قطرنے برطانیہ، کنیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنےکے فیصلےکو خوش آئند قرار دیا۔
EPAPER
Updated: September 23, 2025, 2:01 PM IST | Agency | Gaza
قطرنے برطانیہ، کنیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنےکے فیصلےکو خوش آئند قرار دیا۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس، قطر اور فلسطینی حکومت نے مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے برطانیہ، کنیڈا اور آسٹریلیا کی طرف سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کو فلسطینیوں کے حقوق کی فتح قرار دیا۔ حماس کے لیڈر محمود مرداوی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت فلسطینی حقوق اور ہمارے مقصد کی عدل و انصاف میں فتح کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ قابض اسرائیل اپنی تمام درندگی اور جرائم کے باوجود فلسطینی عوام کے حقوق کو ختم نہیں کر سکتا۔
ادھر حماس کے ترجمان نے اس اقدام کو فلسطینی عوام کے لئے ایک اہم کامیابی اور ان کے حقوق کی عالمی سطح پر توثیق قرار دیا۔ اپنے بیان میں حماس ترجمان نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس ہوگا۔
یاد رہے کہ برطانیہ، کنیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کو پرتگال کی خارجہ پالیسی کی ایک بنیادی اور مستقل سوچ قرار دیا۔ اسی دوران قطرکی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ہم مغربی ممالک کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ قطرنے برطانیہ، کنیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنےکے فیصلےکو خوش آئند قرار دیا ہے۔
قطر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام سے خطے میں پائیدار امن کے حصول کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ اسی دوران فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر فلسطین کو تسلیم کرانے میں سعودی عرب نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے برطانیہ، کنیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی جانب سے ریاستِ فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر خارجہ فارسن آغابکیان نے ان فیصلوں کو جرأت مندانہ قرار دیا اور کہا کہ یہ دن فلسطینی عوام کے لئے تاریخ ساز دن ہے۔ انہوں نے کہا،’’ ہم سعودی عرب کے اس گراں قدر کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جس نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے سلسلے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ‘‘
فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا ،’’ برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے، اس سے فلسطین کے قانونی مؤقف کو تقویت ملی ہے اور یہ قابض اسرائیل کیلئے ایک طاقت ور پیغام بھی ہے۔ ‘‘فارسن آغابکیان نے کہا ،’’ دو ریاستی حل ہی امن کا راستہ ہے اور اب وقت ہے کہ تمام فریق حقیقت کو تسلیم کریں کہ ریاست فلسطین وجود میں آ رہی ہے۔‘‘ ادھر فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی ان اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے ،’’برطانیہ، کنیڈا اور آسٹریلیا کا فلسطین کو خودمختار ریاست تسلیم کرنا ایک پائیدار امن کی جانب اہم قدم ہے۔‘‘ان کا کہنا تھا ،’’فلسطینی اتھاریٹی اپنی تمام اصلاحات اور وعدوں پر قائم ہے۔‘‘ اسی دوران فلسطین کے نائب صدر حسین الشیخ نے اس دن کو تاریخی قرار دیا اور برطانیہ، آسٹریلیا اور کنیڈا کا شکریہ ادا کیا۔