کنوئیں اور بورویل کی سطح آب گھٹ گئی ہے،اسکے باعث گاؤں والوں کو محدود مقدار میں پانی مل رہا ہے۔
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 3:44 PM IST | Agency | Latur
کنوئیں اور بورویل کی سطح آب گھٹ گئی ہے،اسکے باعث گاؤں والوں کو محدود مقدار میں پانی مل رہا ہے۔
لاتور ضلع کے وڈوال ناگ ناتھ گاؤں میں پانی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ تقریباً۱۱؍ ہزار کی آبادی والے اس گاؤں میں کنوؤں اور بورویلز میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ لوگوں کو گھنٹوں قطار میں کھڑے رہنے کے بعد بھی صرف۵؍ گھڑے پانی مل پا رہا ہے۔ بارش کی کمی کے باعث پانی کا بحران ابھی سے گہرا ہونے لگا ہے۔ چاکور تحصیل کے وڈوال ناگ ناتھ گاؤں میں حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ لوگوں کو پانی کےلئے دن رات کئی گھنٹوں تک قطار میں کھڑا رہنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں لوگوں کے سامنے پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ گھر کی دیگر ضروریات پوری کرنے کا بھی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
تقریباً۱۱؍ ہزار کی آبادی والے اس گاؤں میں روزانہ لاکھوں لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن گاؤں کی پانی کی ٹنکی کو پانی فراہم کرنے والے کنوؤں اور بورویلز میں پانی مسلسل کم ہو رہا ہے۔ پانی کی دستیابی گھٹنے کی وجہ سے دیہاتیوں کو محدود مقدار میں ہی پانی مل پا رہا ہے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ پانی کی کمی کا اثر اب مویشیوں پر بھی پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایس آئی آر: ناگپور ضلع میں تقریباً آٹھ لاکھ ۶۵؍ہزار ووٹروں کو نوٹس بھیجے گئے
ان کا سوال ہے کہ جب انسانوں کے لیے ہی پانی دستیاب نہیں ہے تو مویشیوں کو پانی کہاں سے پلایا جائے؟ دیہاتیوں کے مطابق، پانی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی کسان اپنے مویشی فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں میں سرکاری ٹینکروں کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع کی جائے اور انتظامی افسران پانی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت پانی کا انتظام نہیں کیا گیا تو آنے والے مہینوں میں یہ بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔
صرف۳۰؍ فیصدبارش ہوئی
اس بحران کی بڑی وجہ اس سال ہونے والی کم بارش کو قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق، لاتور میں مانسون کے دوران معمول کی بارش کا صرف۳۰؍ فیصدپانی برسا ہے۔ گرمی کا موسم آنے میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں، لیکن گاؤں میں ابھی سے پانی کی قلت شروع ہو گئی ہے۔ ایسے میں گرمیوں میں حالات مزید خراب ہونے کے خدشے سے دیہاتی تشویش میں مبتلا ہیں۔