Updated: November 26, 2026, 8:06 PM IST
| New Delhi
ہندوستان کے مقامی ٹی ۲۰ ؍کرکٹ ٹورنامنٹ سید مشتاق علی ٹرافی ۲۰۲۶ء میں محمد اظہرالدین کی شاندار سنچری کی بدولت کیرالا نے سپر لیگ مرحلے میں جگہ بنالی۔ اظہرالدین نے محض ۵۷ ؍گیندوں پر ۱۰۱ ؍رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد اظہرالدین۔ تصویر:ایکس
ہندوستان کے مقامی ٹی ۲۰ ؍کرکٹ ٹورنامنٹ سید مشتاق علی ٹرافی ۲۰۲۶ء میں محمد اظہرالدین کی شاندار سنچری کی بدولت کیرالا نے سپر لیگ مرحلے میں جگہ بنالی۔ اظہرالدین نے محض ۵۷ ؍گیندوں پر ۱۰۱ ؍رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ کیرالا نے ہماچل پردیش کو ۶۷ ؍رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ دوسری جانب دہلی نے ریلوے کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا، ودربھ نے چھتیس گڑھ کو ۳۴ رنز سے شکست دی، جبکہ راجستھان نے بنگال کو چھ وکٹوں سے ہرا کر سپر لیگ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
موہالی کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں کیرالہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۴ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۶۸ ؍رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور کیا۔ یہ سید مشتاق علی ٹرافی کی تاریخ میں کیرالہ کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔محمد اظہرالدین نے ۵۷ ؍گیندوں پر ۱۰۱ ؍رنز بنائے، جس میں ۸ ؍چوکے اور ۶ ؍چھکے شامل تھے۔ انہوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور محض ۲۷؍گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرلی۔ اظہرالدین نے روہن کنّومنل کے ساتھ اننگز کا تیز رفتار آغاز کیا۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے صرف ۴ء۱ ؍اوورس میں ۵۰ ؍ رنز مکمل کرلیے۔ کنّومنل ۱۶ ؍گیندوں پر ۳۵ ؍رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کپتان سنجو سیمسن نے اظہرالدین کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان اہم شراکت قائم ہوئی۔ سیمسن نے ۴۰ ؍گیندوں پر ۷۷ ؍رنز بنائے، تاہم وہ ۲۱ ؍گیندوں پر ۴۴ ؍رنز بنانے کے بعد ۱۳؍ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ اظہرالدین ۱۸؍ویں اوور میں آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے بعد عبدالباسط نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے اسی اوور کی مسلسل چار گیندوں پر باؤنڈریز لگائیں۔ باسط نے صرف ۵؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۴ ؍رنز بنائے، جبکہ سلمان نزار نے ۱۵ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۶ ؍رنز کا تعاون دیا۔ اس طرح کیرالا نے ۲۶۸ ؍رنز کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔
یہ بھی پڑھئے:سیمی فائنل میں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پرعزم
۲۶۹؍ رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ہماچل پردیش کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ کیرالا کے گیند باز ایم ڈی ندھیش اور کے ایم آصف نے ابتدائی دو اوورس میں ہی آیوش جم وال اور ویبھو شرما کو آؤٹ کرکے مخالف ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔کپتان پکھراج مان نے ۱۶ ؍گیندوں پر ۲۹ ؍رنز بنائے، جبکہ ایکانت سین نے بھی مزاحمت کی۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے ۵۰ ؍رنز کی شراکت قائم ہوئی، لیکن ویشاکھ چندرن نے یہ سلسلہ توڑ دیا۔ اس کے بعد عبدالباسط نے نہال وڈھیرا کو آؤٹ کرکے ہماچل پردیش کی مشکلات مزید بڑھادیں۔ویبھو کالٹا نے ۵۷ ؍رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ایکانت سین نے ۳۹، آریامن سنگھ نے ۳۰ ؍اور سروچ نے ۲۹ ؍رنز بنائے، لیکن پوری ٹیم مقررہ ہدف سے کافی دور رہی۔ ہماچل پردیش نے ۶ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۰۱؍رنز بنائے۔ ویشاکھ چندرن نے کیرالا کی جانب سے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح کیرالا نے ۶۷ ؍رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر لیگ میں جگہ بنالی۔ ایلیٹ گروپ سی سے آندھرا کے بعد کوالیفائی کرنے والی کیرالا دوسری ٹیم بن گئی۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی وی ایس میں وراثت کی جنگ: لکشمی وینو نے اپنے ہی والد کو عدالت میں کیوں گھسیٹا؟
اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں دہلی نے ریلوے کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔ ریلوے کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۱۲۲ ؍رنز پر سمٹ گئی۔ دہلی کے گیند باز سویش شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۴ ؍رنز دے کر ۳ ؍وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راج نیش دادڑ نے ۳۰ ؍رنز کے عوض ۳ ؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں دہلی کے نوجوان بلے باز پریانش آریہ نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ۳۰ ؍گیندوں پر ناقابلِ شکست ۵۶ ؍ رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بلے باز تیجسوی داہیا نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف ۱۶ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۴۲ ؍رنز اسکور کیے۔ دہلی نے محض ۱۱ء۱؍ اوورس میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، یعنی اس کے پاس ۸ء۵؍ اوورس باقی تھے۔اس کامیابی کے ساتھ دہلی نے سپر لیگ میں اپنی جگہ تقریباً یقینی بنالی۔ ایلیٹ گروپ بی سے دوسری ٹیم کے طور پر کوالیفائی کرنے کے لیے پنجاب اور سوراشٹر کے درمیان مقابلہ باقی رہا۔