• Sun, 14 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشین کپ کوالیفائر: ہندوستان کا ایشین کپ کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا

Updated: October 15, 2025, 10:19 PM IST | Mumbai

ہندوستانی فٹ بال ٹیم ایشین کپ کوالیفائر میں سنگاپور سے ہار گئی۔ اس شکست نے ہندوستان کا۲۰۲۷ء کے ایشیائی کپ میں شرکت کا خواب توڑ دیا۔

Football Match.Photo:PTI
فٹبال میچ۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستانی فٹبال ٹیم کا اے ایف سی ایشین کپ  ۲۰۲۷ء میں شرکت کا خواب  ٹوٹ گیا ۔ منگل کو گوا میں کھیلے جانے والے ایک اہم کوالیفائر میچ میں ہندوستان کو سنگاپور کے ہاتھوں ۱۔۲؍گول  سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کے لیے میچ کا آغاز اچھا ہوا۔ ۱۴؍ویں منٹ میں لالیانزوالا چھانگٹے نے شاندار لانگ رینج شاٹ کے ذریعے ہندوستان کو برتری دلائی۔ ہندوستان  ابتدائی مرحلے میں مضبوط نظر آیا۔ انہوں نے اچھی طرح دباؤ ڈالا اور قبضہ برقرار رکھا۔ سبھاشیش بوس اورسنیل  چھیتری  نے مل کر گول کرنے کے مواقع پیدا کئے۔
سنگاپور نے پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ دیر قبل ہی برابری کر دی۔۴۲؍ویں منٹ میں سنگاپور کے کوریائی نژاد حملہ آور مڈفیلڈر سونگ یوئی ینگ نے ہندوستان کے دفاع میں ایک چھوٹی سی غلطی کا فائدہ اٹھایا اور کم شاٹ سے گول کیا۔ ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں ایک۔ ایک  گول سے برابر رہیں۔ اس کے بعد سونگ کے دوسرے گول نے سنگاپور کی جیت کو یقینی بنایا۔ دوسرا گول ۵۸؍ویں منٹ میں ہوا۔ فیفا رینکنگ میں ہندوستان۱۳۴؍ ویں اور سنگاپور۱۵۸؍ ویں نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھئے:روہت اور وراٹ کو آسٹریلیا کی سرزمین پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کا یہ آخری موقع ہو سکتا ہے: کمنس

ڈرا کے لیے بے چین، انڈیا کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے کئی تبدیلیاں کیں۔ انہوں نے لسٹن کولاکو اور سنیل چھیتری  کی جگہ رحیم علی اور اودنتا سنگھ کو لایا۔ اودانتا سنگھ اور راہل بھیکے کی شاندار کارکردگی کے باوجود، برینڈن فرنانڈیس نے۹۰؍ویں منٹ میں ہندوستان کے لیے برابری کا ایک شاندار موقع گنوا دیا۔
ہندوستان کے گروپ میں سنگاپور، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ صرف گروپ جیتنے والا ایشین کپ کے لیے کوالیفائی کرے گا۔ ہانگ کانگ اور سنگاپور۸۔۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔ ہندوستان اب تک اپنے چار میچوں میں سے دو ہار چکا ہے، دو ڈرا ہوئے ہیں۔ ٹیم کو ابھی مزید دو میچز کھیلنے ہیں تاہم ایشین کپ میں شرکت کا امکان نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK