• Tue, 16 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کہرے کا قہر، دہلی میں ۸۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ

Updated: December 15, 2025, 11:16 PM IST | New Delhi

فضائی آلودگی سے بھی قومی راجدھانی اور این سی آر کا برا حال، سپریم کورٹ بھی متاثر،ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سماعت کی ہدایت

A view of the outside of the Parliament building shrouded in fog (Photo: PTI)
کہرے میں گھری پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر کا منظر (تصویر: پی ٹی آئی)

دہلی میں ہوا کا معیار ایک عرصے سے خطرناک ہے۔ اب اسی کے ساتھ کہرے کا قہر بھی شروع ہوگیا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پیر کو۸۰؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ ۲۰۰؍ سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ اس دوران کم از کم پانچ پروازوں کا رخ قریبی شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔
 دہلی ہوائی اڈے کی جانب سے سوشل میڈیا پر دوپہر ڈیڑھ بجے کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب حالات میں بہتری آرہی ہے تاہم پہلے سے بڑی تعداد میں پرواز کے منتظر طیاروں کی وجہ سے صورتحال معمول پر آنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔اس درمیان ٹاٹا گروپ کی ایئر انڈیا نے بھی اپنی ویب سائٹ پر صبح ۱۰؍ بج کر ۴۸؍ منٹ پر پروازوں کی منسوخی کی اطلاع دی ۔ دہلی کے علاوہ شمالی ہندوستان کے دیگر شہروں سے بھی پروازوں کی منسوخی کی اطلاعات ملی  ہیں۔ اس موسم میں یہ پہلا دن تھا، جب دہلی ہوائی اڈے پر کہرے کا اثر دیکھا گیا۔
 دہلی این سی آر میں آلودگی نے لوگوں کا بُراحال کررکھا ہے۔ گویا دھیمی ہواؤں اور خراب موسم نے دہلی کو گیس چیمبر میں تبدیل کر دیا ہے۔ کہرے کی موٹی تہہ نے راجدھانی کوگھیر رکھا ہے۔ سردار پٹیل مارگ میں اے کیو آئی۴۸۳؍ درج کیا گیا ہے جو کہ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق ’شدید‘ زمرے میں آتا ہے جبکہ اکشردھام علاقے میں۴۹۳؍ اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
 اس دوران فضائی آلودگی کی وجہ سے سپریم کورٹ کا کام کاج بھی متاثر ہوا۔ چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے وکلاء اور فریقین سے کہا کہ وہ سپریم کورٹ میں درج مقدمات کی سماعت کیلئے ہائبرڈ موڈ کا استعمال کریں۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ورچوئل طورسے پیش ہونے کی سہولت فراہم کرائی ۔سپریم کورٹ کی انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک سرکیولر میں کہا گیا کہ موجودہ موسم اور فضائی آلودگی کی صورتحال کے پیش نظر چیف جسٹس نے مشورہ دیا ہے کہ اگر سہولت ہو تو بار کے ممبران اور فریقین ذاتی طور پر اپنے معاملوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہائبرڈ موڈکا فائدہ اٹھائیں۔ وکلاء اور فریقین کو سپریم کورٹ کی اس ہدایت کا مقصد ہوا کے خراب معیار سے پیدا ہونے والے خطرات کو کم کرنا ہے۔
 دہلی میں موجودہ اے کیو آئی ’سنگین‘ زمرے میں ہونے کی وجہ سے ماہرین صحت نے طویل وقت تک ایسی ہوا کے رابطے میں رہنے سے صحت کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل۲۶؍ نومبر کو چیف جسٹس سوریہ کانت نے دہلی کی آلودہ ہوا میں ایک گھنٹے کی صبح کی واک کے دوران تکلیف محسوس کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے عدالتی کارروائی کو مکمل طور پر ورچوئل موڈ میں منتقل کرنے پر غور کیا تھا۔
 فضائی آلودگی تو نہیں لیکن کہرے کا اثر دوسری ریاستوں میں بھی ہے۔ اطلاعات کے مطابقتلنگانہ میں سردی کی وجہ سے ۶؍ اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ پیر کو کشمیر میں دن بھر مطلع ابر آلود رہا۔ اسی طرح اترپردیش کے کئی اضلاع میں معمولات زندگی متاثر رہی جبکہ ہماچل میں برف باری کا انتباہ جاری کیا گیا۔

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK