• Wed, 14 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میونسپل الیکشن میںرائے دہندگان ووٹ ضرور دیں‘‘

Updated: January 13, 2026, 10:54 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ملّی تنظیموں نےتوجہ دلائی ،کہا:اس کا خیال رہے کہ نہ ووٹ بٹے، نہ چھوٹے اور نہ ہی ووٹ دینے میںغفلت ہو ۔ ووٹ مسائل کے حل کی طاقت بھی ہے

A vote awareness campaign was also conducted in Govandi.
گوونڈی میں ووٹ بیداری مہم بھی چلائی گئی تھی۔

میونسپل الیکشن میں حق رائے دہی ضرور کریں اور ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بھی بچائیں۔اس کا خیال رہے کہ نہ ووٹ بٹے، نہ چھوٹے اور نہ ہی ووٹ دینے میںغفلت ہو۔ ووٹ مسائل کے حل کی طاقت بھی ہے اورجمہوری نظام میں ایک اہم شناخت بھی۔موقع نکل جانے کے بعد افسوس کے سوا کچھ نہیںرہتا۔ ملّی تنظیموں نے اس انداز میں رائے دہندگان کو متوجہ کیا۔
 جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ ’’ایک ایک ووٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس لئے  میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں ۱۵؍ جنوری کو پہلی فرصت میںووٹ ڈالیں اور ایک بیدار اور ذمہ دار شہری کا رول نبھائیں اورجمہوری نظام کو مستحکم کریں۔‘‘انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ ووٹنگ کا دن چھٹی اور تفریح کے لئے نہیںبلکہ اپنے ووٹ کی طاقت کا احساس کرانے کا موقع ہوتا ہے۔‘‘
 جماعت ِ اسلامی (مہاراشٹر) کے ذمہ داران کی جانب سے پیغام دیتے ہوئے متنبہ کیا گیا کہ ’’الیکشن لڑو ،آپس میںمت لڑو۔ سیاسی اختلاف دشمنی نہیں، اتحاد، برداشت اوراحترام ہی شہر کی طاقت ہے۔یاد رکھئے چند نوٹوں میں ووٹ بیچنا مستقبل بیچنا ہے، یہ ضمیر کی نیلامی اور بچو ںکے حق سے غداری ہے، جو ووٹ خریدتا ہے،  وہ کل شہر بھی بیچ دے گا ۔‘‘ اسی طرح جماعت کی جانب سے یہ کہتے ہوئے بھی ووٹ کی اہمیت یادد لائی گئی ہے کہ ووٹ دینا حق بھی، فرض بھی اور امانت بھی۔ ووٹ نہ دینا غلط لوگوں کو موقع دینا ہے۔ اس لئے یہ عہد کیجئے کہ ہم ووٹ ڈالیں گے، ووٹ نہ بیچیں گے ، نہ بکنے دیں گے اور شہر کے مستقبل کا سودا نہیں کریں گے۔ آئیے، مل کر اپنے شہر کوایک مثالی شہر بنائیں۔ ‘‘
 رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے کہاکہ’’ ووٹ ایک ایسی طاقت ہے کہ ہم پورا نظام بدل سکتے ہیں،شرط ہے سوجھ بوجھ کےساتھ ووٹ کا صحیح استعمال ۔ اس لئے کارپوریشن الیکشن میں اپنے ووٹ کی طاقت کومحسوس کرتے ہوئے جمہوری نظام کوطاقت پہنچانے کےلئے جوش وخروش سے حصہ لیجئے اورعوام کے مفادمیں کام کرنے والے امیدواروں کا انتخاب کیجئے ۔‘‘
 آل انڈیا علماء کونسل کے جنرل سیکریٹری مولانا محمودخان دریابادی نے کہاکہ’’ ووٹ کی طاقت اور اہمیت سے ہرشخص واقف ہے۔شرط یہ ہے کہ وہ اسی طرح اس کا استعمال کرے ا وریہ ثابت کرے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہے اوراپنا حق پہچانتا ہے ۔‘‘ 
 جمعیت اہل حدیث کےنائب صدر مولانا عبدالجلیل مکّی نے کہاکہ ’’ووٹ امانت ہے، شہادت ہے اوربڑی طاقت۔اس کے ذریعے جمہوری نظام میںاہم رول ادا کیاجاتا ہے مگر یہ اسی صورت  میںجب ہم بیدار رہیں،ووٹوں کا صحیح استعمال کریں اورایک ایک ووٹ کی قیمت پہچانتے ہوئے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔‘‘
 رابطۂ مدارس اسلامیہ کے ترجمان مولانا عبدالقدوس شاکر حکیمی نےکہاکہ’’جمعرات ۱۵؍ جنوری کو ووٹ ضرور دیجئے، مدارس کے اساتذہ اورطلبہ کوبھی اس جانب متوجہ کیاگیا ہے۔ یہ بہت اہم موقع ہے، اسے محسوس کیجئے اوراپنے ووٹ کی طاقت محسوس بھی کرائیے۔ووٹ دینے میںغفلت بڑے نقصان کا باعث ہے ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK