Updated: July 04, 2025, 12:19 AM IST
| New Delhi
جے رام رمیش نے الزام تو یہی لگایا ہے، کہاکہ جیسے ’’نوٹ بندی‘‘ نے معیشت کو تباہ کیا ویسے ہی’’ ووٹ بندی ‘‘جمہوریت کو ختم کردے گی ، پون کھیڑ ا اوربہارکانگریس کے صدر راجیش کمار کی پریس کانفرنس میں کہاگیا کہ بہار کے کم از کم ۲۰؍ فیصد ووٹرس کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا خطاب کرتے ہوئے۔ ساتھ میں راجیش کمار اور کرشن الاورو۔(پی ٹی آئی )
کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے جائزے (ایس آئی آر) کے خلاف آواز اٹھانے والے ’انڈیا‘ اتحاد کے نمائندوں سے من مانا رویہ اختیار کر رہا ہے، جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے اس رویے کو جمہوریت کی بنیادوں کو کمزور کرنے والا قرار دیا۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں طنز کیا کہ ’’آخر اس نئے الیکشن کمیشن کے کتنے ’ماسٹر اسٹروک‘ باقی ہیں؟‘‘ ان کے بقول، جب وفد نے ان اصولوں کو من مانی اور مبہم کہا تو کمیشن کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ’یہ نیا کمیشن ہے‘، جو مزید تشویش کا باعث ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی پوسٹ کیا کہ جس طرح سے نوٹ بندی نے ملک کی معیشت کو برباد کردیا اسی طرح الیکشن کمیشن کی یہ ووٹ بندی ملک کی جمہوریت کو ختم کردے گی۔ کمیشن کو اس بارے میں غور کرنے کی ضرورت ہے کہ کہیں وہ بی جے پی کی بی ٹیم تو نہیں بنتا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ووٹرس لسٹ کے دوبارہ جائزہ کو بہار میں برسراقتدار پارٹیاں جے ڈی یو اور ایل جے پی ضروری تو قرار دے رہے ہیں لیکن یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اس میں کافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو ۔
کانگریس پارٹی کی پریس کانفرنس
اس سلسلے میںنئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی ترجمان پون کھیڑا،بہار کانگریس کے صدر راجیش کمار اورریاست کیلئے پارٹی کے انچارج کرشن الاورو نے الیکشن کمیشن کے رویہ پر سخت تنقید کی۔پارٹی نے کہا کہ بہار کے ۲۰؍ فیصد رائےدہندگان کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کانگریس قطعی برداشت نہیں کرے گی۔ پون کھیڑا نے کہا کہ ہمارے کچھ بااختیار لوگ الیکشن کمیشن کو خط بھیجتے ہیں اور جب ہم ان سے ملنے جاتے ہیں تو چیف الیکشن کمشنر دھمکی آمیز لہجے میں کہتے ہیں کہ یہ نیا الیکشن کمیشن ہے اورالیکشن کمشنر یہ فیصلہ کریں گے کہ وہ کس کانگریسی لیڈر سے ملیں گے۔انہوںنے حیرانی ظاہر کی کہ جب راہل گاندھی یا ملکا رجن کھرگے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں ووٹر لسٹ فراہم کی جائے اور ووٹنگ کے دن کی فوٹیج فراہم کی جائے تو پھر الیکشن کمیشن کئی ماہ تک جواب نہیں دیتالیکن وہی کمیشن ایک ماہ کے اندر بہار کی پوری نئی لسٹ تیار کرے گا۔پون کھیڑانےکہا کہ ملک کے مختلف اداروں میںموجود لوگوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ جن کرسیوں پر بیٹھے ہیں،اس سے قبل ان پر زیادہ لائق اور فائق لوگ بیٹھ چکے ہیں ۔
بہار کانگریس کے صدر کا بیان
بہار کانگریس کے صدر رراجیش کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گفتگو سے اندازہ ہورہاہے کہ بہار میں ۲۰؍فیصدرائے دہندگان سے ان کاحق چھین لیا جائےگا۔انہوںنے کہا کہ صرف ایک ماہ میں اتنے بڑے پیمانے پر اسپیشل انٹینسیو ریویژن کرانے کا فیصلہ کیاگیا اور اب نوٹیفکیشن کے بعد صرف۱۹؍دنوں میں یہ کام کیسے ہوجائے گا؟یہ بہار کے ووٹروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔انہوںنےکہا کہ ہرکام کیلئے آدھار ضروری ہے لیکن اسے انتخابات سے نہیں جوڑاجارہاہے۔ الیکشن کمیشن واضح طور پرشک کے گھیرے میں جو بہار کے ۲۰؍فیصد ووٹروں کو ختم کرنے کی کوشش کررہاہے۔