Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویٹنگ ٹکٹ پر سفر کرنے والوں کوٹرین سے اتار دینے کا انتباہ!

Updated: August 25, 2025, 1:07 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

مسافروں نے ریلوے سے سوال کیا کہ دیوالی پر اکتوبر کی بکنگ میں۵۵۰؍ تک کس بنیاد پر ویٹنگ لسٹ جاری کی گئی جبکہ کسی صورت یہ کنفرم نہیں ہوگی۔ پھر ریزرویشن اور منسوخی پر زمروں کے حساب سے۱۲۰؍روپے سے۲۵۰؍روپے تک کاٹے جاتے ہیں۔ آخر۶۰؍دن قبل بکنگ پر مسافروں کو کیا ملا؟

A waiting list of up to 550 has been issued for ticket reservations 60 days in advance. Photo: INN
۶۰؍ دن قبل ٹکٹ ریزرویشن کیلئے۵۵۰؍ تک ویٹنگ لسٹ جاری کی گئی ہے۔ تصویر: آئی این این

ویٹنگ لسٹ کے نام پر سختی اور مسافروں کو ٹرین سے اتارنے کا سخت انتباہ دیا جارہا ہے۔ باربار اعلان کرکے مسافروں کو متنبہ کیا جاتا ہے اور کارروائی بھی کی جارہی ہے۔ ‌ ریلوے کے اس طریقہ کار پر مسافروں کا الزام ہے کہ خود ریلوے نے اسے اپنی کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے اور یہ بڑا کھیل ہے۔ یوپی جانے والی ٹرینوں میں دیوالی (اکتوبر) میں ۶۰؍دن قبل ریزرویشن کیلئے ۵۵۰؍ تک ویٹنگ لسٹ جاری کی گئی ہے جو کسی صورت کنفرم نہیں ہوگی۔ پھر بھی نامعلوم کیوں اور کس بنیاد پر دی گئی ہے اور انتباہ مسافروں کو دیا جارہا ہے‌۔ مضحکہ خیز یہ ہے کہ ریزرویشن اور منسوخی کے نام پر سلیپر اور اے سی کے زمروں کے حساب سے فی ٹکٹ۱۴۰؍ روپے سے۲۵۰؍ روپے تک الگ سے کاٹا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں ریلوے کے ذریعے دو مہینہ پیسہ الگ استعمال کیا جائے گا، اس طرح مسافروں کے ہاتھ کچھ نہیں لگے گابلکہ ان کا نقصان ہی نقصان ہوگا۔ اس طریقہ کار پر مسافروں نے شدید ناراضگی ظاہر کی۔ 
ریلوے کی صفائی
 ریلوے نے اس کیلئے بکنگ کھڑکی سے لئے جانے والے ٹکٹ اور آئی آر سی ٹی سی کے ذریعے بک کرائے جانے والے ٹکٹ کے حوالے سے صفائی دی۔ سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے بتایا کہ کھڑکی پر ٹکٹ لینے پر۱۰؍ تا ۱۵؍ فیصد کے بعد روک لگادی جاتی ہے، مزید ویٹنگ جاری نہیں کیا جاتا ہے مگر انڈین ریلوے کیٹرنگ کارپوریشن(آئی آر سی ٹی سی) کی ویب سائٹ پر بکنگ کرانے پر ایسا نظم نہیں ہے بلکہ جس کا بھی پیسہ اکاؤنٹ سے کٹ جاتا ہے، اسے ٹکٹ دیا جاتا ہے۔ اسی لئے۵۵۰؍ تک ویٹنگ پہنچی ہوگی۔ تاہم چیف پی آر او کے پاس اس کا جواب نہیں تھا کہ اس نظام کو کیسے درست کیا جائے گا اور اس میں مسافروں کا کیا قصور ہے؟ اسے کنفرم ٹکٹ دیا جائے اور اگر ریلوے اس میں ناکام رہے تو ایک روپے بھی مسافر کا نہ کاٹا جائے۔ 
مسافروں کی ناراضگی خود ان‌ کی زبانی 
 ٹکٹ ایجنٹ شبلی مسرور اختر سے اس بابت سمجھنے پر انہوں نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ سوال یہ ہے کہ جب ویٹنگ کنفرم نہیں ہوتی ہے توکیوں دی جارہی ہے۔ کیا ریلوے کا مقصد صرف پیسہ کمانا ہے، اگر ایسا نہیں ہے تو ضمانت دی جائے کہ ٹکٹ کنفرم ہوجائے گا۔ انھوں نے ریزرویشن اور کینسلیشن کے تعلق سے بتایا کہ سلیپر پر۱۲۰؍روپے کینسلیشن چارج لیا جاتا ہے، تھری ٹائر اے سی میں ۱۸۰؍ روپے اور سکینڈ اے سی پر ۲۰۰؍ روپے کاٹے جاتے ہیں۔ اسی طرح ریزرویشن کرانے پر سلیپر میں ۲۰؍ روپے، تھری ٹائر اے سی میں ۴۰؍ روپے اور سکینڈ اے سی پر۵۰؍روپے چارج وصول کیا جاتا ہے۔ اس طرح ریزرویشن اور ٹکٹ کی منسوخی پر مجموعی طور پر سلیپر می۱۴۰؍ روپے، تھری ٹائر پر۲۲۰؍ روپے اور سکینڈ اے سی پر۲۵۰؍ روپے کا مسافر کا نقصان ہوتا ہے‌ اور ریلوے کا فائدہ ہی فائدہ ہے۔ کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ مسافر ہم سے بھی الجھ جاتے ہیں۔ 
 محمد راشد سلمانی نے اپنا تجربہ بتایا کہ دیوالی یا گرمی کی چھٹی یا چھٹھ وغیرہ تہوار میں چند نمبر تک بھی ویٹنگ کنفرم نہیں ہوتا ہے، ۵۵۰؍ تو حد سے زیادہ ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’میں نے گزشتہ سال گرمی میں اپنے بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے یوپی جانے کیلئے ۴؍ ماہ قبل اے سی تھری ٹائر کا ٹکٹ نکالا تھامگر آخری تاریخ تک میرا اور فیملی کا۱۳؍نمبر ویٹنگ بھی کنفرم نہیں ہوا۔ ہم بھی روز سنتے ہیں کہ باربار ریلوے اسٹیشنوں پر اعلان کیا جاتا ہے اور مسافروں کو انتباہ دیا جاتا ہے کہ ویٹنگ ٹکٹ والے مسافر ریزرویشن ڈبے میں نہ بیٹھیں، اگلے اسٹیشن پر انہیں اترنے پر مجبور کیا جائے گا۔ سوال یہ ہے کہ ریزرویشن کا چارج دے کر ویٹنگ لینے کا کسے شوق ہے، یہ تو ریلوے کی ذمہ داری ہے مگر وہ مسافروں کی جیب خالی کررہی ہے‌۔ ‘‘
 وارث علی شیخ (ہیومن رائٹس اسوسی ایشن) نے کہا کہ’’ یہ مسافروں کے ساتھ مذاق ہے۔ ریلوے انتظامیہ ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے کسی نہ کسی بہانے ہاتھ کھڑے کردیتا ہے۔ ویسے بھی اس معاملے میں ریلوے کا فائدہ ہی فائدہ ہے، نقصان اور پریشانی برداشت کرنا تو مسافروں کو ہوتا ہے۔ اس لئے خاص طورپر یوپی اور بہار جانے والے مسافروں کے لئے اس کا حل نکالنا ضروری ہے۔ ‘‘
ویٹنگ لسٹ کی ایک جھلک 
۲۲۱۷۷؍ مہانگری ایکسپریس(سی ایس ایم ٹی سے بنارس) میں تھری ٹائر اے سی میں ۵۵۰؍، اے سی۲؍ ٹائر میں ۱۲۳؍ اور سلیپر میں ۳۱۸ 
۲۲۵۳۸؍ کشی نگر ایکسپریس (ایل ٹی ٹی سے گورکھپور) تھری ٹائر اے سی۳۵۴؍ اور سلیپر۱۳۸
۱۱۰۶۱؍ جے نگر ایکسپریس (ایل ٹی ٹی سے پٹنہ) تھری ٹائر اے سی۲۵۸؍ اور سلیپر کلاس میں ۲۶۳؍ ویٹنگ ہے‌۔ یہ۱۹؍اکتوبر کی ویٹنگ لسٹ کی ایک جھلک ہے‌۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK