Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنیل تٹکرے نے ایساہی ٹویٹ کبھی سنگرام جگتاپ کے بیان پر کیوں نہیں کیا؟

Updated: July 01, 2026, 11:18 PM IST | Nadir | Mumbai

این سی پی کے ریاستی صدر کو اپنی ہی رکن اسمبلی ثنا ملک کا یہ سوال ’ غیر آئینی ‘ معلوم ہوا کہ جب سماج کے ہر طبقے میں خواتین پر مظالم ہیں تو مسلمانوں ہی کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے ؟

BJP did not mind Sana Malik`s statement but Sunil Tatkare did.
ثنا ملک کا بیان بی جے پی کو برا نہیں لگا مگر سنیل تٹکرے برا مان گئے

گزشتہ دنوں ناسک سے  بی جے پی کی رکن اسمبلی دیویانی فراندے نے ایوان میں سوال اٹھایا کہ مہاراشٹر میں بھی یونیفارم سول کوڈ نافذ کیا جانا چاہئےکیونکہ یہاں طلاق ثلاثہ جیسے معاملات کی وجہ سے مسلم خواتین کافی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔یونیفارم سول کوڈ کی حمایت میں انہوں نے پاکستان کی مثال دیتے ہوئے کہا ’’ پاکستان میں بھی طلاق ثلاثہ پر پابندی ہے اسلئے میرا مطالبہ ہے کہ مہاراشٹر میں بھی یونیفارم سول کوڈ نافذ کیا جائے اور اس پر بی جے پی کی حلیف این سی پی ( اجیت) کی رکن اسمبلی ثناء ملک نے اعتراض ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر مظالم ہر سماج میں ہوتے ہیں لیکن آپ لوگ صرف مسلم کمیونٹی ہی کونشانہ کیوں بناتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ’’ پاکستان نے قرآن شریف کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے طلاق ثلاثہ پر پابندی عائد کی ہے ، آپ قرآن شریف کے احکامات کے مطابق قانون بنائیے ہم اسے قبول کریں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے خواتین پر ہونے والے مظالم سے متعلق اعداد وشمار بھی ایوان کے سامنے پیش کئے اور سوال کیا کہ جب ہر سماج کے لوگ ایک سے زیادہ شادیاں کر رہے ہیں اور ہر سماج میں طلاق ہو رہی ہے تو پھر صرف مسلمانوں ہی کو نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے؟ 
 خیر توقع کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے اس بحث کے بعد کہا مہاراشٹر میں بھی یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کسی قانون کو نافذ کرنے کا مطلب کسی سماج یا کسی مذہب کو ٹارگیٹ کرنا نہیں ہے۔ ایوان میں یہ بحث تو ختم ہو گئی ۔ بی جے پی کے کسی لیڈر نے اس کے بعد ثناء ملک کے تعلق سے کچھ نہیں کہا لیکن خود این سی پی (اجیت) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے کو دیویانی فراندے کے بجائے ثناء ملک کی باتیں کمیونل اور غیر جمہوری معلوم ہوئیں۔ انہوں نے دوسرے دن ٹویٹ کیا ’’ اسمبلی میں بحث کے دوران ثنا ملک نے  تین طلاق سے متعلق جو بیان دیا ہے، وہ ان کی ذاتی رائے ہے اور این سی پی پارٹی اس مؤقف سے اتفاق نہیں رکھتی۔‘‘ تٹکرے نے کہا’’  این سی پی شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے نظریات پر یقین رکھتی ہے اور ہندوستانی آئین کے اصولوں کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین طلاق سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے اور پارلیمنٹ کے منظور کردہ قوانین ہی حتمی حیثیت رکھتے ہیں اور پارٹی ان پر مکمل عمل درآمد کی حامی ہے۔‘‘ 
 یہ وہی سنیل تٹکرے ہی جو رائے گڑھ میں پہلے اسمبلی اور اب پارلیمانی الیکشن میں مسلم ووٹوں کی بنا پر جیت کر ایوان میں پہنچتے ہیں۔ ثناء ملک نے اپنے بیان میں یہ کہیں نہیں کہا تھا کہ وہ ملک کے قانون کو نہیں مانتیں بلکہ ان کا بنیادی سوال یہ تھا کہ سماج میں خواتین پر مظالم تو ہر طبقے میں ہوتے ہیں پھر نشانہ صرف مسلمانوں کو کیوں بنایا جا رہا ہے؟ ثنا ملک کے سوال کو غلط رنگ دیتے ہوئے سنیل تٹکرے نے شاہو ، پھلے ، امبیڈکر کی روایت کا حوالہ دیا،سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کا حوالہ دیا، سنیل تٹکرے سے یہ پوچھا جانا چاہئے کہ ان کی پارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ، آئے دن مسلم دکانداروں سے خریداری نہ کرنے اور مسلمانوں کو سبق سکھانے کی جو باتیں کرتے ہیں کیا وہ آئین کے مطابق ہیں؟ کیا وہ شاہو ، پھلے ، امبیڈکر کی روایت کے خلاف نہیں ہیں؟ پھر اس تعلق سے سنیل تٹکرے نے کبھی ٹویٹ کیوں نہیں کیا؟ بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے سرعام کئی بار کہہ چکے ہیں کہ دیویندر فرنویس ہندوئوں کے وزیر اعلیٰ ہیں اور مہایوتی حکومت دراصل ہندوئوں کی حکومت ہے، کسی اسکول کا طالب علم بھی سنیل تٹکرے کو یہ بتا سکتا ہے کہ نتیش رانے کا یہ بیان آئین ہند اور بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات کے بالکل مخالف ہے، پھر اس پر سنیل تٹکرے خاموش کیوں ہیں؟انہوں نے کبھی ان کے بیانات کی مذمت کیوں نہیںکی؟ ان سب سے بڑھ کر خواتین کے تحفظ کی دہائی دینے والے سنیل تٹکرے خواتین کے ساتھ غلیظ حرکتیں کرنے والے اشوک کھرات کے پاس کیا کرنے جایا کرتے تھے؟ اس کے ساتھ کس لئے تصویریں کھنچوایا کرتے تھے؟ سنیل تٹکرے کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ آئین ہند اور بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات وہ نہیں ہیں جو آپ کہہ رہے ہیں بلکہ وہ ہیں جو ثناء ملک نے ایوان میں بیان کیا کہ جب سماج کے ہر طبقے میں خواتین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے تو صرف مسلمانوں کو نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے ؟  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK