• Wed, 29 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امرت کال سے متعلق ویسٹرن ریلوے میں مسافروں سے ’امرت سمواد‘

Updated: October 29, 2025, 11:20 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

باندرہ ٹرمنس پر ڈویژنل ریلوے منیجر نے کہا: ۲۰۴۷ء میں ملک کو ترقی کی اعلیٰ منزل پر پہنچانے کے وزیراعظم کے ویژن کے مطابق عوام سے ۵؍عہد لینا اور تعمیر وترقی میں ان کی شراکت بنیادی مقصد ہے۔مسافروں کی پریشانی پرخاموشی.

A senior officer of Western Railways at Bandra Terminus talking to passengers. Photo: INN
باندرہ ٹرمنس پرویسٹرن ریلوے کا اعلیٰ افسر مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
 ویسٹرن ریلوے کےممبئی ڈویژن میں خصوصی مہم کے تحت باندرہ ٹرمنس پرمسافروں کے ساتھ ’امرت سمواد‘ کیا گیا۔  یہ پروگرام امرت کال کے تصور اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن پر۵؍ قراردادوں اور عہد پر مبنی تھا۔ اس باہمی گفت وشنید کا بنیادی مقصد ملک کی تعمیر و ترقی اور خاص طور پر۲۰۴۷ء میں جب آزادیٔ وطن کے ۱۰۰؍ سال مکمل ہوں گے ، ملک کو ترقی کی اعلیٰ منزل پرلے جانے میں عوام کی شراکت اوران کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے۔امرت کال میں شہریوں کی فعال شرکت کو یقینی بنانا، خدمات کے معیار، مسافروں کی سہولت اور مجموعی طور پر اطمینان بخش سفر کو مزید بہتر بنانے کے لئے مسافروں سے مشورہ بھی لیا گیا۔
اس مذاکرے کی سربراہی ڈویژنل ریلوے منیجر پنکج سنگھ نے کی۔انہوں نے گفت وشنید کے دوران کئی مسافروں سے ذاتی طور پر بات چیت کی۔ ڈی آر ایم نے مسافروں کے سوالات اور ان کی قیمتی تجاویز سنیں اور مسافروں کی سہولت کے تعلق سے اہم مسائل پر کھلے مکالمے کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ 
مسافروں نے مفید معلومات اور مشورے دیئے، بالخصوص مسافروں کی سہولت میں اضافہ اور تہواروں کے موسم میںاضافی ٹرین خدمات کے تعلق سےاپنی رائے دی اور بہتر سہولیات مہیا کرانے کا مطالبہ کیا۔ اتنا ہی نہیں کئی مسافروں نے دیوالی اور چھٹھ وغیرہ میں پیدا شدہ حالات پر بھی ڈی آرایم کو متوجہ کیا اوربہترسہولت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔اس پر ڈی آر ایم نے مسافروں کو یقین دلایا کہ ہندوستانی ریلوے مسلسل بہتری، مسافروں کی حفاظت، راحت رسانی اور اعلیٰ معیار کے سفری تجربے کو یقینی بنانے کےلئے مسلسل کوشاں ہے اور نئے تجربات بھی کئے جارہے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہاکہ ’’امرت سمواد‘ پہل ۲۰۴۷ءتک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے وزیراعظم نریندر مودی کے قومی ویژن کے مطابق عوامی شراکت، خدمات کی تبدیلی اور شفافیت کے لئے ویسٹرن ریلوے کوشاں ہے اور اپنا ہدف پورا کرنے کو یقینی بنانے کےلئے ہر پہلو سے سنجیدگی اور توجہ کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اگر عوام کا تعاون حاصل رہا توآسانی سے منزل تک پہنچا جاسکے گا۔‘‘  
واضح ہوکہ ایک جانب  ۲۲؍ سال بعد کے لئے ابھی سے ’سمواد‘ کیا جارہا ہے اور دوسری جانب دیوالی اورچھٹھ وغیرہ میں آبائی وطن پہنچنے کیلئے  پریشان حال مسافروں کے مسائل پر توجہ نہیںدی گئی ۔جن دقتو ں کے ساتھ مسافر اپنی منزل تک پہنچے، دوسروں سے زیادہ بہترطریقے سےاس سے ریلوے انتظامیہ واقف ہے۔ نوبت یہاں تک پہنچی کہ کا مکھیا ایکسپریس ۲۶؍ اکتوبر کو روانہ ہی نہیںکی گئی، اسے ری شیڈول کرکے ۲۷؍ اکتوبر کو۲۹؍ گھنٹے کے بعد اگرتلہ کیلئے روانہ کیا گیا مگرڈھنڈورا ۲۰۴۷ء کیلئے پیٹا جارہا ہے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK