Inquilab Logo

وسئی جامع مسجدٹرسٹ کیخلاف وقف بورڈ کی کارروائی شروع ،دفترسیٖل کردیا

Updated: December 23, 2022, 9:28 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

مسجد کےبورڈ پر نوٹس چسپاں ۔ آج ٹرسٹ کے بینک کھاتے منجمد کئے جاسکتے ہیں ۔ ٹرسٹ نےاس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا

Action is being taken by Waqf Board Maharashtra against Jama Masjid Trust Vasai.
وقف بورڈمہاراشٹر کی جانب سے جامع مسجد ٹرسٹ وسئی کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

 یہاں’  جامع مسجد ٹرسٹ وسئی ‘ کے ٹرسٹیوں کے خلاف نوٹس جاری کرنے کے بعدکارروائی کرتے ہوئے ’وقف بورڈ مہاراشٹر‘ نے تمام اختیارات اپنے قبضے میں  لے لئے اور ٹرسٹ کا دفتر بھی سیٖل کردیا ہے ۔ ایسا کہا جارہا ہے کہ جمعہ (آج)کو ٹرسٹ کے بینک کھاتے بھی منجمد کردیئے جائیں گے ۔ جامع مسجد ٹرسٹ وسئی نے اس کارروائی کوغیرقانونی قرار دیاہے۔
 وسئ میں ’ بسین تعلقہ مسلم قبرستان کمیٹی ‘ کے جنرل سیکریٹری فاروق رفیق ملا نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت  کے دوران وقف بورڈ مہاراشٹر کی طرف  سےجامع مسجد ٹرسٹ وسئی  کے خلاف جاری کردہ نوٹس دیتے ہوئےالزام لگایا کہ  موسیٰ گلی وسئی ویسٹ ضلع پال گھر کی جامع  مسجد  پر ۱۹۸۲ء سے اب تک  علاقے کے ڈاکٹر نصیر شیخ اور ان کے ساتھیوں کا قبضہ تھا ۔ اس  دوران    جامع مسجد ٹرسٹ وسئی نے اب تک ٹرسٹ کا حساب کتاب  عوام کے سامنے پیش نہیں کیا جبکہ کئی مرتبہ مقامی افراد نے تحریری طور پر ان سے ٹرسٹ کی  تفصیلات پیش کرنےکا مطالبہ کیا۔وہ ہمیشہ کہتے رہے کہ انھوں نے وقف بورڈ کو حساب کتاب بتا دیا ہے۔ حالانکہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ہر مہینے بورڈ  پر لوگوں کے سامنے اخراجات اور آمدنی کا حساب  پیش کیا جاتا۔ اس کے علاوہ کسی کو بھی نہیں معلوم ہے کہ ٹرسٹیوں میں کون لوگ شامل ہیں ۔ یہاں بورڈ پر نام کچھ ہوتا تھا اور وقف بورڈ کے ریکارڈ میں نام کچھ اور درج ہے  ۔ اگر ان کے خلاف کوئی آواز بلند کرتا تو ڈاکٹر نصیر ان کے خلاف ٹریبونل کورٹ میں متعدد کیس درج کرکے پریشان کرتے  ہیں۔ یہ کیس اورنگ آباد میں چلتا ہے  اور اب تک انھوں نے کئی افراد کو اس طرح کے کیس میں ڈال کر پریشان کیاہے جس کی وجہ سے کوئی شخص ان کے خلاف آواز نہیں اٹھاتا  ۔ 
 وسئی میں مقیم خضر نامی شخص نے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر نصیر شیخ کے خلاف کئی بار وقف بورڈ اور پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت کی گئی تھی لیکن وہ کسی نہ کسی طرح  کارروائی سے بچتے رہے ۔مقامی افراد کی متعدد شکایتوں اور گزشتہ جمعہ کو  جامع مسجدوسئی کے  مصلیان کے احتجاج کے بعد وقف بورڈ مہاراشٹر نے محسوس کیا کہ ٹرسٹ کی وجہ سے علاقے کا ماحول خراب ہوسکتا ہے۔ اس کے بعد وقف بورڈ کی جانب سے جامع مسجد ٹرسٹ وسئی کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ انھوں نےیہ بھی بتایا کہ جمعرات کو دوپہر تقریباً ۳؍بجے  وقف بورڈ کے زونل ریجن آفیسر عبدالعتیق خان اپنے عملے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ جامع مسجد وسئی پہنچے اور انھوں نے  مسجد کے اندر   بورڈ پر وقف بورڈ کا نوٹس چسپاں کیا ۔  انھوں نے مزید بتایا کہ زونل آفیسر عتیق خان نے مسجد میںموجود مصلیان اور مقامی افرادکو بھی نوٹس پڑھ کرسنایا ۔ آفیسر نے مسجد کے دفتر کو سیٖل کردیا ہے اور جامع مسجد ٹرسٹ کے عہدیداروں کو ہٹاکر ٹرسٹ کی ذمہ داری وقف بورڈ نے اپنے ہاتھ میں لے لی ہے ۔ وقف بور ڈ نے لوگوں سے کہاہے کہ ٹرسٹ کے بینک کھاتے بھی منجمد کردیئے جائیں گے ۔ 
 اس ضمن میں نمائندہ انقلاب نے وقف بورڈ مہاراشٹر( ممبئی کوکن ڈویژن )کے افسر عبدالعتیق خان سے بات چیت کی تو انھوں نے کہا کہ جامع مسجدٹرسٹ وسئی کے عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے تمام اختیارات ختم کردیئے گئے اور جب تک ٹرسٹ پر لگائے گئے الزامات ختم نہیں ہوجاتے ،  اس وقت تک جامع مسجد ٹرسٹ وسئی کی تمام ملکیت کی دیکھ ریکھ وقف بورڈ مہاراشٹر کرے گا ۔ 
 اس سلسلے میں انقلاب نے جامع مسجد ٹرسٹ وسئی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نصیر شیخ سے استفسارکیا تو انھوں نے بتایا کہ وقف بور ڈ کی  ٹرسٹ کے خلاف  کارروائی غیر قانونی ہے کیونکہ اس سے پہلے جو ٹرسٹ کے خلاف کیس کورٹ میں فائل کیا گیا ، اس کی کاپی ٹرسٹ کو نہیں دی گئی  ہے۔ اس کے علاوہ تمام الزامات پر ابھی تک شنوائی  نہیں ہوئی ہے۔ اس سے قبل اس طرح ٹرسٹ کے  خلاف کیسے قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب میں ایک کیس کیلئے ہائی کورٹ میں تھا ۔  حالانکہ جب تک کیس کی انکوائری مکمل نہیں ہوجاتی ، اس سے پہلے اس طرح کی کارروائی غلط ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK