اتر پردیش کے اسمبلی الیکشن میں بی جےپی کی شکست کا یقین ظاہر کیا، کہا ’’ اب الیکشن نہیں ہوگا، انقلاب آئے گا، تبدیلی نہیں، سیلاب آئیگا۔‘‘
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 11:57 AM IST | Agency | Rampur
اتر پردیش کے اسمبلی الیکشن میں بی جےپی کی شکست کا یقین ظاہر کیا، کہا ’’ اب الیکشن نہیں ہوگا، انقلاب آئے گا، تبدیلی نہیں، سیلاب آئیگا۔‘‘
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئرلیڈر اعظم خان نے جمعرات کوای ڈی ، سی بی آئی اور ترقیاتی اداروں کے کام کرنے کے طریقۂ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کے لوگ ان اداروں سے پریشان ہیں۔ اس دوران انہو ںنے اسدالدین اویسی پر بھی سخت تنقید کی ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے ساتھ زیادتی کی گئی اور جیل میں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔ اعظم خان نے رامپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (آر ڈی اے) کو جوہر یونیورسٹی کی عمارتیں گرانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اتھاریٹی سے اپنا مقدمہ واپس لینے کیلئے کہیں گے اور اسے بلڈوزر چلا کر یونیورسٹی کی تمام عمارتیں گرا دینے کو کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکشن ذات پات یا مذہب پر نہیں بلکہ ایشوز پر لڑا جائے گا۔ اعظم خان نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ الیکشن نہیں ہوں گے، انقلاب آئے گا، تبدیلی نہیں آئے گی، سیلاب آئے گا۔انہوںنے کہاکہ ملک آزاد ہے لیکن آئین کو قید کرلیاگیا ہے۔
ڈاسنا جیل سے رہائی کے بعد سماجوادی پارٹی کے دفتر، ٹنکی نمبر۵؍ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے یونیورسٹی کی زمین اور عمارتوں کی قیمت کا اندازہ۲۰۲۷ءمیں دہلی کے نرخوں کی بنیاد پر تقریباً۲۴۰۰؍ روپے فی مربع فٹ لگایا ہے جبکہ یونیورسٹی کا قیام۲۰۰۴ءمیں عمل میں آیا تھا۔ اس وقت زمین اور عمارتوں کی شرح تقریباً۱۲۰؍ روپے فی مربع فٹ تھی اور تعمیراتی کام میں بڑی تعداد میں لوگوں نے رضاکارانہ طور پر محنت کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: جی ٹی اے کے ذریعے جین زی کو متوجہ کرنے کا مودی کا منصوبہ، کانگریس کا طنز
انہوں نے کہا کہ رامپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا قیام بھی یونیورسٹی بننے کے تقریباً۱۰؍ سال بعد ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر مدن موہن مالویہ اور سر سید احمد خان کے زمانے میں ای ڈی ہوتی تو کیا کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) قائم ہو پاتیں؟ اعظم خان نے الزام لگایا کہ ان کے خلاف کارروائی میں ای ڈی نے عدالت کو گمراہ کیا اور دہلی سے متعلق ایک معاملے میں جیل کے اندر انگوٹھا لگوانے کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
اعظم خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بنائی گئی کالونی میں زمین کا قبضہ حکومت نے حاصل کیا تھا اور تعمیر مکمل ہونے کے بعد لوگ وہاں رہنے بھی لگے تھے لیکن اسی معاملے میں انہیں۱۰؍ سال کی سزا ہوئی اور الزام ہے کہ انہوں نے لوگوں کے مکانات گروا دیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ جیل میں غیر انسانی سلوک کے باعث ان کا وزن۲۸؍ کلوگرام کم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں تبدیلی آنے پر جیلوں کی بدانتظامی کو بھی دور کرنے کا کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی سے بڑی کوئی دولت نہیں۔ یونیورسٹی کے قیام اور تعلیم کے میدان میں کام کرنے کے بعد انہیں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اگر انہیں اندازہ ہوتا تو شاید وہ یہ راستہ نہ چُنتے۔ اپنے خاندان اور بچوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ رکشہ چلانے اوربیڑی بنانے کو ترجیح دیتے لیکن یہ نوبت نہیں آنے دیتے کہ وہ جیل جائیں۔انہوں نے کہاکہ جیل میں ایسا کھانا ملتا تھا کہ کتے بھی نہ کھائیں۔
انہوں نے کہاکہ ۵؍سال تک بیٹے کے ساتھ جیل میں رہنے اور ایک مسلمان پر مبینہ ظلم کرنے سے اگر کسی کا ووٹ بینک بڑھتا ہے تو یہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف ایک ایسے مقدمے میں بھی کارروائی کی گئی جس میں محض۱۵؍ دن کی سزا تھی، جبکہ وہ۴؍سال کی سزا کاٹ چکے تھے۔ اس کے باوجود انہیں اس معاملے میں سپریم کورٹ سے ضمانت لینی پڑی۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو نشانہ بناتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ وہ مولانا نہیں بلکہ بیرسٹر ہیں۔ داڑھی رکھنے سے کوئی مولانا نہیں بن جاتا اور نہ ہی کوئی سادھو بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اویسی رامپور آئے تھے تو ان کا گھر صرف چار قدم کے فاصلے پر تھا۔ وہ ان کے گھر آ سکتے تھے، فون کر سکتے تھے یا ان کی اہلیہ کی خیریت دریافت کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے ان کیلئے دعا کرنے کے بجائے ان کے دشمنوں کے لیے دوا کا کام کیا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لیے بغیر ریاستی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ الفاظ اور عہدے کا ایک وقار ہونا چاہیے۔ شرافت اور تہذیب کا خیال رکھتے ہوئے ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے جانے چاہئیں جن سے وقار مجروح ہو۔ ان کا اشارہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیان کی طرف تھا۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو سابق وزیر اعلیٰ ہیں،۵؍ مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور ایک معزز سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان کے قد، شخصیت اور عہدے سے ڈرتے ہیں لیکن انہیں مزید نہ ڈرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سیاسی دور میں ان کا زندہ رہنا ہی بڑی بات ہے۔کانگریس کے ساتھ سیٹوں کے سمجھوتے کو باعزت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی کانگریس اور اس کی قیادت پرانی کانگریس جیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈیا اتحاد کو ووٹ چوری کا معاملہ اور پہلےاٹھانا چاہئے تھا۔