گلوبل ٹائمز نے اسے مغربی ممالک کا دہرا رویہ قرار دیا، کہا: اگر یہ ہندوستان کے دوست نہیں ہوتے تومذمت کرنے میں ایک منٹ نہیں لگاتے۔
EPAPER
Updated: September 25, 2023, 12:59 PM IST | Agency | Beijing
گلوبل ٹائمز نے اسے مغربی ممالک کا دہرا رویہ قرار دیا، کہا: اگر یہ ہندوستان کے دوست نہیں ہوتے تومذمت کرنے میں ایک منٹ نہیں لگاتے۔
دہشت گرد نجّر کی ہلاکت پر ہندوستان اور کنیڈا کے درمیان جاری کشیدگی کے بارےمیں امریکہ،برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک براہ راست کچھ کہنےسےگریزکر رہے ہیں ۔ امریکہ سمیت کوئی بھی ملک نہیں چاہتاکہ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت اورایک بڑی طاقت کے طور پر ابھرنے والے ہندوستان کےبارے میں کوئی سخت تبصرہ کیاجائے۔ان کی کنیڈا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری بھی ہے۔ اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پورے نجر کیس میں مغربی ممالک کی ایجنسیوں کا کوئی ہاتھ نہیں تھالیکن کسی دوسرےملک نے ہندوستان پربراہ راست الزام نہیں لگایا۔ چین کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔ مغربی ممالک کی خاموشی دیکھ کر چینی میڈیامشتعل ہے اور ان پر اپنے مفادات کی تکمیل کا الزام لگا رہا ہے۔
چین کےترجمان گلوبل ٹائمز نے لکھا کہ یہ مغربی ممالک کا دہرا رویہ ہے۔ اگر یہ ملک ہندوستان کے دوست نہیں ہوتے تو حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کاالزام لگانے اور مذمت کرنےمیں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کرتے۔ مغربی ممالک کی یہ اجتماعی خاموشی ظاہرکرتی ہے کہ ان کے اتحادمیں بھی مضبوطی نہیں ہے۔امریکہ کے مفادات کے سامنے کسی کے بھی اصول اور اخلاقیات کی کوئی اہمیت نہیں ۔ چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ فائیو آئیز الائنس میں شامل کن ممالک نے نجر کے قتل کے حوالے سے کنیڈا کو معلومات دی تھیں ۔
چینی میڈیانےکہا ہے کہ مغربی ممالک مخمصے میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ایک طرف ان کا قریبی اتحادی کنیڈاہےتو دوسری طرف ہند بحرالکاہل خطے کی حکمت عملی میں ہندوستان کو اہم مقام حاصل ہے۔ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا روس کو تنہا کرنے اور چین کو روکنےکیلئے ہندوستان سے دوستی نبھانے میں مصروف ہیں ۔چینی میڈیا کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی وہ تصویر بھی ناگوار گزری جو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کی تھی۔ اس میں ان کے ساتھ جاپان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ کنیڈاکے وزیراعظم کی جانب سے نجرکے قتل کے حوالے سے ہندوستان پر بے بنیاد الزامات لگانےکے بعد ہندوستان نے بھی سخت جواب دیا ہے۔پہلی کارروائی کے طور پر ہندوستان میں کنیڈا کے سفیر کو طلب کیا گیا اور ان کے سفارت کارکو ملک بدر کر دیاگیا۔اس کے بعد ہندوستان نے کنیڈین شہریوں کے ویزوں پر بھی پابندی لگا دی۔ ہندوستان اور کنیڈاکے درمیان تجارت بھی ٹھپ ہوگئی ہے۔ کنیڈا کو توقع نہیں ہوگی کہ ہندوستان اس کا اس طرح جواب دے گا۔ دوسری طرف چین ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ہضم نہیں کر پا رہا اور اپنا غصہ مغربی ممالک پر نکال رہا ہے۔