حکومت نے ایسے۹۲۹۹؍ مقامات کی نشاندہی کی ہے جو سمندری طوفان سے متاثر ہوسکتےہیں، حالات سےنمٹنے کیلئےمتعدد دستے، فورسیز اور ٹیمیں تیار۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 12:08 PM IST | Agency | Bhubaneswar
حکومت نے ایسے۹۲۹۹؍ مقامات کی نشاندہی کی ہے جو سمندری طوفان سے متاثر ہوسکتےہیں، حالات سےنمٹنے کیلئےمتعدد دستے، فورسیز اور ٹیمیں تیار۔
ادیشہ حکومت نے سمندری طوفان’ اکوان‘ سے نمٹنے کی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے ان علاقوں سے ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے جن کے طوفان سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ حکومت کی توجہ خصوصی طور پر نشان زد کئے گئے ۶۱۰۹؍ حساس مقامات اور گجپتی و کندھمال اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں واقع ان بستیوں سے لوگوں کو نکالنے پر مرکوز ہے، جہاں مٹی کے تودے کھسکنے کا خطرہ ہے۔چیف سکریٹری انو گرگ نے جمعرات کو کہا کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ طوفان سے متاثر ہونے کے خدشے والے علاقوں، نشیبی مقامات اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار پہاڑی بستیوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سمندری طوفان پوری اور گوپال پور کے درمیان سے گزرے گا۔ اس پیش نظر حکومت نے احتیاطی اقدامات تیز کردیے ہیں۔ محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے افراد میں سے۴۵؍ ہزار۳۶۴؍ گنجام ضلع اور۱۸؍ ہزارگجپتی ضلع کے رہنے والے ہیں۔ ان تمام افراد کو سمندری طوفان اور سیلاب سے بچاؤ کے۱۲۲۴؍ مراکز میں ٹھہرایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ پورسب ڈسٹرکٹ اسپتال میں ۴؍ ماہ سے سٹی اسکین مشین بند
گرگ نے خصوصی راحت کمشنر کے دفتر میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ زمینی حالات اور علاقوں کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محفوظ انخلا کا عمل جاری رہے گا۔ خاص طور پر گنجام اور کندھمال اضلاع میں پہاڑی ڈھلوانوں پر واقع دیہات سے لوگوں کو نکالنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ حکومت نے ایسے۹۲۹۹؍ مقامات کی نشاندہی بھی کی ہے جو سمندری طوفان سے متاثر ہوسکتےہیں۔
ممکنہ متاثرہ افراد کیلئے پکا ہوا کھانا، خشک راشن، پینے کا پانی، ضروری ادویات اور دیگر اشیائے ضرورت کا انتظام کیا گیا ہے۔ محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے لوگوں کی مدد کے لیے آشا اور آنگن واڑی کارکنوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ جن حاملہ خواتین کی زچگی کی متوقع تاریخ۳۰؍ نومبر کے آس پاس ہے، انہیں قریبی صحت مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ادیشہ ریپڈ ایکشن فورس کی ۶۰؍، قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی۱۴؍ اور فائر سروس کی۲۲۱؍ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ طوفان کے دوران گرنے والے درختوں اور ملبے کو ہٹاکر سڑکیں صاف کرنے کیلئے ادیشہ محکمہ جنگلات نے ۱۰۰؍ ٹیمیں تیار رکھی ہیں۔