Updated: December 09, 2025, 9:05 PM IST
| New York
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کنیڈاسے آنے والے ہندوستانی چاول اور کھاد پر نئے ٹیرف لگانے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کسان غیر ملکی درآمدات کا شکار ہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان سستے داموں چاول فروخت کر رہا ہے جس سے امریکی پروڈیوسرس کو نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے امریکی کسانوں کے لیے ۱۲؍ بلین ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر:آئی این این
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو واضح طور پر اشارہ دیا کہ وہ کنیڈا سے آنے والے ہندوستانی چاول اور کھاد پر نئے محصولات عائد کر سکتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں امریکی کسانوں کے لیے۱۲؍ بلین ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی کسان غیر ملکی درآمدات سے پریشان ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ سخت کارروائی کی جائے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان سمیت کچھ ممالک امریکہ میں چاول ڈمپ کر رہے ہیں، یعنی اسے انتہائی کم قیمت پر فروخت کر رہے ہیں، جس سے امریکی چاول پیدا کرنے والے پریشان ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیاکہ ’’وہ ایسا نہیں کر سکتے۔ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔‘‘
ہندوستانی چاول پر ٹرمپ کا سخت نقطہ نظر
امریکی کسانوں نے طویل عرصے سے شکایت کی ہے کہ ہندوستان ، ویتنام اور تھائی لینڈ سے سستے چاول ان کی مارکیٹ کو برباد کر رہے ہیں۔ چاول کی قیمتیں گر رہی ہیں اور مقامی کاشتکار پریشانی کا شکار ہیں۔ ٹرمپ نے کہاکہ ’’میں نے دوسروں سے سنا ہے کہ ڈمپنگ ہو رہی ہے۔ ہم اس کا خیال رکھیں گے۔ ‘‘اس سال کے شروع میں، ٹرمپ نے پہلے ہی ہندوستان سے آنے والی کئی اشیا پر ۵۰؍ فیصد تک ٹیرف لگا دیا تھا۔ اس کی بیان کردہ وجہ یہ تھی کہ ہندوستان امریکہ پر بھاری محصولات عائد کرتا ہے اور روس سے تیل خریدتا ہے۔ جس کے بعد چاول پر نئے ٹیرف کا قوی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھئے:`ہندوستان کو۸؍ فیصد ترقی کی شرح حاصل کرنے میں۳۰؍ سال لگیں گے : رگھورام راجن
کینیڈین کھاد کو بھی نشانہ بنایا گیا
ٹرمپ نے کنیڈا سے درآمد کی جانے والی کھاد کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’امریکہ میں استعمال ہونے والی بہت سی کھاد کنیڈا سے آتی ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم اس پر بھی بھاری محصولات عائد کر دیں گے۔ اس سے امریکہ میں کھاد کی پیداوار بڑھے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:یو اے ای کی ٹیم کا عزم، ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار
امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کا کیا ہوا؟
ہندوستان اور کنیڈا دونوں کے ساتھ تجارتی بات چیت جاری ہے، لیکن ابھی تک کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ امریکہ کا ایک وفد اس ہفتے ہندوستان کا دورہ کرنے والا ہے۔ نارتھ امریکن ٹریڈ ایگریمنٹ (یو ایس ایم سی اے) کو دوبارہ کھولنے کے لیے کنیڈا کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔