عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے جماعت اسلامی کی جانب سے سہ روزہ مہم چلائی گئی تو ریلوے اور بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ، ڈاکٹر روشن جہاں نے خواتین کا حوصلہ بڑھایا
EPAPER
Updated: March 09, 2022, 8:41 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے جماعت اسلامی کی جانب سے سہ روزہ مہم چلائی گئی تو ریلوے اور بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ، ڈاکٹر روشن جہاں نے خواتین کا حوصلہ بڑھایا
عالمی یوم خواتین پر خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف اور ان کی پزیرائی کے لئے الگ الگ مقامات پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
جماعت اسلامی کی جانب سے سہ روزہ مہم بعنوان قوموں کی عظمت تم سے ہے ، چلائی گئی تو بیسٹ اور ریلوے انتظامیہ کی جانب سے بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ جوگیشوری میں حال ہی میں قائم ہونے والی جن پریورتن پارٹی، جس میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہیں، تقریب منعقد کی گئی۔ اس میں بطور خاص ڈاکٹر روشن جہاں اور نشہ بندی منڈل کی رکن ورشا ودیا ولاس نے شرکت کی اور خواتین کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انہیں بچوں کو تعلیم دلانے کی ترغیب دلائی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے چلائی گئی مہم میں مختلف اہم شخصیات سے ملاقات، خواتین کی عظمت سے متعلق اسلامی لٹریچر کی تقسیم اور دیگر پروگرام منعقد کئے گئے۔
خواتین کی صلاحیتوں کے اعتراف کے لئے ایک دن کافی نہیں
جماعت اسلامی خواتین وِنگ کی ذمہ دار ممتاز نذیر نے کہا کہ ایک عورت اپنے گھر اور معاشرے کی ترقی کے لئے کیا رول ادا کرسکتی ہے، اسے بتانے کیلئے محض ایک دن کافی نہیں بلکہ اس کے لئے وقت درکار ہے اور اس پر مسلسل کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذہب اسلام میں مرد و عورت کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور عورت کو باقاعدہ وراثت میں بھی حصہ دار بنایا گیا ہے،کسی اور مذہب میں ایسی مثال نہیں ملتی۔ ظاہر ہے یہ عورت کے تعلق سے محض دن منانے سے ممکن نہیں بلکہ اس کا اعتراف کرنا ہوگا تبھی ممکن ہوسکے گا۔
یوم خواتین پر تعلیم کا پیغام
ٹرین حادثے میں پیروں سے معذور ہونے مگر معذوری کو رکاوٹ نہ بننے دینے والی بلند حوصلہ ڈاکٹر روشن جہاں نے جوگیشوری میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اپنے بچوں کو تعلیم دلانے اور خاص طور پر پروفیشنل کورسز کروانے کیلئے ترغیب دلائی۔ انہوں نے اپنے آپ کو بھی اس حوالے سے پیش کرکے یہ بتانے اور سمجھانے کی کوشش کی کہ خواتین کے لئے کچھ بھی مشکل نہیں، شرط صرف عزم مصمم اور یکسوئی اور انہیں موقع ملنے کی ہے۔نشہ بندی منڈل کی رکن ورشا ودیا ولاس نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کے لئے اہم ہے کیونکہ یہی موقع ہے جب ایک طرح سے ناری کی شکتی کا کھل کر اعتراف اور اس کی پزیرائی کی جاتی ہے۔ لیکن ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ ابھی ہمیں اور بہتر ڈھنگ سے اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کرانا ہے تاکہ ناری کی شکتی کو کوئی نظر انداز نہ کرسکے۔
کوئی شعبہ خواتین کی نمائندگی سے خالی نہیں
سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجر اور ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر کی اضافی ذمے داری ادا کرنے والے انیل کمار لوہاٹی نے کہا کہ یہ سچائی ہے کہ آج ریلوے کا کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ اپنی خدمات انجام نہ دےرہی ہوں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اسےمحسوس کریں اور اس کا اعتراف بھی کریں،یوم خواتین اسی اعتراف کا دن ہے۔
بیسٹ کی جانب سے کھلی ڈبل ڈیکر بس میں خواتین کی سیر کروانے کے دوران جنرل منیجر لوکیش چندر نے ان کے درمیان آکر کہا کہ مہیلا دوس ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ مہیلا کی کتنی اہمیت ہے اور اس موقع پر ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ آج خواتین نے ہر شعبے میں اپنی منفرد پہچان بنالی ہے۔ بیسٹ کے تمام شعبوں میں ان کی نمائندگی ہے۔