جنسی تشدد اور ہراسانی کیخلاف بیداری، خواتین کو تنہا نہ چھوڑنے اور ان کے لئے محفوظ ماحول بنانے پر زور،بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت۔
EPAPER
Updated: October 13, 2026, 10:44 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
جنسی تشدد اور ہراسانی کیخلاف بیداری، خواتین کو تنہا نہ چھوڑنے اور ان کے لئے محفوظ ماحول بنانے پر زور،بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت۔
ملک بھر میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد اور ہراسانی کے بڑھتے واقعات کے پس منظر میں خواتین کے تحفظ اور حقوق کے تئیں سماجی بیداری پیدا کرنے کیلئے گزشتہ روز بھیونڈی کے دھامنکر ناکہ علاقے میں ’واک فار ویمن‘ مہم کا انعقاد کیا گیا۔ سماجی کارکن رگ وید شیٹی کی پہل پر منعقدہ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کرتے ہوئے خواتین کے احترام، تحفظ اور انصاف کیلئے سماج کو متحد ہونے کا پیغام دیا۔مہم کا بنیادی مقصد جنسی تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کی حمایت کرنا اور انہیں یہ احساس دلانا تھا کہ ایسے مشکل وقت میں وہ تنہا نہیں ہیں بلکہ سماج کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: مظاہرین پر جارحانہ کارروائی کے اگلے دن شیواجی پارک میں پر امن احتجاج
پروگرام کے منتظم رگ وید شیٹی نے کہا کہ خواتین کی حفاظت صرف خواتین کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے سماج کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جنسی تشدد کا شکار خواتین کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے انہیں تعاون فراہم کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کیلئے محفوظ ماحول تیار کرنا ضروری ہے۔انہوں نے خواتین کے احترام اور انہیں انصاف دلانے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تئیں احترام کا جذبہ پیدا کئے بغیر ایک محفوظ اور مہذب سماج کی تعمیر ممکن نہیں ہے۔ پروگرام میں شریک خواتین نے بھی سماج میں مثبت تبدیلی لانے اور خواتین کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے مل جل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔