اٹھا ریزرویشن پر ایک طرف ریاست بھر میں ہنگامہ آرائی جاری ہے ، جس سے نپٹنے کیلئے حکومت روزانہ مراٹھا سماج سے کوئی وعدہ کر رہی ہے۔
EPAPER
Updated: September 14, 2023, 10:01 AM IST | Mumbai
اٹھا ریزرویشن پر ایک طرف ریاست بھر میں ہنگامہ آرائی جاری ہے ، جس سے نپٹنے کیلئے حکومت روزانہ مراٹھا سماج سے کوئی وعدہ کر رہی ہے۔
اٹھا ریزرویشن پر ایک طرف ریاست بھر میں ہنگامہ آرائی جاری ہے ، جس سے نپٹنے کیلئے حکومت روزانہ مراٹھا سماج سے کوئی وعدہ کر رہی ہے۔ لیکن ایک روز قبل ایکناتھ شندے ، اجیت پوار اور دیویندر فرنویس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جس سے لگتا ہے کہ ان کے سارے وعدے بس مراٹھا سماج کو بہلانے کیلئے ہیں۔ دراصل پیر کی رات منترالیہ میں میٹنگ کے بعد سہیادری گیسٹ ہائوس میں پریس کانفرنس بلائی گئی تھی۔ پریس کانفرنس میں اپنی اپنی کرسیوںپر بیٹھنے سے پہلے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیویندر فرنویس آپس میں باتیں کر رہے تھے، اس کے کچھ جملے مائیک میں سنائی دے گئے جس میں شندے کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں ’’ ہمیں صرف بول کر فرصت پا لینا ہے۔‘‘
پورا ویڈیو دیکھنے پر معلوم ہوتا ہے کہ ایکناتھ شندے کہہ رہے ہیں ’’ ہمیں کیا ہے ؟بولنا ہے اور چلے جانا ہے۔ بول کر فرصت پا لینا ہے۔‘‘ اس کے جواب میں اجیت پوار کہتے ہیں ’’ ہاں.... یس ‘‘ تبھی دیویندر فرنویس کہتے ہیں ’’ مائیک چالو ( آن) ہے۔‘‘ اس دوران اجیت پوار جو کرسی پر بیٹھ چکے ہیں مائیک پر ہاتھ مار کر تصدیق کرتے ہیں کہ مائیک آن ہے یا نہیں۔ ‘‘ اس ویڈیو کو شیوسینا (ادھو) کے رکن پارلیمان اوم راجے نمبالکر نے ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’ہم بول کر فرصت پالیں گے۔ یہ مراٹھا سماج پر ان کا احسان ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے سوال پر ان کی بے یقینی دکھائی دے رہی ہے۔‘‘ اس کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور ایکناتھ شندے کیلئے مصیبت بن گیا۔
اس ویڈیو میں ادا کئے گئے جملوں کا مطلب یہ نکالا گیا کہ حکومت کو محض وعدہ کرنا ہے ( ریزرویشن دینا نہیں ہے )اور یہ تینوں صرف بیان دے کر نکل جائیں گے۔ فرنویس کا مائیک آن ہونے سے خبر دار کرنا اس بات کو مزید تقویت دیتا ہے۔ جب سوشل میڈیا پر اس تعلق سے تنقیدیں ہونے لگیں تو ایکناتھ شندے نے بدھ کے روز پریس کانفرنس بلائی اور وضاحت کی کہ بات وہ نہیں ہے جو بتائی جا رہی ہے۔ شندے نے کہا ’’ حکومت مراٹھا ریزرویشن کے معاملے میں شروع ہیسے سنجیدہ ہے۔ یہ ریزرویشن قانون کے دائرے میں سمائے ا س کیلئے حکومت کوشاں ہے۔اس کیلئے تمام پارٹیوں کی میٹنگ بلا کر اتفاق بھی قائم کیا گیا ۔‘‘ وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ ’’ان سب کے باوجود کچھ مخالفین دھاندلی کرتے ہوئے ویڈیو کلپ کو غلط طریقے سے پیش کر رہے ہیں تاکہ لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہو۔‘‘ انہوں نے کہا’’ ہم لوگوں کی باتوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا اور اس کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنا قابل مذمت حرکت ہے۔‘‘ اس ویڈیو کے تعلق سے شندے نے وضاحت کی کہ وہ اجیت پوار سے یہ کہہ رہے تھے کہ انہیں ریزرویشن کے علاوہ کسی اور موضوع پر بات نہیں کرنی ہے۔ اگر میڈیا نے کوئی اور (سیاسی)بات پوچھی تو اس کا جواب نہیں دیا جائے گا۔ ہم لوگ ریزرویشن کی بات کہہ کر فرصت پا لیں گے۔ اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ منوج جرنگے سے ملاقات کیلئے جالنہ جانے والے تھے لیکن اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد انہوں نے ارادہ ترک کر دیا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ فی الحال ان کے نمائندے جالنہ جائیں گے وہ بعد میں جائیں گے۔