتظامات تھے۔