Inquilab Logo Happiest Places to Work

وقف ترمیمی بل :۵؍امور پر توجہ دینے کی اپیل

Updated: September 15, 2024, 10:20 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایات کی روشنی میںپیغام رسانی ۔ ہدایت کےمطابق اتوار کو گلی محلے میں کیو آر کوڈ اسکین کرنے کیلئے ٹیبل لگائے جائیں ،تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی متوجہ کیا ۔اعداد وشمار پیش کرنے سے مبالغے سے بچا جائے

People are voting against the waqf amendment bill outside the Sunni Arabia madrasa for learning the Qur`an and the Sunni Elahi Masjid Maloni.
سنی عربیہ مدرسہ تعلیم القرآن و سنی الٰہی مسجد مالونی کےباہروقف ترمیمی بل کیخلاف لوگ رائے دے رہےہیں۔

وقف ترمیمی بل کے خلاف رائے دینے میں۵؍امور پرتوجہ مرکوز کی جائے ۔اس ضمن میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایات کی روشنی میںپیغام رسانی کی جارہی ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ۱۵؍ ستمبر کورائے دینے کے آخری دن مزیداہتمام سے یہ عمل کیا جائے۔
کن ۵؍امور پرخاص توجہ دینی ہے؟
 مسلم پرسنل لاءبورڈ کی ہدایات کی روشنی میںجن ۵؍امور پرتوجہ دلائی گئی ہے وہ یہ ہیں(۱)  مساجد میں نمازوں میں اعلان جاری رکھا جائے (۲)گھر گھر جاکر یہ کام کروایا جائے تاکہ کوئی علاقہ ،محلہ ،گلی اور کوئی گھرچھوٹنے نہ پائے(۳) خواتین کی رائے دہی پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ مردوں کےمقابلے میں ان میں بیداری نسبتاً کم ہے ۔جس اہتمام سے مختلف طریقوں سے مردوں تک پہنچا جارہا ہےاور انہیں جوڑا گیا ہے خواتین کےتعلق سے اس میں کمی ہے (۴) اتوار کو گلی محلے میں کیو آر کوڈ اسکین کرنے کے لئے ٹیبل لگائے جائیں اور عوام کی رہنمائی کرنے کی غرض سے نوجوانوں کو مامور کیا جائے (۵) اتوار کو چھٹی کا دن ہونے کے سبب زیادہ ترلوگ گھروں پر ہوں گے ان کو اس جانب متوجہ کیا جائے۔اگر انہوں نے اب تک جے پی سی کو رائے نہیںبھیجی ہے تو ان کوشامل کیا جائے ۔
اعداد وشمار کے تعلق سے مبالغے سے بچا جائے 
 بورڈکے ذمہ داران نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ سوشل میڈیا پرالگ الگ گروپ میں رائے دینے والوں کےتعلق سےاعداد وشمار بتانے اوراسے مختلف گروپ میںبھیجنےکے تعلق سے مبالغہ کیا جارہا ہے اس سے گریز کریں ۔ سنیچر کی صبح سے ہی کئی گروپ میںیہ بتایا گیا کہ رائے بھیجنے والوں کے ذریعے ۵؍کروڑ سے زائد کاعدد پار کرلیا گیا ہے جو قطعاً درست نہیں تھا۔ اس سے ترمیمی بل کی حمایت میں مہم چلانے والوں کو بھی تقویت ملے گی اوران کی کوششوں میںاضافہ ہوسکتا ہے ، اس لئے اس سے بچا جائے ۔
ملت کے ایک ایک فرد کا کام ہے 
 جمعیۃ علماء مہاراشٹرکےجنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ ’’ یہ کام انتہائی اہم ہے ، جمعیۃ کے کارکنان پوری تندہی سے مصروف عمل ہیں۔ یہ کام ملت کے ایک ایک فرد کا ہےاوریہ آخری موقع ہے۔اس لئے پوری توجہ سے یہ کام کیا جائے تاکہ ا س کاخاطر خواہ نتیجہ برآمد ہو۔‘‘
  جمعیت اہل حدیث کے نائب صدر مولانا عبدالجلیل انصاری نے کہاکہ ’’ وقف ترمیمی بل کوبہرصورت روکنا ہوگا ۔اس لئے پرسنل لاء بورڈ کے ذریعے رائے دینے کی جو مہم چلائی جارہی ہے اس کے تئیںہرشخص اپنی ذمہ داری محسوس کرے اورجن لوگو ں نے اب تک کیو آر کوڈ اسکین نہیں کیا ہے ،وہ آج آخری دن ضرور کرلیں۔‘‘
  جماعتِ اسلامی کے ممبئی کے امیر ہمایوں شیخ نے کہاکہ ’’یہ کام پرسنل لاء بورڈ کے جاری کردہ کیو آر کوڈ کے ذریعے جاری ہے اور جماعت کے رفقاء بھی ریاست بھر میں مصروف ہیں ۔ہم سب کی بیداری  ہی سے  بل رکوانے میں کامیابی مل سکےگی ۔‘‘
 رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’ جے پی سی تک آراء بھجوانے میںقطعی تساہل نہ ہو، جو کام کیا گیا اور جو محنتیں جاری رہیں، وہ خوش آئند ہیں مگرآج آخری موقع ہے اس لئے مزید توجہ کے ساتھ اس عمل میں ہر شخص حصہ لے۔ ا س کےذریعے ہمیںعملاً یہ ثابت کرناہے کہ مسلمان ا س بل کے سخت  خلاف ہے، اسے فوراً واپس لیاجائے ۔‘‘
 مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ ’’ ہم سب کو اپنی کوششوں پرمطمئن نہیں ہونا ہے بلکہ  اس عمل کو جاری رکھنا ہے اورجب تک یہ بل واپس لینے کا حکومت کی جانب سے اعلان نہیںکردیا جاتا، ہر سطح پرہمیں بیداری کا ثبوت دیناہوگا ۔‘‘
 امام الہند فاؤنڈیشن کےسربراہ مولانا نوشاد احمدصدیقی نے کہاکہ ’’ آخری دن بھرپور فائدہ اٹھانے اور عوام کوجوڑنے کی غرض سے مسلسل پیغام رسانی کی جارہی ہے اوریہ انتباہ بھی دیا جارہا ہے کہ اس سے غفلت اپنا ہی نقصان کرنا ہے ،اس لئےجن افراد نے اب تک رائے نہیں بھیجی ہے وہ ترجیحی بنیاد پراس کام کو کریں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK