ٹرمپ نے ہیسٹ، وارش اور والر کو فائنلسٹ کے طور پر منتخب کیا ۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے مطالبہ کیا کہ فیڈ کے کام کاج کا مکمل جائزہ لیا جانا چاہیے - چاہے یہ شرح سود طے کرنے کا طریقہ ہو یا اس کا سیکوریٹی نظام۔
EPAPER
Updated: September 07, 2025, 3:58 PM IST | New York
ٹرمپ نے ہیسٹ، وارش اور والر کو فائنلسٹ کے طور پر منتخب کیا ۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے مطالبہ کیا کہ فیڈ کے کام کاج کا مکمل جائزہ لیا جانا چاہیے - چاہے یہ شرح سود طے کرنے کا طریقہ ہو یا اس کا سیکوریٹی نظام۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ فیڈرل ریزرو کے نئے چیئرمین کی تلاش میں ہیں۔ وہ تین حتمی امیدواروں پر غور کر رہے ہیں ، جو جیروم پاویل کی جگہ لے سکتے ہیں۔ ٹرمپ سال بھر پاویل پر تنقید کرتے رہے، کیونکہ انہوں نے ٹرمپ کے مطالبے کے مطابق شرح سود میں کمی نہیں کی۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، جو نئے فیڈرل ریزرو چیئر مین کی تلاش میں مدد کر رہے ہیں، نے کہا کہ فیڈ کی چند پالیسیاں بہت سے غلط فیصلوں کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیڈ کے کام کاج کا مکمل طور پر جائزہ لیا جانا چاہئے ، چاہے یہ شرح سود کے تعین کا طریقہ ہو یا اس کا سیکوریٹی نظام۔ آئیے جانتے ہیں کہ تین ممکنہ نام کون ہیں، جنہیں فیڈرل ریزرو کا نیا چیئرمین بنایا جا سکتا ہے ۔
کرسٹوفر والر، فیڈ گورنر
۶۶؍ سالہ کرسٹوفر والر کو ٹرمپ نے۲۰۲۰ء میں واشنگٹن میں فیڈ کے بورڈ آف گورنرز میں شامل کیا تھا۔ اس سے پہلے وہ سینٹ لوئس فیڈ میں چیف ریسرچ اکانومسٹ تھے۔ فیڈ گورنر بننے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں انہوں نے فیڈ کی آزادی پر زور دیا۔ ۲۰۲۱ء میں جب افراط زر تیزی سے بڑھ رہی تھی، انہوں نے اپنے بیشتر ساتھیوں کے سامنے شرح سود بڑھانے کی وکالت کی۔ انہوں نے دلیل دی کہ شرحیں بڑھانے سے بے روزگاری میں اضافہ ضروری نہیں ہے اور ان کی پیشین گوئی درست ثابت ہوئی۔
کیون ہیسٹ، نیشنل اکنامک کونسل کے ڈائریکٹر
۶۳؍سالہ کیون ہیسٹ اس وقت وائٹ ہاؤس میں نیشنل اکنامک کونسل کے ڈائریکٹر ہیں۔ وہ طویل عرصے سے ریپبلکن لیڈروں اور قدامت پسند تھنک ٹینکس کے مشیر رہے ہیں۔ انہوں نے ٹرمپ کی پہلی مدت(۲۰۱۷ء سے ۲۰۱۹ء تک) کے دوران اقتصادی مشیروں کی وائٹ ہاؤس کونسل کی قیادت کی۔ ان کو اس وقت ٹرمپ کی اقتصادی پالیسیوں کا ایک مضبوط حامی سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر ٹیرف کے حوالے سے۔
کیون وارش سابق فیڈ گورنر اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ہوور انسٹی ٹیوشن میں وزٹنگ فیلو
۵۵؍ سالہ کیون وارش سابق فیڈ گورنر اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ہوور انسٹی ٹیوشن میں وزٹنگ فیلو ہیں۔ انہیں۲۰۰۶ء میں صدر جارج ڈبلیو بش نے فیڈ میں تعینات کیا تھا۔ مالیاتی بحران کے دوران، وارش فیڈ چیئر بین برنانکے اور وال اسٹریٹ کے درمیان اہم رابطہ تھے۔ لیکن انہوں نےبحران سے نمٹنے کے لیے فیڈ کے مرکزی منصوبے یعنی بانڈ کی خریداری کے منصوبے سے اختلاف کیا۔ ان کا خیال تھا کہ اس پروگرام نے فیڈ کو مالیاتی پالیسیوں کے غلط شعبے میں دھکیل دیا۔ اس وجہ سے انہوں نے۲۰۱۱ء میں اپنی مدت ملازمت چھوڑ دی، حالانکہ ان کی تقرری ۲۰۱۸ء تک تھی۔