• Tue, 16 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیشتر ریاستوں میں آئندہ دنوں شدید سردلہر کی وارننگ

Updated: December 15, 2025, 1:22 PM IST | Agency | New Delhi

محکمۂ موسمیات نے ملک بھر میںدرجہ حرارت میںکمی کا امکان ظاہر کیا مگر شمال مغربی حصہ میں درجہ حرارت بڑھے گا ،کئی ریاستوں میں کہرا چھایارہے گا۔

Visibility has been reduced in New Delhi due to cold, haze and pollution. Picture:  PTI
نئی دہلی میں سردی ، کہرے اور آلودگی کی وجہ سے حد بصارت کا فی کم ہوگئی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
ملک بھر کی کئی ریاستوں میں موسم کا مزاج تیزی سے بدلنے کی توقع ہے۔ مختلف علاقوں میں بارش، گھنے کہرے او ر سرد لہرجاری رہ سکتی ہے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق شمالی ہندمیں شدید سردی کا امکان ہے ۔ جموں کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری جاری رہ سکتی ہے جبکہ شمال مشرقی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں گھنا کہراچھائےرہنے کا امکان ہے۔
ملک کے کئی علاقوں میں موسم بدل رہا ہے۔ شمالی ، مشرقی، وسطی، شمال مشرقی اور جنوبی ہندوستان کے کئی علاقوں میں اب شدید سردی پڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین  دنوں یعنی۱۵؍، ۱۶؍ اور۱۷؍ دسمبر کے دوران تلنگانہ اور اندرونی کرناٹک کے بعض علاقوں میں سردلہر میں اضافے کا امکان ہے۔ مزید برآں، چھتیس گڑھ اور ادیشہ میں۱۵؍ دسمبر کو سرد لہر آنے کا قوی امکان ہے۔۱۴؍ سے۱۶؍ دسمبر تک صبح کے اوقات کے دوران مشرقی اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں گھنا کہرا چھایا رہے گا۔ شمال مشرقی ریاستوں ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ کے کچھ علاقوں میں ۱۵؍ سے۱۸؍ دسمبر تک سرد اور گھنا کہرا چھایا رہےگا۔ ہماچل پردیش میں ۱۵؍ دسمبر کو اور پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی میں ۱۵؍ سے ۱۶؍دسمبر کو صبح کے اوقات میں گھنی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ شمال مغربی ہندوستان میں اگلے۴۸؍ گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں تقریباً۲؍ ڈگری سلسیس کا اضافہ ہوسکتا ہے۔اگلے۵؍ دنوں میں مہاراشٹر میں کم سے کم درجہ حرارت میں بتدریج۲؍ سے۳؍ ڈگری تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔اگلے۴؍ دنوں کے دوران گجرات کے علاقے میں کم از کم درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہ آنے کا امکان ہے۔اگلے۷؍دنوں میں وسطی ہندوستان، مشرقی ہندوستان اور شمال مشرقی ہندوستان میں کم از کم درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی۔
ہلکی بارش اور برف باری کا امکان
آئی ایم ڈی کے مطابق۱۸؍دسمبر تک جموں و کشمیر کے مغربی ہمالیائی علاقے، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ برف باری کا بھی امکان ہے۔۱۵؍ دسمبر تک انڈمان اور نکوبار جزائر میں ۳۰؍سے۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
دہلی میں ہوا کی رفتار سست، موسم خراب 
قومی راجدھانی میں ہوا کی سست رفتار اور خراب موسم کی وجہ سے اتوار کو ہوا اس سال کی سب سے خراب زمرے میں پہنچ گئی ہے۔ صبح کی شروعات کہرے اور دھند سے ہوئی اور آسمان میں اسموگ کی موٹی چادر کے سبب حد بصارت بھی کافی کم رہی۔ سانس لینے میں ہورہی دشواری کے درمیان لوگ ماسک پہنے نظر آئے۔ خارش کی وجہ سے لوگ آنکھ بھی ملتے دیکھے  گئے۔ وہیں ایئر کوالٹی ارلی وارننگ سسٹم کے مطابق اتوار کی صبح راجدھانی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی)۴۶۲؍ درج کیا گیا۔
قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں اتوار کو پورے دن آسمان میں بادل چھائے رہے اور ہوا کی رفتار تیز رہی۔ اس کے علاوہ راجدھانی اور گردونواح میں فی الحال شدید سردی کا کوئی امکان نہیں ہے اور۱۹؍دسمبر تک درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ رہے گا۔ 
وادی کشمیر میں برف باری
وادی کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی برف باری ہوئی جس سے شدید سردی سے راحت ملی ہے۔ سردی نے گزشتہ دو ہفتوں سے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔تازہ اور ہلکی برف باری گاندربل ضلع کے زوجیلا پاس، مینا مرگ اور بالتل اور بانڈی پورہ ضلع کے گریز علاقے کے تلیل میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ علاقے وادی میں اونچائی والے مقامات ہیں جہاں ہندوستانی محکمہ موسمیات نے سنیچر کو ہلکی برف باری کی پیش گوئی کی تھی۔ برف باری سے وادی بھر میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جہاں جمانے والے سرد اور خشک موسم نےعوام کی زندگیوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا۔
آئی ایم ڈی نے اتوار کی صبح سری نگر میں دو ڈگری سلسیس، پہلگام میں۲ء۴؍ ڈگری، کپواڑہ میں۱ء۲؍ ڈگری، گل مرگ میں۱ء۴؍ ڈگری ، بڈگام میں۱ء۲؍ ڈگری، بارہمولہ میں۰ء۸؍  سے۱ء۴؍ڈگری، پلوامہ میں منفی۲ء۷؍ڈگری اور سون مرگ میں منفی۰ء۴؍ ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔جموں خطہ میں کشمیر کے مقابلے میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جموں شہر میں۱۱ء۴؍ ڈگری، کٹھوعہ میں۸ء۸؍ ڈگری ، ادھم پور میں۷ء۵؍ ڈگری ، رام بن میں۸ء۸؍ ڈگری، سانبا میں۷ء۴؍ڈگری ، راجوری میں ۶؍ ڈگری  ، کشتواڑ میں۷ء۶؍ ڈگری ، ریاسی میں۱۰؍ ڈگری  اور ڈوڈہ میں۸ء۳؍ ڈگری  درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK