Inquilab Logo

بنگال : کانگریس اور بائیں محاذ میں سیٹوں کی تقسیم

Updated: March 06, 2021, 11:51 AM IST | Agency | Kolkata

بایاں محاذ ۱۶۶؍ سیٹوں پر جبکہ کانگریس ۹۲؍ سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، تیسرے اتحادی آئی ایس ایف کو ۳۷؍ سیٹیں دی جائیں گی، تینوں پارٹیوں کے لیڈران کی مشترکہ پریس کانفرنس ، ترنمول کانگریس اور بی جے پی سے ریاست کو نجات دلانے کا عزم

West Bengal Left - Pic : PTI
متحدہ محاذ کے لیڈران نے بمان بوس کی قیادت میں مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا ۔(پی ٹی آئی

کانگریس، بائیں محاذ اور آئی ایس ایف کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر جاری بات چیت مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کرکے  بیان  جاری کیا گیا ہے ۔    حالانکہ اس بیان میں سیٹوں کی مکمل تقسیم کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن پہلے ۲؍ مرحلوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔  پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ متحدہ محاذ ،ممتا بنرجی اور بی جے پی کے مقابلے عوام کے سامنے متبادل پیش کرے گا  اور ترنمول کی سیاست  اور بی جے پی کی منافرت آمیز پالیسیوں کے مقابلے میں متحدہ محاذ بہتر حکومت دینے کی پوزیشن  میں ہے ۔ اسی لئے اپیل کی گئی کہ مغربی  بنگال کے ووٹرس سوچ سمجھ کر اور پوری منصوبہ بندی کے ساتھ متحدہ محاذ کو فتح دلوائیں تاکہ ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ 
   اس سلسلے میں ٹریبون میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق کانگریس ۹۲؍اسمبلی حلقوں اور آئی ایس ایف ۳۶؍ سے ۳۷؍ سیٹوں پر الیکشن لڑے گی جبکہ بقیہ ۱۶۶؍  سیٹوں پر بایا محاذانتخاب لڑے گا۔ اس سلسلے میں امکان یہ ہے کہ سی پی ایم کو ۱۲۷؍ سے ۱۳۰؍ سیٹیں ملیں گی جبکہ سی پی آئی کو ۱۱؍ ، فارورڈ بلاک کو ۱۴؍  اور آر ایس پی کو ۱۱؍سیٹیں ملیں گی ۔ بائیں محاذ کے چیئرمین بمان بوس نے پریس کانفرنس کے دوران  بتایا کہ حلیف جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرکے اس پورے معاملے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ بس اس بات کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا ۔ ویسے ہم نے ۲؍ مرحلوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ سی پی ایم کے ذرائع کے مطابق بمان بوس نے گزشتہ روز ریاستی کانگریس کے صدرادھیررنجن چودھری سے طویل ملاقات کی تھی  اور اس کے بعد رات دس بجے آئی ایس ایف کے  لیڈر عباس صدیقی سے بات چیت کی تھی جس کے بعد یہ پورا معاملہ حل ہوگیا لیکن اس سلسلے میں تمام سیٹوں کی تقسیم کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا ہے۔ 
  اس بارے میں کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ پردیب بھٹاچاریہ نے کہا کہ متحدہ محاذ بی جے پی اورترنمول کانگریس کے پروپیگنڈے کے خلاف  میدان میں اتر رہا ہے  ۔عوام مرکزی حکومت کی مہنگائی اور ممتا بنرجی کے خلاف ہیں ۔اس لئے انہیں امید ہے کہ بنگال کے عوام ان دونوں کے بجائے متحدہ محاذ کو ووٹ دیں گے ۔  متحدہ محاذ کی ریلی میں زبردست بھیڑ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ اس سلسلے میں سی پی ایم  لیڈر اور ایم ایل اے تنمئے بھٹاچاریہ نے کہا ہے کہ وہ ریاست میں ۱۷۵؍نشستوں کے ساتھ اقتدار میں آرہے ہیں۔ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ انہیں ہوگا۔
 پہلے دو رمرحلوں میں بھی بائیں محاذ کے سب سے زیادہ امیدوار ہیں۔ وہ یہاں ۴۰؍ سیٹوں پر الیکشن لڑے گا جبکہ کانگریس ۱۲؍ اور آئی ایس ایف ۵؍ سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔ فی الحال نندی گرام جہاں سے ممتا بنرجی الیکشن لڑنے والی ہیں ، کون سی پارٹی ان سے مقابلہ کرے گی یہ طے نہیں ہے لیکن اس سلسلے میں بمان بوس نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے لیڈران جلد ہی اس معاملے کو بھی طے کرلیں گے تاکہ ممتا سے سخت مقابلہ کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK