• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیٹی کی پیدائش پر ’FA9LA‘ ڈانس: نئے باپ کی خوشی دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین جذباتی

Updated: December 20, 2025, 6:01 PM IST | Mumbai

بیٹی کی پیدائش پر ’FA9LA‘ ڈانس کر کے خوشی منانے والے نئے باپ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ صارفین نے اس لمحے کو خالص خوشی، مثبت سوچ اور بیٹیوں کی آمد پر فخر کی خوبصورت مثال قرار دیا۔ فلم ’’دھرندھر‘‘ کا گانا ’FA9LA‘ اس وائرل رجحان کا مرکز بن چکا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک دل کو چھو لینے والے ویڈیو میں باپ بننے والے ایک نوجوان نے اپنی بیٹی کی پیدائش کی خوشی فلم ’’دھرندھر‘‘ کے مشہور ’FA9LA‘ ہُک اسٹیپ پر رقص کر کے منائی۔ ویڈیو کا آغاز اسپتال کے ایک کمرے سے ہوتا ہے، جہاں ایک نرس نومولود بچی کو گود میں لئے خوشی سے جھومتی نظر آتی ہے۔ اس کے بعد کیمرہ بچی کے والد کی طرف مڑتا ہے جو ’FA9LA‘ ڈانس کر کے اپنی بے قابو خوشی اور جذبات کا اظہار کرتا ہے، جیسے ہی وہ اپنی بیٹی کی پہلی جھلک دیکھتا ہے۔ یہ ویڈیو ایکس پر ’’ٹرینڈ کا فاتح‘‘ کے کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا جس کے بعد صارفین کی جانب سے زبردست ردِعمل سامنے آیا۔


انٹرنیٹ صارفین نے والد کی توانائی، خلوص اور خوشی بھرے انداز کو خوب سراہا۔ کئی لوگوں نے کہا کہ رقص کے ذریعے اس طرح خالص خوشی کا اظہار بیٹی کی پیدائش کیلئے ایک خوبصورت خراجِ تحسین ہے۔ بعض صارفین نے اسے ’’انٹرنیٹ پر سب سے پیاری چیز‘‘ قرار دیا جبکہ دوسروں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایک باپ کو بیٹی کی آمد پر اتنے فخر اور خوشی کے ساتھ جشن مناتے دیکھنا واقعی تازگی بخش ہے۔ کئی تبصروں میں یہ نکتہ بھی سامنے آیا کہ ایسے لمحات معاشرتی دقیانوسی تصورات کو توڑنے اور بیٹیوں کی پیدائش پر مساوی خوشی کے تصور کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’ایک ہی بیک گراؤنڈ میوزک لیکن جذبات بالکل مختلف۔ پھر بھی فاتح۔ نوزائیدہ کی آمد اس لمحے کو ناقابلِ فراموش بنا گئی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: فلسطین ایکشن کے رضاکاروں کو ’’موت کے فوری خطرے‘‘ کا سامنا: ڈاکٹرز


ایک اور صارف نے تبصرہ کیا،’’وہ واقعی حقیقی فاتح ہے! اس کی مسکراہٹ دیکھیں، کتنی قیمتی ہے۔‘‘ جبکہ تیسرے نے لکھا کہ ’’وہ بچی واقعی خوش قسمت ہے کہ ایسے خاندان میں پیدا ہوئی۔‘‘

یامی گوتم کا ردعمل
اداکارہ یامی گوتم دھر، جو فلم کے ہدایتکار آدتیہ دھر کی اہلیہ بھی ہیں، نے ویڈیو کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے اسے Hands down winnerکے کیپشن کے ساتھ وائرل ٹرینڈ کا بہترین لمحہ قرار دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:جنوبی کوریا: صدر کا ’بالوں کا جھڑنا‘ کو قومی صحت انشورنس میں شامل کرنے کا مطالبہ

نغمہ ’’فاصلہ‘‘
واضح رہے کہ ’FA9LA‘ (تلفظ: فاصلہ) فلم ’’دھرندھر‘‘ کی ریلیز کے بعد عالمی سطح پر مقبول ہو چکا ہے۔ انسٹاگرام ریلز سے لے کر یوٹیوب شارٹس تک، یہ گانا پاپ کلچر کا پسندیدہ بن گیا ہے۔ یہ دراصل بحرین کا ایک ہپ ہاپ گانا ہے، جسے Flipperachi اور Daffy نے لکھا اور گایا، جبکہ DJ Outlaw نے اس کی موسیقی ترتیب دی۔ بحرینی عربی میں ’FA9LA‘ کا مفہوم کسی خاص لفظ کے بجائے ایک “وائب” یا خوشگوار لمحے کے احساس سے جڑا ہے۔ فلم ’’دھرندھر‘‘ ۵؍ دسمبر کو ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کئے۔ اس میں اکشے کھنہ اور رنویر سنگھ کے علاوہ سنجے دت، ارجن رامپال اور سارہ ارجن بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ مضبوط کہانی، طاقتور اداکاری اور یادگار موسیقی کے باعث فلم نے ہر عمر کے ناظرین کو متاثر کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK