دوسری ویٹنگ لسٹ میں ممبئی اور مہاراشٹر کے عازمین کی ۷۸۴۳؍سیٹیں کنفرم ہوئی ہیں، اب تک ریاست سے ۲۰؍ ہزار عازمین کا جانا طے
EPAPER
Updated: October 16, 2025, 11:06 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
دوسری ویٹنگ لسٹ میں ممبئی اور مہاراشٹر کے عازمین کی ۷۸۴۳؍سیٹیں کنفرم ہوئی ہیں، اب تک ریاست سے ۲۰؍ ہزار عازمین کا جانا طے
ممبئی اور مہاراشٹر کے عازمین کے لئے یہ خبر اطمینان کا باعث ہے کہ دوسری ویٹنگ لسٹ میں ان کی ۷۸۴۳؍سیٹیںکنفرم ہوگئی ہیں۔اس طرح ریاست کے مجموعی ۲۹؍ ہزار درخواست دہندگان میںسے ۲۰؍ ہزار سے زائد عازمین کی سیٹیں کنفرم ہوگئی ہیں۔ ویٹنگ لسٹ کے اِن عازمین کو ۳۱؍اکتوبر تک ۲؍ لاکھ ۷۷؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے حج کمیٹی آف انڈیاکے اکاؤنٹ میںجمع کرانا ہوگا۔اِس رقم میں دوقسطیں شامل ہیں۔ پہلی قسط ایک لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے اور دوسری قسط ایک لاکھ ۲۵؍ہزار روپے ۔
دوسری لسٹ جاری کئے جانے اور اس میں ۲۲۴۸؍عازمین حج کے انتخاب کے باوجود ممبئی اور مہاراشٹر کے تقریباً ۹؍ ہزار عازمین اپنی باری کے منتظر ہیں۔ یاد رہے کہ حج ۲۰۲۶ء کے لئے ممبئی اور مہاراشٹر بھر سے مجموعی طور پر ۲۹؍ ہزار سے زائد عازمین نےقسمت آزمائی کی تھی۔
اب تک پہلی قسط بھی جمع نہ کرانےوالے عازمین کو انتباہ
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے منتخب ہونے کے باوجود ا ب تک پہلی قسط کی رقم نہ جمع کرانے والوں کو انتبا ہ دیا گیا ہے کہ وہ بھی ۳۱؍اکتوبر تک پہلی اور دوسری، دونوں قسطیں جمع کرادیں ورنہ ان کی سیٹ کینسل کردی جائے گی۔اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہےکہ انہوں نے دی گئی مہلت کے باوجود پہلی قسط بھی جمع نہیںکرائی ہے ۔ ایسا کئے جانے سے اپنی باری کے منتظر دوسرے عازمین کے لئے مسئلہ بھی ہوسکتا ہے۔ اس لئے مزید تاخیر نہ کرتے ہوئے دی گئی مہلت کے اندر رقم جمع کرادیں۔یہ بھی یادرہے کہ مختلف مسائل کے سبب اب تک ممبئی اور مہاراشٹر کے ۱۲۰۰؍ منتخب عازمین حج پر جانے کا ارادہ ملتوی کرچکے ہیں۔
دوسری ویٹنگ لسٹ میں۷۶۳۶؍ عازمین منتخب ہوئے
حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شہنواز سی کی جانب سے بتایا گیا اور ایک سرکیولر بھی جاری کیا گیا ہے کہ ’’ ملکی سطح پردوسری ویٹنگ لسٹ میں۷۶۳۶؍عازمین کے نام کنفرم ہوئے ہیںجبکہ پہلی ویٹنگ لسٹ میںمجموعی طورپر۲۲؍ ہزار ۳۳۰؍نام کنفرم ہوئے تھے۔ اسی کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ حج کی رقم ویب سائٹ( hajcommittee.gov.in) یا حج سویدھا ایپ کے ذریعے (کریڈٹ کارڈ/ڈیبٹ کارڈ/نیٹ بینکنگ)پے اِن سلپ کے ذریعے، جو اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جا سکتی ہے جمع کروائیں۔ اس پر حج کمیٹی آف انڈیا کا منفرد بینک ریفرنس نمبر درج ہونا لازمی ہے۔
ؕدستاویزات ۵؍ نومبر تک جمع کرانے کی مہلت
حج کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضروری دستاویزات میں دستخط شدہ حج درخواست فارم ، پاسپورٹ ڈکلیئریشن فارم،جمع شدہ رسید/آن لائن رسید کی کاپی، میڈیکل اور فٹ نیس سرٹیفکیٹ وغیرہ جمع کرانے کے لئے ۵؍نومبرتک مہلت دی گئی ہے