• Thu, 16 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چیف جسٹس کی والدہ آر ایس ایس کے صد سالہ جشن میں شریک ہوں گی؟

Updated: September 30, 2025, 4:06 PM IST | Agency | Nagpur

کملاتائی گوئی نے خود اس تقریب میں جانے سے انکار کیا تھا لیکن ان کے بیٹے راجندر گوئی نے بیان دیا کہ وہ پروگرام میں جائیں گی۔

Chief Justice Bhushan Goyal`s mother Kamala Tai Goyal. Photo: INN
چیف جسٹس بھوشن گوئی کی والدہ کملا تائی گوئی۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ آر ایس ایس نے اپنے صد سالہ یوم تاسیس کے موقع پر  چیف جسٹس آف انڈیا بھوشن گوئی کی والدہ اور مشہور امبیڈکر وادی لیڈر  آر ایس گوئی کے بیوہ کملاتائی گوئی کو بھی مدعو کیا ہے۔ یہ پروگرام وجے دشمی کے موقع پر منعقد کیا جائے گا۔ حالانکہ کملا تائی نے واضح طور پر اس بات سے انکار کیا تھا کہ وہ آر ایس ایس کی دعوت پر اس کے یوم تاسیس کے پروگرام میں شرکت کریں گی لیکن ان کے بیٹے اور ری پبلکن پارٹی کے سربراہ راجندر گوئی نے کہا ہے کہ ان کی ماں اس پروگرام میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے تاویل پیش کی کہ آر ایس ایس کے پروگرا میں شرکت کرنا اس کے نظریات کو قبول کرنا نہیں ہوگا۔ 
  یاد رہے کہ ۵؍ اکتوبر کو وجے دشمی کے موقع پر امراوتی میں آر ایس ایس کی جانب سے ایک بڑی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ اس کے قیام کا سواں  سال ہے۔ اس موقع پر آر ایس ایس نے چیف جسٹس آف انڈیا بھوشن کمار گوئی کے والدہ کملا تائی گوئی کو بھی اس پروگرام کی دعوت دی ہے۔ نیز پروگرام  کے دعوت نامے میں بھی ان کا نام شامل کیا گیا ہے۔  یاد رہے کہ بھوشن گوئی دلت سماج سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد آر ایس گوئی کا شمار مہاراشٹر کے اہم دلت لیڈروں میں ہوتا ہے جو گورنرکے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔  ایسی صورت میں ان کی بیوہ کو آر ایس ایس کے پروگرام میں مدعو کیا جانا ایک اہم  واقعہ ہے۔ سیکولر طبقے میں ا س تعلق سے تشویش پائی جا رہی تھی۔ جب میڈیا میں اس پر تبصرے ہوئے تو خود کملا تائی گوئی نے اس پر وضاحت کی کہ ’’ میں نے کبھی بھی آر ایس ایس کے پروگرام میں شرکت کیلئے ہامی نہیں بھری ہے۔ یہ آر ایس ایس کی سازش ہے جو اس نے اپنے دعوت نامے میں میرا نام شامل کیا ہے۔ ہم کٹر امبیڈکر وادی ہیں ۔‘‘ ان کا یہ تحریری بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا لیکن اب ان کے بیٹے راجندر گوئی نے کچھ اور ہی کہانی بیان کی ہے۔ 
  راجندر گوئی نے پیر کے روز ایک ویڈیو جاری کرکے کہا ’’ کملاتائی گوئی کو آر ایس ایس کی تقریب  میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اسے کملا تائی نے قبول کیا ہے۔ وہ اس پروگرام میں شرکت کریں گی۔ ‘‘  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ اس سے قبل اس تقریب میں  راجا بھائو کھوبرگڑے اور دادا صاحب گوئی ( آر ایس گوئی)  نے بھی شرکت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری والدہ نے بھی اس دعوت نامے کو قبول کیا ہے۔ ‘‘ 
 راجندر گوئی نے وضاحت کی کہ ’’ ہمارے والد آر  ایس گوئی کے پارٹی لائن سے اوپر لوگوں سے تعلقات تھے۔ انہیں اندرا گاندھی کا قریبی سمجھا جاتا تھا جبکہ گنگا دھر فرنویس ( دیویندر فرنویس کے والد) سے بھی ان کےبھائیوں جیسے تعلقات تھے۔لیکن ان کے نظریاتی اختلافات اپنی جگہ تھے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ایک دوسرے  کے پروگراموں میں شرکت   کوئی بری بات نہیں ہے۔ اگر ہم نظریاتی اختلاف رکھنے والوں کے پروگرام میں شرکت کریں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ ہم نے ان کے نظریات کو قبول کر لیا۔ ‘‘  انہوں نے کہا ’’ کچھ لوگ ہم پر بلاوجہ تنقیدیں کر رہے ہیں لیکن ایسے لوگوں کو نظر انداز کرنا ہی بہتر ہے۔‘‘ یاد رہے راجندر گوئی سیاست داں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK