Inquilab Logo Happiest Places to Work

تیسری ممبئی بسانے کیلئے ایم ایم آر ڈی اے کو رائے گڑھ میں ۲۱۶؍ ایکڑ زمین ملی

Updated: April 20, 2026, 10:15 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پین، اُرن اور پنویل کی زمینوں پر عالمی معیار کا جدید ترین سہولیات سے لیس شہر بسانے کا منصوبہ۔ زمین مالکان نے معاہدے پر دستخط کئے۔

Photo taken at the signing of an agreement with landowners to build Mumbai 3. Photo: INN
ممبئی ۳؍ بسانے کیلئے زمین مالکان کے ساتھ معاہدے کے موقع پر لی گئی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ایم ایم آر ڈی اے نے اتوار کو اطلاع دی ہے کہ تیسری ممبئی بسانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی طرف پختہ قدم آگے بڑھاتے ہوئے’ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) کو ضلع رائے گڑھ کے پین علاقے میں ۲۱۶؍ ایکڑ زمین مل گئی ہے۔ اس تعلق سے زمین کے مالکان نے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔جس مقام پر یہ زمینیں فراہم کی گئی ہیں اسے ’رائے گڑھ پین گروتھ کوریڈور‘ کہا جارہا ہے اور مجوزہ ممبئی ۳؍ پروجیکٹ کو فی الحال ’نیو ٹائون ڈیولپمنٹ ایریا‘ نام دیا گیا ہے۔

ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعہ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق یہاں زمینوں کے مالکان نے ۱۸؍ اپریل کو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ایم ایم آر ڈی اے کے کمشنر ڈاکٹر سنجے مکھرجی کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ ان مالکان کا ان کی زمین سے مکمل طور پر حق ختم نہ ہوجائے اس کیلئے ’سڈکو‘ کی طرز پر ’لینڈ پُولنگ ماڈل‘ اپنایا جارہا ہے جس کے تحت زمین مالکان کو تعمیر کیا ہوا ۲۲ء۵؍ فیصد حصہ واپس ملے گا۔ جن افراد کی زمینیں اُرن اور پنویل میں واقع ہیں انہیں اُرن تعلقہ میںاور پین والوں کو پین تعلقہ میں ۲۲ء۵؍ فیصد جگہ دی جائے گی۔ ان وجوہات کی بنیاد پر اس علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں اپنی زمینیں اس پروجیکٹ کیلئے دینے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ زمین مالکان کی دلچسپی کی وجہ سے ممبئی ۳؍ بسانے کے پروجیکٹ کو رفتار ملی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’دراندازوں‘‘ کے نام پر سیاست کے درمیان ممبئی میں پہلا ڈٹینشن سینٹر قائم

اس جگہ پر عالمی معیار کا شہر بسانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ یہ جگہ ’اٹل سیتو‘ (ایم ٹی ایچ ایل)، نوی ممبئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور ویرار۔علی باغ ملٹی۔موڈل کوریڈور (وی اے ایم ایم سی) سے قریب واقع ہے تاکہ آمدورفت میں سہولت ہو۔

ایم ایم آر ڈی اے کا دعویٰ ہے کہ آنے والی نسلوں کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھ کر اس شہر کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اس لئے اسے ٹکنالوجی اور معاشیات کا شہر بنایا جائے گا۔ اس میں ’گلوبل کیپیبلٹی سینٹر‘ (جی سی سی)، ڈیٹا سینٹر، مائیکرو الیکٹرانک، آئی ٹی (انفارمیشن ٹکنالوجی)، بی پی او (بزنس پروسیس آئوٹ سورسنگ)، آئی ٹی ای ایس (انفارمیشن ٹکنالوجی اینیبلڈ سروسیز) اور کے پی او (نالج پروسیس آئوٹ سورسنگ)، صحت کی دیکھ بھال اور معلوماتی ضلع، رہائش، گودام اور سازو سامان کی تقسیم کے مراکز، سوشل انفرا اسٹرکچر اور ضروری ماحولیاتی نظام فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان: ہائی پروفائل ٹاؤن شپ میں پانی کی شدید قلت

سرکار کا دعویٰ ہے کہ تیسری ممبئی کے وجود سے اعلیٰ ہنر والے ۲؍ لاکھ افراد کو اچھی تنخواہوں پر براہِ راست روزگار ملے گا اور اس کے علاوہ بالواسطہ روزگار کے بھی کئی ذرائع پیدا ہوںگے۔

زمین مالکان کو مطلع کیا گیا ہے کہ ویب سائٹ www.mmrda.maharashtra.gov.in  پر ۲۷؍ اپریل سے رضامندی کے فارم دستیاب ہوں گے۔ وہ ضروری دستاویز کے ساتھ فارم کو پُر کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK