ایران کی جانب سے اسرائیلی حملے کی منہ توڑ جواب دینے کی تیاری۔
EPAPER
Updated: May 25, 2025, 1:27 PM IST | Tehran
ایران کی جانب سے اسرائیلی حملے کی منہ توڑ جواب دینے کی تیاری۔
ایران نےکہا ہے کہ وہ کسی بھی دشمنانہ اقدام کے جواب کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ سنیچر کو ایک بیان جاری کرکے ایران نے کہا ہماری انگلی بندوق کے لبلبے، پر ہے اور کسی بھی دشمن کے جارحانہ اقدام کے جواب میں فیصلہ کن رد عمل دینے کیلئے تیار ہیں، ایسا رد عمل جو تصور سے بھی بڑھ کر ہو۔ ایران کی فوج پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ یہ جواب صرف خیالی حملہ آوروں کو شدید پشیمان نہیں کرے گا، بلکہ اس سے تزویراتی طاقت کا توازن حق کے محاذ کی طرف اور صہیونی ایجنٹ کے خلاف بدل جائے گا۔ ایرانی فوج کی جنرل اسٹاف کمیٹی نے بھی خبردار کیا کہ ملک کے خلاف کسی بھی ’غلط اقدام‘ پر سختی اور قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کے روز زور دے کر کہا کہ ان کا ملک اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر اسرائیل نے جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو ایران اس حملے کو قانونی طور پر امریکہ کی شراکت تصور کرے گا، اور اسے اس کے نتائج کا ذمہ دار ٹھہرائے گا۔ ‘‘اسی دوران، پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے تصدیق کی کہ اسرائیل کی کسی بھی حماقت کا تباہ کن جواب دیا جائے گا۔ یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی اور اسرائیلی ذرائع کے مطابق تل ابیب اس صورت میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات ناکام ہو جائیں۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک میں مذاکرات جاری ہیں۔