Inquilab Logo

آن لائن پڑھائی سے طلبہ کو ہونےوالی جسمانی تکالیف سےمتعلق ویبنار

Updated: September 20, 2020, 9:13 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

فیزیوتھیراپی کے ماہر ڈاکٹروں نے طلبہ اور گھر سے کام کرنےوالے افراد کی رہنمائی کی

Posture While Standing
ویبنار میں شامل شرکاء نے آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور گھر سے کام کرنے والوں کو مفید مشورے دئیے۔

کووڈ ۱۹؍ اورلاک ڈائون کی وجہ سے اسکولوںکے بندہونے سے طلبہ آن لائن پڑھائی کررہے ہیں۔آن لائن پڑھائی کےدوران صحیح طریقے سےنہ بیٹھنے ،پیٹھ اور گردن کے متواتر جھکے ہونےسے طلبہ متعدد قسم کی شکایتوںمیں مبتلاہورہےہیں۔ اس تعلق سےسنیچر کو سُنیّ دعوت اسلامی کی ٹیم’ امید‘ کی جانب سے منعقد ہ  ویبنار میں فیزیوتھیراپی کے ماہر ڈاکٹروں نے طلبہ اور گھر سے کام کرنےوالے افراد کی رہنمائی کی ۔
  اس موقع پر فیزیوتھیراپی کےماہر ڈاکٹر عاطف مہمتولے نے ویبنار کے شرکاء کو مخاطب کرتےہوئےکہاکہ ’’ لاک ڈائون کی وجہ سے بیشتر افراد گھر سےکام کررہے ہیں ۔ اسکول بندہونےسے طلبہ آن لائن پڑھائی کر رہے  ہیں۔ کمپیوٹر،موبائل اور  ٹیب وغیرہ کے ذریعے پڑھائی کے دوران کئی گھنٹوں تک اسکرین کےسامنے بیٹھ رہے ہیں ۔ بیٹھنے کے دوران وہ جسمانی توازن کا خیال نہیں رکھتے ۔ اگر کرسی پر بیٹھ رہےہیںتو کس طرح انہیں بیٹھناچاہئے اس بات پر توجہ نہیں دیتےہیں ۔ اسی طرح مذکورہ الیکٹرانک اشیاء کی اسکرین پر کئی گھنٹوں تک متواتر گردن جھکائے رہتےہیں جس سے ان کی گردن پردبائو پڑنے سے انہیں گردن اور کمروغیرہ کی تکلیف شروع ہوجاتی ہے ۔ان دنوں اس طرح کی شکایت عام طورپر موصول ہورہی ہے ۔ اس لئے ہم نے اس ویبنار کا انعقادکیاہے تاکہ انہیں بتایاجاسکےکہ انہیں کس طرح بیٹھنا ہے اور اسکرین پر نظر مرکوز کرنےکیلئے گردن کو کس زاویہ میں رکھنا ہے۔‘‘
 ڈاکٹر عاطف مہمتولے نے بتایاکہ ’’ کرسی پر بیٹھتےوقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ کی پیٹھ جھکی نہ ہو۔ ضرور ت محسوس کریں تو کرسی کےعقب میں ایک تکیہ رکھ لیں ۔ اسی طرح کمپیوٹر یا موبائل کے اسکرین کو مناسب فاصلے پر رکھنا چاہئے تاکہ گردن پر کم سے کم دباؤ پڑے۔‘‘
  اس ویبنار میں اس طرح کی کئی موزوں اور ضروری نصیحتوں سے ناظرین کو آگاہ کیا گیا۔  نماز کس طرح  ہماری صحت کو فائدہ پہنچاتی ہے اس کی تعلیم بھی قاری محمد رضوان خان پرنسپل ہاشمیہ ہائی اسکول کے ساتھ ڈاکٹر عاطف موہمتولے نے دی۔
  ویبنار میں موجود اساتذہ  پرویز برکاتی (رما بائی میونسپل اسکول گھاٹکوپر)اور محمد انیس  (شیخ مصری میونسپل اسکول انٹاپ ہل)  نےآن لائن تعلیم کی وجہ سے طلبہ کو پیش آنے والی جسمانی تکالیف پر تشویش کا اظہار کیا۔ ویبنا ر کی میزبانی ڈاکٹر امتیاز میمن  اور عرفان میگھانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (پولینڈ) نے انجام دی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK