Inquilab Logo

باندرہ مشرق کی پی ایم جی پی کالونی میں پانی کی قلت اورصاف صفائی کا فقدان

Updated: March 12, 2021, 6:14 AM IST | Kazim Shaikh | Bandra

بھارت نگرکی اس کالونی کے لوگوں کو پانی حاصل کرنے کیلئے دیگر علاقوں میں جانا پڑتا ہے ۔ کوڑاکرکٹ کے ڈھیر سےبھی پریشان ۔ شکایتوں کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونے پر شہری انتظامیہ سے سخت ناراض

Bandra - Pic : Inquilab
بھارت نگر کی پی ایم جی پی کالونی میں کوڑاکرکٹ کا ڈھیر نظر آرہاہے اور گٹریں بھی گندگی سے بھری ہوئی ہیں۔ (تصاویر: انقلاب

یہاں  کے مشرقی علاقے بھارت نگر کی  پی ایم جی پی کالونی میں بی ایم سی ، مہاڈا اور مقامی کارپوریٹر کی مبینہ لاپروائی کے نتیجے میں جگہ جگہ کوڑاکرکٹ کا انبار ہےجس کی وجہ سے مکینوں کو کافی تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ علاقے میں پانی کی قلت کے سبب وہ دیگر علاقوں  سے پینے کا  پانی لانے پر مجبور ہیں ۔  اگر کسی نل میں تھوڑا بہت پانی آتا بھی ہے تو وہ اتنا آلودہ اور بدبودار  ہوتا ہے کہ اسے استعمال نہیں کیا جاسکتا ۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں اور عوامی نمائندے سے تحریری شکایت بھی کی گئی لیکن اب تک اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی ۔
    بھارت نگر کے  ٹاٹا  ٹرانزٹ کیمپ ، پی ایم جی پی کالونی میں اجول ویلفیئر سوسائٹی کے صدر محبوب شیخ نے نمائندۂ انقلاب سےگفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ’’ برسوں سے اس علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پانی کی سپلائی نا کے برابر ہوتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مکینوں کو یہاں سے کافی دور  اسلام پورہ ،کھیر واڑی کالونی ، پتھر نگر چال اور دیگر علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے ۔‘‘ انھوں نے مزید الزام لگایا کہ ’’پورے علاقے میں اگرکسی نل میں  پانی تھوڑابہت آتا بھی ہے تو  وہ استعمال کے لائق نہیں ہوتا ہے کیوں کہ وہ  آلودہ ہوتا ہے اور اس سے بدبوبھی  آتی ہے ۔یہ  پائپ لائن تقریباً ۳۰؍ سال پرانی ہے اور زمین کے اتنے اندر گٹروں کے درمیان سے گزرتی ہے جس کی وجہ سے اس میں گندے پانی   آمیزش ہوجاتی ہے۔  یہی وجہ ہے کہ کئی علاقے میں  مکین پانی کا ٹینکر منگوانے پر مجبور ہیں ۔ ‘‘
 محبوب شیخ کے مطابق ’’ علاقے میں جگہ جگہ گندگی کا ڈھیر ہے ۔ کوڑا کرکٹ سے گٹریں بھری پڑی ہیں ۔ صاف صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گٹر کا پانی بلڈنگوں کے درمیان اور راستوں پر بہتارہتا ہے ۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں اور عوامی نمائندوں کو دی جانی والی تحریری شکایت کی کاپی دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ کئی روز گزر جانے کے بعد بھی اس جانب کوئی خاص توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ 
  بھارت نگر کی پی ایم جی پی کالونی میں رہنے والے رئیس شیخ نے کہا کہ ’’علاقے میں تقریبا  ۲۰؍ سال سے پینے کے پانی کی تکلیف ہے  ۔ہم دوسرے علاقوں میں جاکر آٹورکشا کےذریعے  ڈبوں او ر گیلن میں پانی بھر کر لانے پر مجبور   ہیں ۔ اس کے علاوہ کہیں کہیں مکین زمین میں گڑھا کھود کر پرانی پائپ لائن سے پانی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ایسی صورت میں کئی فٹ گہرا گڑھا کھود کر مگ سے پانی لے کر گیلن میں جمع کرتے ہیں ۔ ‘‘
 شاکر ٹی وی میکینک نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’پورے ٹرانزٹ کیمپ میں صاف صفائی کا فقدان ہے جس کی وجہ سے بلڈنگو ں کے درمیان کوڑا کرکٹ کا انبار لگا ہوا ہے ۔ اس بارے میں جب بھی مقامی کاپوریٹر اور بی ایم سی سے شکایت کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ مہا ڈا کی ذمہ داری ہے۔ مہاڈا کے افسران کہتے ہیں کہ علاقے کی بلڈنگیں  ری ڈیولپمنٹ کیلئے ٹوٹنے والی ہیں ۔ اس لئے اس پر کوئی نیا کام نہیں کیا جارہا ہے ۔حالاں کہ اس طرح کی باتیں ہم لوگ برسوں سے سنتے آرہے ہیں ۔ ‘‘
 اس ضمن میں نمائندۂ انقلاب نے  مقامی کاپوریٹر گلناز قریشی کے شوہر سلیم قریشی سے بات چیت کی تو انھوں نےکہا کہ برسوں پہلے یہاں ڈالی گئی  پائپ لائن سڑگئی ہے جس کی وجہ سے پانی کی تکلیف تھی ۔ کچھ ہی دنوں پہلے بھارت نگر کے متعدد علاقوں میں نئی پائپ لائن میں نے بی ایم سی کے ذریعےبچھائی ہے لیکن تمام علاقوں میں ابھی تک کام مکمل نہیں ہوسکا ہے ۔ صاف صفائی سے متعلق سلیم قریشی کا کہنا ہے کہ یہاںپر صاف صفائی کی ذمہ داری مہاڈا کی ہے اور مہاڈا کے ذریعے صفائی کا ٹھیکہ بھی دیا گیا ہے، اس کے باوجو دبی ایم سی کے ذریعے میں خود صفائی کرواتا  رہتا ہوں ۔  ‘‘
 اس ضمن میں علاقے کے رکن اسمبلی ذیشان صدیقی سے گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہیں ہوسکا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK