Inquilab Logo

غزہ جنگ: فلسطینی بچوں نے امریکی یونیورسیٹوں کے طلبہ کا شکریہ ادا کیا

Updated: May 02, 2024, 5:34 PM IST | Jerusalem

فلسطینی بچوں نے غزہ کے شہر البلاح میں جمع ہو کر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ بچوں نے عرب اور یورپی یونیورسٹیوں کے طلبہ سے گزارش کی کہ وہ غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی یونیورسٹیوں کی تقلید کریں۔

Palestinian child with banner. Image: X
فلسطینی بچے بینر کے ساتھ۔ تصویر: ایکس

فلسطینی بچوں نے مرکزی غزہ میں جمع ہو کر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔غزہ کے شہر دیر البلاح میں فلسطینی بچوں کے ہاتھ میں بینر تھے جن پرمختلف رسم الخط قلمبند تھے جیسے کہ ’’امریکی یونیورسیٹوں کے بہادر طلبہ کا شکریہ۔‘‘،’’غزہ کے ساتھ کھڑے رہنے کیلئے ہم آپ کے مشکور ہیں۔ وغیرہ۔‘‘

 ایک بے گھر بچی اوانی خطاب نے ترکی کی خبر رساں ایجنسی انادولو کو بتایا کہ ’’ہم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔عرب اور یورپی یونیورسٹیوں کے طلبہ کو چاہئے کہ وہ غزہ میں جنگ کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے ان طلبہ کی تقلید کریں۔‘‘

 ایک فلسطینی خاتون نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر عرب یونیورسٹیوں کے طلبہ سے گزارش کی کہ ’’وہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے رہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’مجھے ڈر ہےکہ یتیم فلسطینی بچے کل ہم سے انتقام لینے نہ اُٹھ کھڑے ہوں ‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ ہم سے اور ہماری پریشانیوں سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ ہم ان کی ہمت کو سلام کرتے ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ نصف اپریل سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرر ہے ہیں جس کی وجہ سے پولیس نے اب تک ایک ہزار سے زائد طلبہ کو حراست میں لیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ: پولیس نے ۳۰؍ یونیورسٹیوں اور کالج کے ایک ہزار ۶۰۰؍ سے زائد طلبہ کو حراست میں لیا

طلبہ کا یونیورسٹیوں اور کالج سے مطالبہ ہے کہ وہ ایسی کمپنیوں کے ساتھ علاحدگی اختیار کریں جو اسرائیل کے ساتھ بزنس کر رہی ہیں۔ 

فلسطینی بچہ بینر کے ساتھ۔ تصویر: ایکس
یاد رہے کہ اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ۳۴؍ ہزار فلسطینی جاں بحق جبکہ ۷۷؍ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اب تک غزہ کی ۸۵؍ فیصد آبادی بے گھرہو چکی ہے جبکہ آدھی آبادی غذا، صاف پانی اور دیگر بنیادی چیزوں کی قلت کا سامنا کر رہی ہے۔ اسرائیل نے سرحدیں بلاک کر دی ہیں جس سے غزہ میں انسانی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 

امریکی طلبہ فلسطینی پرچم کے ساتھ۔ تصویر: ایکس

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK