Inquilab Logo Happiest Places to Work

واٹر ٹینکرز اسوسی ایشن کا خدمات معطل کرنے کا اعلان

Updated: June 07, 2026, 11:25 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

سی جی ڈبلیو اے کے سخت قوانین کے خلاف شہر و مضافات کے پانی ٹینکر والوں نے اتوار کی نصف شب سے پانی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

This move will affect housing societies, high-rise buildings, malls, schools, hospitals and commercial establishments. Photo: INN
اس اقدام سے ہاؤسنگ سوسائٹیز، بلند و بالا عمارتیں، مالز، اسکول، اسپتال اور تجارتی ادارے متاثر ہوں گے۔ تصویر: آئی این این

شدید گرمی اور پانی کی قلت سے ۱۰؍فیصد پانی کی کٹوتی کے درمیان ممبئی واٹر ٹینکرز اسوسی ایشن (ایم ڈبلیو ٹی اے) نے اتوار کی نصف شب سے غیر معینہ مدت کیلئے اپنی خدمات منسوخ کرنے کا اعلان کر کے شہرومضافات کیلئے پانی کے بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔

  ایم ڈبلیو ٹی اے نے اتوار سے اپنے تمام ٹینکرز کو سڑک کے کنارے کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ممکنہ طور پر شہر کے لاکھوں مکینوں کیلئے پانی کا ایک بڑا بحران پیدا کر سکتا ہے ۔ بالخصوص ہاؤسنگ سوسائٹیز، بلند و بالا عمارتیں، مالز، اسکول، اسپتال اور تجارتی ادارے اس سے متاثر ہوں گے، کیونکہ ان کیلئے پانی کی فراہمی کا زیادہ تر انحصار ٹینکرز پر ہے ۔ ایم ڈبلیوٹی اے نے اس تعلق سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو مکتوب روانہ کیاہے جس میں فوری ہنگامی میٹنگ اور ٹینکر کے کاروبار سے متعلق ضوابط میں نرمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ڈی آر پی کے سربراہ کی غلط بیانی کو ہر دھاراوی واسی تک پہنچانے کا عہد

ایم ڈبلیو ٹی اے نے ۷؍جون کی آدھی رات سے پانی ٹینکر خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پانی سپلائی اس وقت تک منسوخ رہے گی جب تک حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ کوئی قابل عمل حل نہیں نکل جاتا ۔

ایم ڈبلیو ٹی اے کی اس اچانک اعلان کے پیچھے بنیادی وجوہات سینٹرل گراؤنڈ واٹر اتھاریٹی  (سی جی ڈبلیواے) کے سخت ضابطے، پولیس اور انتظامیہ کی کارروائیاں اور ٹینکر چلانے والوں کے خلاف درج ہونےوالی ایف آئی آر کی بڑھتی ہوئی تعداد ہیں ۔ ٹینکر مالکان طویل عرصے سے ان ضوابط میں نرمی اور ٹینکر کے کاروبار کیلئے واضح پالیسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایم ڈبلیوٹی اے کا دعویٰ ہے کہ ممبئی میں واٹر ٹینکر سروس تقریباً ۸۰؍ برسوں سے عوام کی ضروریات کو پورا کر رہی ہے۔ یہ سروس خاص طور پر ان علاقوں میں بہت اہم ہے جہاں بی ایم سی کے پانی کی فراہمی ناکافی ہے ۔

ایم ڈبلیو ٹی اے کے ترجمان انکور شرما نے انقلا ب کو بتایا کہ ’’ ممبئی کے واٹر ٹینکر والوں نے زمینی پانی نکالنے اور ریگولیٹری تعمیل کے مسائل پر حکام کی طرف سے شروع کی گئی کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنی خدمات کو اتوار سے معطل کر نے کافیصلہ کیا ہے  جس سے شہر کے مختلف حصوں میں پانی کی سپلائی میں ممکنہ خلل پڑنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں ۔ یہ احتجاج سینٹرل گراؤنڈ واٹر اتھاریٹی (سی جی ڈبلیو اے) کے سخت اصولوں کے خلاف ہے ۔ ایم ڈبلیوٹی اے سے صلاح و مشورہ کئے بغیر سی جی ڈبلیو اے کے ضوابط کو سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے جس سے آپریٹرز کی روزی روٹی اور ٹینکر سپلائی پر انحصار کرنے والے لاکھوں شہریوں کی پانی کی ضروریات کو خطرہ لاحق ہوگیاہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اب سیلون میں بال کٹوانا اور ڈاڑھی بنوانا بھی مہنگا، ۲۰؍ فیصد اضافہ

اس دوران انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ’’ہمارے مسائل کے حل کیلئے سرکاری عہدیداروں اور ٹینکر انڈسٹری کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی بنائی جائے جو ٹینکر والوں کاعملی اور قانونی حل تلاش کرے اور ٹینکر سروسیز کو جاری رکھنے کیلئے پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں ۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ شہرومضافات میں ۵۰۰؍ سے ۳۰؍ہزار لیٹر پانی کے تقریباً ۲۱۰۰؍ ٹینکر ہیں جو عوام کی ضروریات پوری کرتے ہیں ۔ ان کی خدمات کے منسوخ ہونے سے لوگوںکو بڑی تکلیف ہوگی لیکن ہم بھی مجبورہیں ، ۲۰۱۶ء سے مطالبہ کر رہےہیں کہ ممبئی کے جغرافیائی حالات کو دیکھتے ہوئے یہاں سی جی ڈبلیواے کے قوانین کو نافذکرنامشکل ہے لیکن حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے بڑی پریشانی ہورہی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK