Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورلڈ ہیریٹج ڈے پر نمائش اور مختلف تقریبات کا اہتمام

Updated: April 20, 2026, 10:22 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سی ایس ایم ٹی، بائیکلہ اور نیرل ماتھیران کا تاریخی پس منظر نمائش کا اہم حصہ تھا۔

A view of the decoration of the historic CSMT building on World Heritage Day. Photo: INN
ورلڈ ہیریٹج ڈے پر سی ایس ایم ٹی کی تاریخی عمارت کی سجاوٹ کا منظر۔ تصویر: آئی این این

سینٹرل ریلوے میں ۱۸؍اپریل کو ورلڈ ہیریٹج ڈے ہیریٹج واکس، نمائشوں اور دیگر تقریبات کے ساتھ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پر منایاگیاجو کہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کی نگرانی میں ہے۔ سینٹرل ریلوے کا یہ ہیڈکوارٹر گزشتہ ۱۳۸؍ برسوں سے ہندوستانی ریلوے کی فخر کی ایک علامت بھی ہے ۔ ثقافتی ورثے کی اہمیت اور اس کے تحفظ کی ضرورت کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے اوراس کی اہمیت کو اجاگرکرنے کےلئےانٹرنیشنل کونسل آن مونومنٹس اینڈ سائٹس (آئی سی او ایم او ایس )کے ذریعے ہر سال ۱۸؍اپریل کواس دن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ۲۰۲۶ءکا تھیم، جیسا کہ آئی سی او ایم او ایس نے تجویز کیا ہے، ’تنازعات اور آفات کے تناظر میں زندہ ورثے کے لئے ہنگامی ردعمل‘ ہے۔اس موقع پرپرتیک گوسوامی( ایڈیشنل جنرل منیجر)،سبودھ کمار ساگر( پرنسپل چیف میکانیکل انجینئر) اور ہیڈ کوارٹر اور ممبئی ڈویژن کے سینئر افسران کے ساتھ تقریب کے ایک حصے کے طور پر ایک ’ہیرییٹج واک‘ کی سربراہی کی۔اس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، سول ڈیفنس کے اراکین، اسکاؤٹس اور گائیڈز اور ریلوے کے عملہ کی ایک بڑی تعداد نے بھی حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھئے: تیسری ممبئی بسانے کیلئے ایم ایم آر ڈی اے کو رائے گڑھ میں ۲۱۶؍ ایکڑ زمین ملی 

’ہیریٹج واک‘ کا آغاز ہیریٹج گلی میں نمائش کے دورے کے ساتھ ہوا جو چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پرپلیٹ فارم ۱۴؍اور ۱۵؍ کے درمیان واقع ہے۔ اس میںتاریخی عمارت کے فن تعمیرکی نمائش کرنے والے ڈسپلے بورڈز، ریلوے اسٹیشنوں، ریلوے پلوں اور نیرل ماتھیران پر مختصر فلمیں اور پرانے ریلوے لوکوز اور کوچز کے ماڈل سمیت مختلف چیزیں شامل تھیں۔  ہیریٹیج گیلری کی دیواروں کو ٹرینوں، تاریخی عمارتوں اور مہاراشٹر کے سیاحتی مقامات کی تصاویر سے مزین کیا گیا تھا۔ اس نمائش میں مہاتما گاندھی کا ایک مجسمہ بھی رکھا گیا تھا جو مکمل طور پر ریلوے کے اسکریپ مواد سے بنا تھا۔ ’ہیریٹیج واک‘ میں ہیریٹیج میوزیم اور اسٹار چیمبر کا دورہ بھی شامل تھا۔

یہ بھی پڑھئے: کولی سماج کو دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں شامل نہ کرنے کی درخواست مسترد

ایڈیشنل جنرل منیجر نے افسران، ریلوے عملہ اور حاضرین سے ہیریٹج ریلوے اسٹیشنوں، لوکوموٹیوز کی حفاظت، ریلوے ہیریٹج کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے اور ورثے کے تحفظ کے جذبے کو برقرار رکھنے کا حلف بھی دلایا۔اس دوران یہ بھی بتایاگیا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس جو یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ ہے، فن تعمیر کاشاہکارہے، جسے برطانوی انجینئر فریڈرک ولیم سٹیونز نے ڈیزائن کیاتھا، یہ انڈو گوتھک فن تعمیر کا ایک شاندار نمونہ بھی ہے۔اس کی تعمیر ۱۸۷۸ء میںشروع کی گئی اور ۱۸۸۸ء میں ۱۶۱۳۸۶۳؍ روپے میں مکمل ہوئی۔ یہ عمارت وکٹورین گوتھک کے انداز کو مغل اور روایتی ہندوستانی تعمیرات کے ساتھ ملاتی ہےجو ہندوستان کے امیر اور متنوع ورثے کی علامت ہے۔اسی طرح بائیکلہ اسٹیشن ہندوستان کے قدیم ترین ریلوے اسٹیشنوں میں سے ایک ہے۔۱۶؍ اپریل ۱۸۵۳ء کو پرانے بوری بندر اورنئے سی ایس ایم ٹی سے تھانے تک کے پہلے تاریخی ٹرین کے سفر کا حصہ تھا۔ اب کافی قدیم ہوچکا ہے۔اس کےعلاوہ نیرل ماتھیران ریلوے ۱۱۹؍سال پرانی ہیریٹج لائن ہے۔ اسے ۱۹۰۷ء میں شروع کیاگیا تھا۔ ایڈیشنل جنرل منیجر کے مطابق ریلوے کی اس تاریخ پرہم سب بجاطور پرفْخر کرسکتے ہیں اوراس ورثے کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK