• Fri, 09 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ضلع پریشد الیکشن کے بعد این سی پی متحد ہوگی؟

Updated: January 09, 2026, 11:35 AM IST | Mumbai

اجیت پوار نے ایک بار پھر دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد کا اشارہ دیا ، کہا’’ مجھے احساس ہے کہ دونوں طرف کے کارکنان یہی چاہتے ہیں‘‘

Ajit Pawar is no longer ruling out the possibility of both NCPs merging.
اجیت پوار اب دونوں این سی پی کے ایک ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کر رہے ہیں

کئی مقامات پر کارپوریشن الیکشن کے دوران آپس میں اتحاد کے بعد یہ سوال زور پکڑ رہا ہے کہ کیا دونوں این سی پی متحد یا ایک ہو جائیں گی؟ اب تک اجیت پوار اس سوال سے بچتے آئے تھے لیکن اب انہوں نے کچھ اشارے دینے شروع کئے ہیں جس  سے اندازہ ہوتا ہے کہ چچا بھتیجے دوبارہ ایک بھی ہو سکتے ہیں۔ایک ٹی وی چینل پر انہوں نےیہاں تک کہہ دیا کہ بجٹ اور ضلع پریشد الیکشن کے بعد وہ اس پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔  
 یاد رہے کہ این سی پی (شرد) اور این سی پی (اجیت) دونوں ہی پارٹیوں کے کارکنان کئی بار اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں سارے شکوے گلے چھوڑ کر شرد پوار اور اجیت پوار کو ایک ہوجانا چاہئے۔ البتہ اجیت پوار ہر بار اس سوال کو ٹال جاتے تھے لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے وہ اس سوال پر تفصیلی گفتگو کر رہے ہیں۔   پونے کے پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں دونوں پارٹیوں نے اتحاد کر رکھا ہے۔ پونے میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اجیت پوار نے کہا اسی نوعیت کے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’’ مجھے امید ہے کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا اسے بھلا کر اب دونوں پارٹیوں کے لیڈران متحد ہو کر کام کریں گے۔‘‘ لیکن ان کا یہ بیان پمپری چنچوڑ کارپوریشن الیکشن کے پس منظر میں تھا۔اسی دوران انہوں نے بی جے پی لیڈران پر بد عنوانی کا الزام لگایابھی لگایا تھا۔ 
 حال ہی میں انہوں نے اے بی پی ماجھا چینل کو ایک انٹرویو دیا تھا۔ اس میں جب ان سے صاف صاف پوچھا گیا کہ کیا دونوں این سی پی دوبارہ ایک ہو سکتی ہیں تو ان کا جواب تھا ’’ سچ پوچھئے تو اس تعلق سے ہم نے اب تک کچھ سوچا نہیں ہے۔ البتہ مجھے اس بات کا اندازہ ضرور ہے کہ دونوں طرف کے کارکنان چاہتے ہیں کہ ودنوں پارٹیاں ایک ہو جائیں۔ ‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’ البتہ میں اپنی سیاسی زندگی کے تجربے کی بنیاد پریہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ سیاست میں کوئی کسی کا دائمی دشمن نہیں ہوتا۔‘‘ یاد رہے کہ حال ہی میں پونے میں شرد پوار اے آئی سینٹر نامی ادارے کاافتتاح کیا گیا جس میں گوتم اڈانی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس تقریب میں پورا پوار خاندان موجود تھا۔ اس کے بعد سے یہ قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگیں کہ کیا چچا بھتیجے دوبارہ ایک ہونے جا رہے ہیں؟ 
 جمعرات کو انہوں نے ٹی وی ۹؍ کو ایک انٹر ویو دیا جس میں ان سے الگ الگ طریقوں سے یہی سوال پوچھا گیا۔ اس پر انہوں نے کہا ’’ اس وقت ہماری پوری توجہ کارپوریشن الیکشن پر مرکوز ہے۔ لہٰذا میں اس تعلق سے بھی کوئی بیان نہیں دینا چاہتا۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’  پہلے ریاست کا بجٹ پیش ہو جانے دیجئے ، اس کے بعد ضلع پریشد الیکشن ہوں گے وہ ہوجانے دیجئے۔ اس کے بعد ہی میں اس تعلق سے تفصیلی گفتگو کروں گا۔‘‘ یاد رہے کہ این سی پی کے بانی شرد پوار خود یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کی پارٹی میں بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ دونوں این سی پی ایک ہو جائیں اور ہم اقتدار میں شامل ہوں لیکن اس کا فیصلہ سپریہ سلے اور پارٹی کے دوسرے لوگ کریں گے کہ انہیں اقتدار میں شامل ہونا ہے یا اپوزیشن میں بیٹھنا ہے۔ یعنی دونوں ہی پارٹیوں میں اتحاد کی گفتگو کسی نہ کسی سطح پر جاری ہے۔ اجیت پوار کے ضلع پریشد الیکشن کے بعد اس تعلق سے گفتگو کرنے کا اشارہ دینے کے بعد میڈیا میں اس بات پر تبصرے جاری ہیں کہ کیا ضلع پریشد الیکشن کے بعد دونوں پارٹیاں ایک ہو جائیں گی؟ اگر ایسا ہونے بھی والا ہے تو لوگوں کو چند مہینے انتظار کرنا پڑے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK