Updated: November 20, 2026, 10:02 PM IST
| Gaza
عالمی یومِ اطفال کے موقع پر غزہ کے سیکڑوں بے گھر فلسطینی بچوں نے ترک اسکول میں جمع ہوکر دنیا سے اپنے بنیادی حقوق کی فراہمی کی اپیل کی۔ بچوں نے تعلیم، صحت، تحفظ اور پُرامن زندگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھوک، سردی، خوف اور محرومی کے حوالے نہ کیا جائے۔ فلسطینی وزارتِ تعلیم کے مطابق غزہ میں اب تک ۲۱؍ ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
غزہ شہر میں جمعرات کو سیکڑوں بے گھر فلسطینی بچے عالمی یومِ اطفال سے قبل ترک اسکول میں جمع ہوئے اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ انہیں تعلیم، صحت اور تحفظ کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی جائے۔ یہ یکجہتی اجتماع ترک اسکول میں منعقد کیا گیا، جہاں بے گھر فلسطینی خاندان قریبی خیموں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اس اجتماع کا مقصد غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں بچوں کو درپیش سنگین انسانی، نفسیاتی اور تعلیمی مشکلات کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا تھا۔ اسکول کے احاطے کو فلسطین اور ترکی کے پرچموں اور ترک انسانی امدادی تنظیم (IHH) کے بینروں سے سجایا گیا تھا۔ بچوں نے روایتی فلسطینی کڑھائی والے لباس، کوفیہ اور اسکول یونیفارم پہن رکھے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: وزیر اعظم کی مدت کو۸؍ سال تک محدود کرنے کا بل کنیسٹ میں پیش
شرکاء نے مختلف زبانوں میں تحریر کردہ پلے کارڈز اور بچوں کی بنائی ہوئی تصویریں بھی پیش کیں، جن کے ذریعے تحفظ، تعلیم، طبی سہولیات، سلامتی اور باوقار زندگی کے حق کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر تقاریر، گیت اور مختلف پروگرام بھی پیش کیے گئے، جن میں بچوں نے عالمی برادری سے ان کا ساتھ دینے اور ان کی مشکلات کو فراموش نہ کرنے کی اپیل کی۔
فلسطینی طالبہ ماریہ ظاہر نے خبر رساں ادارے ’انادولو‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ترک اسکول میں سیکڑوں بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور ان کے خاندان قریب ہی خیموں میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ دیکھے کہ غزہ کے بچے کس حال میں ہیں۔ یہ محرومی کے شکار بچے ہیں، بھوک سے تڑپنے والے بچے ہیں، جو سردی اور دیگر بے شمار مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘ ان کے مطابق غزہ کے بچے تعلیم، صحت، تحفظ اور باعزت زندگی کا حق چاہتے ہیں۔ فلسطینی بچوں کو بھی محفوظ اور آزاد ماحول میں زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ غزہ کے بچوں کو بھی تعلیم حاصل کرنے، کھیلنے اور امن و سلامتی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ملنا چاہیے۔ ماریہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’عالمی یومِ اطفال کے موقع پر ہمیں فراموش نہ کریں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جوہری تنصیبات پر بمباری کے بعد ایران سے ان تک رسائی کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا
فلسطینی معلمہ نہلہ شہاب نے انادولو کو بتایا کہ اسکول کے قریب خیموں میں رہنے والے سیکڑوں بے گھر بچوں نے اس اجتماع میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ان بچوں نے انتہائی سخت حالات کا سامنا کیا ہے۔ انہیں بمباری، بھوک، خوف اور بچپن کے بنیادی حقوق سے محرومی جیسے مسائل جھیلنے پڑے ہیں۔ ان کے مطابق آج یہ بچے امید کے ساتھ دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں اور آزادی کی روشنی اور روشن مستقبل کے منتظر ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ایک دن دنیا ان کے حقوق پر بھی توجہ دے گی۔ نہلہ شہاب نے بچوں کے لیے تعلیم، صحت، تحفظ اور محفوظ ماحول میں زندگی گزارنے کے حق پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ کے دوران اتنی مشکلات برداشت کرنے کے باوجود یہ بچے مستقبل میں اپنے معاشرے کے رہنما اور کارآمد شہری بنیں گے۔
واضح رہے کہ عالمی یومِ اطفال ہر سال ۲۰؍ نومبر کو منایا جاتا ہے۔ جمعرات کو فلسطینی وزارتِ تعلیم نے بتایا کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اب تک غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں ۲۱؍ ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ دسیوں ہزار دیگر بچے زخمی ہوئے ہیں۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے غزہ پر جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک ۷۴؍ ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ غزہ کا تقریباً ۹۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے۔