Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنگ تھم گئی، امریکہ کا اہم رول، پاکستان کو وارننگ

Updated: May 11, 2025, 9:49 AM IST | New Delhi

جنگ بندی کا اعلان ڈونالڈ ٹرمپ نے کیا، ہندوستان نے واضح کیا کہ پاکستان پر تمام پابندیاں برقرار رہیں گی، کل ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز کی میٹنگ۔

Prime Minister Narendra Modi addressing a high-level meeting shortly after the ceasefire announcement. Photo: PTI.
وزیراعظم نریندر مودی جنگ بندی کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

ان اندیشوں کےبیچ کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے، سنیچر کو دونوں ملکوں   نے جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے ایک دوسرے پر حملے نہ کرنےپر اتفاق کرلیا۔ سنیچر کو ۵؍ بجکر ۲۵؍ منٹ پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوری اور مکمل جنگ بندی کا اچانک اعلان کرکے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سب کو حیران کردیا۔ بعد میں  ہندوستان اور پاکستان نے اس کی تصدیق کی۔ 
خارجہ سیکریٹری وکرم مصری نے سنیچرکی شام ایک خصوصی بریفنگ میں جنگ بندی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی ایم او) نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے ۳؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر ٹیلی فون پر بات چیت کا آغاز کیا۔ اس بات چیت میں دونوں نے شام ۵؍بجے سے ہر طرح کی فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق کیا۔ اس حوالے سے دونوں ممالک نے اپنی مسلح افواج کو اس پر عمل درآمد کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ‘‘
کل ڈی جی ایم او سطح کی گفتگو
دونوں فوجی افسران(ڈی جی ایم او) پیر یعنی ۱۲؍ مئی کو دوپہر ۱۲؍ بجے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دوبارہ گفتگو کریں گے۔ ہندوستان نے واضح کردیا ہے کہ یہ جنگ بندی اس کی شرائط کے مطابق ہی ہوئی ہے۔ اب اگر پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ ہوا تو اسے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور پھر پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جائے گی۔ جنگ بندی اتنی حیرت انگیز نہیں ہے جتنی یہ بات حیرت انگیز ہے کہ امریکی صدر نے اس کا اعلان کیا۔ 
ٹرمپ کا اعلان کرنا حیرت انگیز
انہوں  نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ٹروتھ پر پوسٹ کیا کہ ’’امریکہ کی ثالثی میں رات کوطویل بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بے حدخوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کو دانشمندی اور سوجھ بوجھ سے کام لینے پر مبارکباد۔ ‘‘ ا س کے کچھ ہی دیر بعد امریکی وزیر خارجہ نے بھی جنگ بندی کی اطلاع دی۔ 
وزیراعظم مودی کی قیادت میں  میٹنگ
جنگ بندی کے اعلان کے فوراً بعد وزیراعظم مودی کی قیادت میں  اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں  فوج کے تینوں  شعبوں کےسربراہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے ) اجیت ڈوبھال، وزیرخارجہ جے شنکر اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف انل چوہان موجود تھے۔ ہندوستان نے پاکستان کو سخت وارننگ دی ہے کہ اس کی جانب سے مستقبل میں  کشیدگی کے اضافہ کا باعث بننے والے کسی بھی اقدام کاپوری قوت کے ساتھ فیصلہ کن انداز میں  جواب دیا جائےگا۔ 
وزیر خارجہ کی وارننگ
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جنگ بندی پر کہا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔ انہوں نےکہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK