ادارہ امورحرمین شریفین کا کہنا ہے کہ صحن مطاف میں حج ایام کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 25, 2025, 6:06 PM IST | Makkah
ادارہ امورحرمین شریفین کا کہنا ہے کہ صحن مطاف میں حج ایام کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
العربیہ کے مطابق اس سال عازمین حج کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولتوں کے علاوہ صحن مطاف کی گنجائش کا اضافہ ہے۔
مطاف میں ایسے انتطامات کیے گئے ہیں کہ فی گھنٹہ ایک لاکھ 7 ہزار حجاج بیک وقت خانہ کعبہ کا طواف کرسکتے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے براہ راست صحن مطاف کو جانے والے مسجد الحرام کے مرکزی اور ذیلی دروازوں کو بھی مخصوص کیا ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ براہ راست مطاف میں پہنچ سکیں۔ادارہ امور حرمین نے ایامِ حج میں بلخصوص ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلیے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ کراوڈ کنٹرولنگ یونٹس کی جانب سے مقررہ منصوبے کے مطابق عمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: کم عمر ترین انسانی ہمدردی کی کارکن یقین حماد اسرائیلی حملے میں جاں بحق
مسجد الحرام میں ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے مسجد الحرام میں آمد ورفت کے لیے جدا راستوں کو مخصوص کیا گیا ہے جس کا مقصد مسجد الحرام میں داخل ہونے اور باہر نکلنے والوں کو ٹکراو سے محفوظ رکھنا ہے۔ ادارے کی جانب سے کراوڈ کنٹرولنگ کی ٹیمیں مختلف مقامات پرتعینات اور کنٹرول روم سے مسلسل رابطے میں ہوں گی تاکہ حجاج کرام کو ازدحام والے مقامات سے دوسری جانب منتقل کیا جاسکے۔
سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج کی تعداد ۹؍لاکھ۶۱؍ ہزار ہوگئی
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ کل ہفتہ ۲۶؍ ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد ۹؍ لاکھ ۶۱؍ ہزار ۹۰۳؍ سے زائد ہوچکی ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد ۹؍ لاکھ ۱۲؍ ہزار۵۹۸؍ ہے‘۔
’بری راستوں سے ۴۵؍ ہزار ۲۸؍ عازمین آئے جبکہ سمندری راستوں کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد ۴۲۷۷؍ رہی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیا ہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے فضائی، بری اور بحری راستوں پر عازمین کے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔