• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یش پانچ بڑی زبانوں میں ۵۰ ؍کروڑ کمانے والی دو فلموں کے ساتھ پہلے ہندوستانی اداکار بن گئے

Updated: November 25, 2026, 7:03 PM IST | Mumbai

کنڑ سنیما سے ملک گیر شہرت حاصل کرنے والے اداکار یش نے باکس آفس پر ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ فلم ’’رامائن‘‘ کی غیر معمولی کامیابی کے بعد وہ ہندوستان کے پہلے اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ملک کی پانچ بڑی زبانوں میں الگ الگ ۵۰ ؍کروڑ روپے سے زیادہ کا مجموعی کاروبار کیا ہے۔

Yash.Photo:INN
یش۔ تصویر:آئی این این

کنڑ سنیما سے ملک گیر شہرت حاصل کرنے والے اداکار یش نے باکس آفس پر ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ فلم ’’رامائن‘‘ کی غیر معمولی کامیابی کے بعد وہ ہندوستان کے پہلے اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ملک کی پانچ بڑی زبانوں میں الگ الگ ۵۰ ؍کروڑ روپے سے زیادہ کا مجموعی کاروبار کیا ہے۔ اس سے قبل یش کی فلم’ ’کے جی ایف: چیپٹر ۲‘‘ یہ کارنامہ انجام دے چکی تھی، جبکہ اب ’’رامائن‘‘ نے بھی اس فہرست میں جگہ بنالی ہے۔ یش نے ایک ہی فلمی کامیابی کو دہرانے کے بجائے دو مختلف فلموں کے ذریعے پانچ زبانوں کی مارکیٹ میں اپنی مقبولیت ثابت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ویبھَو سوریہ ونشی کی ڈبل سنچری کے طوفان سے ہندوستان اے سیمی فائنل میں

اس ریکارڈ کے لیے جن پانچ زبانوں کو شمار کیا گیا ہے، ان میں ہندی، کنڑ، تیلگو، تمل اور ملیالم شامل ہیں۔ یش کی ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کے جی ایف: چیپٹر ۲‘‘ نے ان پانچوں زبانوں میں ۵۰ ؍کروڑ روپے سے زیادہ کا مجموعی کاروبار کیا تھا۔ اب’ ’رامائن‘‘ نے بھی ان تمام زبانوں میں یہ حد عبور کرلی ہے۔فلمی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق، ’رامائن‘ نے اپنی ریلیز کے ۱۹ ؍ دنوں کے اندر پانچوں زبانوں میں ۵۰ ؍کروڑ روپے کا ہندسہ پار کیا۔ اس طرح یش وہ پہلے ہندوستانی اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلمیں پانچ بڑی ہندوستانی زبانوں میں یہ سنگِ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔’’کے جی ایف: چیپٹر ۲‘‘ نے پانچوں زبانوں میں شاندار کاروبار کرکے یش کو ملک گیر سطح پر ایک بڑے اسٹار کے طور پر شناخت دلائی تھی۔ اس فلم نے ہندی میں تقریباً ۴۸۷ء۵۶؍کروڑ روپے، کنڑ میں ۱۷۰ء۷۷ ؍کروڑ، تیلگو میں ۱۳۲ء۰۲ ؍کروڑ، تمل میں ۱۱۴ء۹۴ ؍کروڑ اور ملیالم میں ۵۵ء۹۴ ؍کروڑ روپے کا مجموعی کاروبار کیا تھا۔دوسری جانب ’’رامائن‘‘ نے بھی مختلف زبانوں میں مضبوط کارکردگی دکھائی۔ اس فلم کے ہندی ورژن نے سب سے زیادہ کمائی کی، جبکہ کنڑ اور تیلگو ورژن نے بھی ۵۰ ؍کروڑ روپے کی حد عبور کی۔ تمل اور ملیالم ورژن نے بھی اپنی کمائی میں اضافہ کرتے ہوئے مطلوبہ سنگِ میل حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’ایونجرز: ڈومس ڈے‘‘ کا آخری ٹریلر جاری

’’رامائن‘‘ کی کامیابی کی ایک اہم وجہ یش کا منفرد کردار بھی ہے۔ فلم میں وہ راون کا کردار ادا کررہے ہیں، جب کہ رنبیر کپور بھگوان رام اور سائی پلوی سیتا کے کردار میں نظر آرہی ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری نتیش تیواری نے کی ہے، جبکہ اس کی تیاری میں نمیت ملہوترا کے ساتھ یش بھی شریک ہیں۔یش کے لیے یہ کردار خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ’’کے جی ایف‘‘ میں راکی کے طاقتور اور ایکشن سے بھرپور کردار کے بعد وہ ایک بالکل مختلف اور بڑے افسانوی کردار میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے اس نئے روپ نے شائقین کے درمیان فلم کے لیے دلچسپی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
فلم نے صرف ہندوستانی بازار میں ہی نہیں بلکہ بیرونِ ملک بھی متاثر کن کاروبار کیا ہے۔ دستیاب باکس آفس اعداد و شمار کے مطابق، ریلیز کے ۱۹ ؍دنوں میں ’’رامائن‘‘ کا ہندوستانی مجموعی کاروبار تقریباً ۱۱۴۱؍ کروڑ روپے اور بیرونِ ملک کمائی تقریباً ۵۶۸ ؍کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جس کے بعد اس کا عالمی مجموعی کاروبار ۱۷۰۹؍کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا۔ اس کارکردگی کے ساتھ فلم نے یش کے کیریئر میں ایک اور بڑی کامیابی کا اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK