یہ خاتون بہار ووٹر لسٹ کو ’’غلطیوں سے پا ک‘‘کرنےکیلئے شروع کی گئی ’’خصوصی نظر ثانی مہم‘‘کی شرمناک ناکامی کی پہچان بن گئی ہے
EPAPER
Updated: August 13, 2025, 11:50 PM IST | New Delhi
یہ خاتون بہار ووٹر لسٹ کو ’’غلطیوں سے پا ک‘‘کرنےکیلئے شروع کی گئی ’’خصوصی نظر ثانی مہم‘‘کی شرمناک ناکامی کی پہچان بن گئی ہے
منگل کو جب اپوزیشن کے ایم پی منتا دیوی کی تصویر اور نام والی ٹی شرٹ پہن کر پارلیمنٹ پہنچے تو یہ خاتون یقیناً ملک بھر میں توجہ کا مرکز بن گئی۔ ذہن میں اس سوال کا اٹھنا فطری ہے کہ یہ منتا دیوی کون ہیں۔ یہ دراصل بہار کی ووٹر ہیں جو الیکشن کمیشن کے ذریعہ تیار کی گئی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں اپنی عمر کی وجہ سے موضوع ِ بحث بن گئیں۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں ان کی عمر ۱۲۴؍ سال ہے جبکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کی سب سے معمر بقید حیات خاتون برطانیہ کی ایتھل کیٹرہام ہیں۔
ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں منتادیوی کی عمر میں کی گئی غلطی الیکشن کمیشن کی خامیوں کی علامت بن گئی ہے۔ بہار کے سیوان ضلع میں رہنےوالی منتادیوی کی اصل عمر ۳۵؍ سال ہے تاہم الیکشن کمیشن نے ڈرافٹ لسٹ میں ان کا نام شامل کرتے ہوئے نہ صرف عمر میں غلطی کی ہے بلکہ ان کا نام فارم -۶؍ کے تحت شامل کیاگیا ہے جو پہلی بار بطور ووٹر اندراج کرنے کیلئے بھرا جاتا ہے۔ یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ ۳۵؍ سال کی خاتون ’’فرسٹ ٹائم ووٹر‘‘ کیسے ہوسکتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے بہار میں ووٹر لسٹ کی’’خصوصی نظر ثانی ‘‘ مہم کا بنیادی مقصد ووٹر لسٹ کو غلطیوں سے پاک کرنا بتایاہے۔ بہرحال ۳۵؍ سالہ منتادیوی بھی اپنی عمر ۱۲۴؍ سال لکھے جانے پر الیکشن کمیشن پر برہم ہیں۔ ان کے مطابق ان کی تاریخ پیدائش ۱۵؍ جولائی ۱۹۹۰ء ہے ا ورانہوں نے ووٹر لسٹ میں اپنے نام کے اندراج کیلئے اس کے دستاویز الیکشن کمیشن کو فراہم کئے ہیں۔