• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھنڈارہ میں موسم کی تبدیلی، صبح میں تیز دھوپ تو شام کو بادل

Updated: April 14, 2025, 11:52 AM IST | Bhandara

طوفانی ہواؤں سے گرمی کا اثر کچھ کم ضرور ہوا ہے لیکن درجۂ حرارت میں اضافے سے بچوں، بزرگوں اور محنت کش طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

The impact of Bhandara`s weather fluctuations is being seen on both crops and health. Photo: INN.
بھنڈارہ کےموسم میں اتار چڑھاؤ کا اثر فصل اور صحت دونوں پر نظر آرہا ہے۔ تصویر:آئی این این۔

گزشتہ ایک ہفتے سے بھنڈارہ ضلع میں موسم نے اپنے سارے رنگ دکھا دیئے ہیں۔ کبھی تیز دھوپ، کبھی بادل اور کبھی اچانک طوفانی ہواؤں کے ساتھ بے موسم بارش نے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ کسانوں کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔ ان تمام تبدیلیوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ۴۰؍ سے۴۲؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان رہتا ہے۔ دن میں چلچلاتی دھوپ ہوتی ہے اور شام کو آسمان بادلوں سے ڈھک جاتا ہے۔ موسم میں اس اتار چڑھاؤ کا اثر فصل اور صحت دونوں پر نظر آتا ہے۔ بے موسم بارش کی وجہ سے کچھ علاقوں میں مٹی میں بہتری دیکھی گئی ہے جس سے خریف کی فصل کی تیاری میں کچھ مدد مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طوفانی ہواؤں کے سبب گرمی کا اثر کچھ کم ضرور ہوا ہے لیکن درجۂ حرارت میں اضافے سے بچوں، بزرگوں اور محنت کش طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ موسم کی اچانک تبدیلی سے پھلدار درخت، سبزیاں اور کھیتوں میں کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو رہی ہیں۔ 
کچھ مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۴۲؍ ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔ چلچلاتی دھوپ میں مویشی بھی بے چین ہورہے ہیں۔ موسم کی اس غیر یقینی صورتحال سے کسان کافی پریشان ہیں۔ 
بے موسم بارش نے کچی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ مسلسل بادل چھائے رہنے سے کیڑوں کی افزائش کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ دن میں جہاں ایک طرف سورج آگ بر سا رہا ہے، وہیں دوسری طرف شام ہوتے ہی آسمان پر گھنے بادل چھا جاتے ہیں اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوتی ہے۔ اس وقت تہواروں کا سیزن چل رہا ہے لیکن طوفان اور بارش کی وجہ سے تقریبات میں خلل پڑرہا ہے۔ طوفان کے سبب کئی مقامات پر بجلی منقطع ہے جس سے ثقافتی پروگراموں میں خلل پڑ رہا ہے۔ 
بڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں مویشیوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔ جانوروں کے لئے پینے کے پانی کا مناسب انتظام کرنے اور صبح۱۱؍ بجے سے شام ۴؍ بجے کے درمیان مویشیوں کے کام کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور انہیں خوراک میں سبز چارا فراہم کرنے پرزور دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK